فلم ’آرآرآر‘ پر لگاتار ہو رہی انعامات کی بارش، اب 50 فلموں کی فہرست میں ٹام کروز کو بھی پیچھے چھوڑا

برطانوی فلم انسٹی ٹیوٹ کی سائٹ اینڈ ساؤنڈ میگزین ہر سال دنیا کی 50 بہترین فلموں کی فہرست جاری کرتی ہے، اس کی تازہ فہرست میں چارلوٹ ویلس کی ہدایت کاری والی فلم ’آفٹر سن‘ کو پہلا مقام حاصل ہوا ہے۔

فلم ’آرآرآر‘، تصویر آئی اے این ایس
فلم ’آرآرآر‘، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

فلم ’باہوبلی‘ سے پوری دنیا میں شہرت حاصل کر چکے ہدایت کار ایس ایس راجامولی فلم ’آرآرآر‘ سے شہرت کی مزید اونچائیاں چھوتے ہوئے دکھائی پڑ رہے ہیں۔ اس فلم پر لگاتار انعامات کی بارش ہو رہی ہے اور تازہ ترین خبروں کے مطابق ’آرآرآر‘ نے ایک نئی کامیابی حاصل کی ہے۔ اس کا شمار عالمی سطح پر اس سال کی بہترین فلموں میں کیا جا رہا ہے۔ جونیئر این ٹی آر اور رام چرن کی اداکاری والی اس فلم نے سال کی بہترین فلموں کی گلوبل فہرست میں اپنا نام درج کرا لیا ہے۔ اس فہرست میں ’آرآرآر‘ نے ٹام کروز کی ’ٹاپ گن: میورک‘ کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

برطانوی فلم انسٹی ٹیوٹ کی سائٹ اینڈ ساؤنڈ میگزین نے فلم ’آرآرآر‘ کو 2022 کی 50 بہترین فلموں کی فہرست میں شامل کیا ہے۔ ایس ایس راجامولی کی اس تاریخی کہانی نے اس فہرست میں نواں مقام حاصل کیا ہے جو اپنے آپ میں قابل قدر کامیابی ہے۔ ٹام کروز کی ’ٹاپ گن: میورک‘ کو اس فہرست میں 38واں مقام حاصل ہوا ہے۔ اس فہرست میں شونک سین کی ڈاکومنٹری ’آل دیٹ بریڈس‘ بھی شامل ہے۔ اسے 32واں مقام ملا ہے۔


دراصل برطانوی فلم انسٹی ٹیوٹ کی سائٹ اینڈ ساؤنڈ میگزین ہر سال دنیا کی 50 بہترین فلموں کی فہرست جاری کرتی ہے۔ اس کی تازہ فہرست میں چارلوٹ ویلس کی ہدایت کاری والی فلم ’آفٹر سن‘ کو پہلا مقام حاصل ہوا ہے۔ یہ فلم والد اور بیٹی کے رشتوں پر مبنی ہے۔

جہاں تک فلم ’آرآرآر‘ کا سوال ہے، یہ 4 مارچ 2022 کو ریلیز ہوئی تھی۔ فلم کو تیلگو، تمل، کنڑ، ملیالم اور ہندی زبان میں ریلیز کیا گیا تھا۔ فلم کی کہانی 1920 کی دہائی کی ہے جس میں دو ہندوستانی انقلابیوں الوری سیتارام راجو اور کومارام بھیم کو دکھایا گیا ہے۔ اس فلم میں عالیہ بھٹ بھی نظر آئی ہیں اور اجئے دیوگن نے کیمیو کردار نبھایا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔