فلم ’آرآرآر‘ کو گولڈل گلوب ایوارڈس 2023 کے لیے 2 کیٹگری میں ملی نامزدگی، عالیہ بھٹ خوشی سے جھوم اٹھیں

فلم ’آرآرآر‘ ایسی تنہا ہندوستانی فلم ہے جس نے بین الاقوامی ایوارڈ کیٹگری میں اپنی جگہ بنائی ہے۔ گولڈن گلوب ایوارڈ تقریب 10 جنوری کو لاس اینجلز میں منعقد کیا جائے گا۔

فلم ’آرآرآر‘، تصویر آئی اے این ایس
فلم ’آرآرآر‘، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

فلم ’آرآرآر‘ کی کامیابی نے اب تک کئی ریکارڈ اپنے نام کر لیے ہیں۔ اب اس فلم پر انعامات کی بارش کا سلسلہ بھی شروع ہو چکا ہے۔ ایسے میں مزید ایک خوشخبری سامنے آئی ہے کہ ایس ایس راجامولی کی اس فلم کو دنیا بھر میں مشہور ’گولڈن گلوب ایوارڈس‘ کے 2 کیٹگری میں نامزدگی ملی ہے۔ اس خبر سے ’آرآرآر‘ کے اداکار و دیگر منسلک شخصیات میں خوشی کا ٹھکانہ نہیں ہے۔ سبھی راجامولی کو اس کے لیے مبارکباد پیش کر رہے ہیں۔ پربھاس، شیکھر کپور اور کرن جوہر جیسی فلمی ہستیوں نے بھی راجامولی کو سوشل میڈیا کے ذریعہ مبارکباد پیش کی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم ’آرآرآر‘ میں اہم کردار نبھانے والی اداکارہ عالیہ بھٹ ’گولڈن گلوب ایوارڈس 2023‘ میں فلم کو نامزدگی ملنے کے بعد خوشی سے جھوم اٹھی ہیں۔ انھوں نے اس خبر کو اپنے ٹوئٹر ہینڈل سے شیئر کرتے ہوئے کئی سارے ’ہارٹ اموجی‘ لگائے ہیں۔ اس فلم میں کام کرنے والے مشہور اداکار جونیئر این ٹی آر نے بھی ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں لکھا ہے ’’خوش ہوں کہ فلم ’آرآرآر‘ کو گولڈن گلوب ایوارڈس میں دو کیٹگریز میں نامزد کیا گیا ہے۔ ہم سبھی کو مبارکباد۔‘‘


قابل ذکر ہے کہ فلم ’آرآرآر‘ کو بیسٹ نان انگلش لینگویج فلم کیٹگری میں نامزدگی ملی ہے، اور اس کے ساتھ ہی فلم کے نغمہ ’ناٹو-ناٹو‘ کو بیسٹ آریجنل سانگ کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔ ’گولڈن گلوب ایوارڈ 2023‘ سے قبل اس فلم کے لیے ہدایت کار ایس ایس راجامولی کو نیویارک فلم کریٹکس سرکل بیسٹ ڈائریکٹر کا ایوارڈ مل چکا ہے۔

واضح رہے کہ فلم ’آرآرآر‘ ایسی تنہا ہندوستانی فلم ہے جس نے بین الاقوامی ایوارڈ کیٹگری میں اپنی جگہ بنائی ہے۔ گولڈن گلوب ایوارڈ تقریب 10 جنوری کو لاس اینجلز میں منعقد کیا جائے گا۔ ایسے میں امید کی جا رہی ہے کہ فلم ’آرآرآر‘ ضرور کچھ بڑا دھماکہ کرے گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔