اداکارہ تاپسی پنو پر ہندو طبقہ کے مذہبی جذبات کو مجروح کرنے کا الزام، اندور کے تھانہ میں شکایت درج
مدھیہ پردیش پولیس کا کہنا ہے کہ انھیں اداکارہ تاپسی پنو کے خلاف ایکلویہ گور کی طرف سے مذہبی جذبات اور مذہب کی شبیہ کو مجروح کرنے کی شکایت ملی ہے۔
’پنک‘، ’حسین دل ربا‘ اور ’من مرضیاں‘ جیسی فلموں میں اپنی اداکاری سے لوگوں کا دل جیت چکی مشہور بالی ووڈ اداکارہ تاپسی پنو پر مذہبی جذبات مجروح کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں اندور کے چھتری پورہ پولیس تھانہ میں شکایت درج کرائی گئی ہے۔ شکایت دہندہ کے مطابق اداکارہ نے ریڈ نیک لائن ڈریس کے ساتھ سونے کا بھاری ہار گلے میں پہنا تھا، جس میں ماں لکشمی کی مورتی بنی ہوئی تھی۔
دراصل تاپسی پنو نے 14 مارچ کو ممبئی میں منعقد لیکمے فیشن ویک میں ریمپ واک سے ایک تصویر اور ایک ویڈیو اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر اَپلوڈ کی تھی۔ اس پر مذہبی تنظیم ’ہند رکشک سنگٹھن‘ نے اعتراض کیا ہے اور تاپسی پنو کے خلاف ہندو طبقہ کے مذہبی جذبات مجروح کرنے اور فحاشی پھیلانے کا الزام عائد کیا ہے۔
یہ الزام ’ہند رکشک سنگٹھن‘ اندور کے کنوینر ایکلویہ سنگھ گور نے عائد کیا ہے جو بی جے پی رکن اسمبلی مالنی گور کے بیٹے ہیں۔ پولیس نے اس تعلق سے کہا کہ انھیں اداکارہ تاپسی پنو کے خلاف ایکلویہ گور کی جانب سے مذہبی جذبات مجروح کرنے اور مذہب کی شبیہ کو ٹھیس پہنچانے کی شکایت ملی ہے۔ پولیس فی الحال شکایت کی جانچ کر رہی ہے۔ ابھی اس پر کوئی ایف آئی آر درج نہیں کی گئی ہے۔ پولیس نے بتایا کہ جانچ کے بعد اس معاملے میں مناسب اقدام کیے جائیں گے۔ قابل ذکر ہے کہ تاپسی نے ابھی تک قانونی کارروائی پر کوئی رد عمل یا بیان جاری نہیں کیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔