مزاحیہ اداکار محمود، جنہیں بالی ووڈ میں ’ کنگ آف کامیڈی ‘ کا درجہ حاصل تھا

اپنے مخصوص انداز، ہاؤ بھاؤ اورمزاحیہ آواز سے تقریباً پانچ دہائیوں تک ہنسانے اور گدگدانے والےمحمود نے فلم انڈسٹری میں کنگ آف کامیڈی کا درجہ حاصل کیا۔

<div class="paragraphs"><p>فائل تصویر یو این آئی</p></div>

فائل تصویر یو این آئی

user

یو این آئی

اپنے مخصوص انداز، ہاؤ بھاؤ اورمزاحیہ آواز سے تقریباً پانچ دہائیوں تک ہنسانے اور گدگدانے والےمحمود نے فلم انڈسٹری میں کنگ آف کامیڈی کا درجہ حاصل کیا لیکن انہیں اس کے لئے بہت مشقت کرنا پڑی اس کے علاوہ لوگوں کی بات یہ تھی کہ نہ تو وہ اداکاری کرسکتے ہیں نہ کبھی اداکار بن سکتے ہیں۔چائلڈ ایکٹر سے مزاحیہ اداکار کے طورپر بالی ووڈ میں ایک خاص شناخت بنانے والے محمود کی پیدائش 29 ستمبر 1933 کو ممبئی میں ہوئی تھی۔ ان کے والد ممتاز علی بامبے ٹاکیز اسٹوڈیو میں کام کیا کرتے تھے۔ گھر کی مالی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے محمودنے ملاڈ اور ورار کے درمیان چلنے والی لوکل ٹرینوں میں ٹافیاں تک بیچیں۔

بچپن کے دنوں سے ہی محمود کا رجحان اداکاری کی طرف تھا اور وہ اداکار بننا چاہتے تھے۔ اپنے والد کی سفارش کی وجہ سے محمود کو بامبے ٹاکیز کی سال 1943 میں بنی فلم قسمت میں اداکار اشوک کمار کے بچپن کا رول ادا کرنے کا موقع ملا۔اسی درمیان محمود نے کارچلانے کا ہنر سیکھ لیا اور ڈائریکٹر گیان مکھرجی کے یہاں بطور ڈرائیور کام کرنے لگے کیونکہ اسی بہانے انہیں مالک کے ساتھ ہر دن اسٹوڈیو جانے کا موقع مل جاتا تھا جہاں وہ اداکاروں کو قریب سے دیکھ سکتے تھے۔ اس کے بعد محمود نے بہت سے لوگوں کے گھروں میں ڈرائیونگ کا کام کیا۔


محمود کی قسمت کا ستارہ جب روشن ہوا جب فلم نادان میں شوٹنگ کے دوران اداکارہ مدھوبالا کے سامنے ایک جونیئر اداکار دس بار ری ٹیک دینے کے بعد بھی اپنا مکالمہ ادا نہیں کرپارہا تھا۔ فلم ہدایت کار ہیرا سنگھ نے یہ مکالمہ محمود کو بولنے کے لئے دیا جسے انہوں نے بغیر ری ٹیک کے ایک مرتبہ میں ہی مکمل کردیا۔

اس فلم میں محمود کو 300 روپے دیئے گئے جبکہ بطور ڈرائیور محمود کو محض 75 روپے ہی ملا کرتے تھے۔ اس کے بعد محمود نے ڈرائیونگ کا کام چھوڑ دیا اور اپنا نام جونیئر آرٹسٹ ایسوسی ایشن میں لکھوا دیا اور فلموں میں کام کرنے کی ٹھان لی۔ اس کے بعد محمود بطور جونیئر آرٹسٹ فلم دو بیگھہ زمین، جاگریتی، سی آئی ڈی، پیاسا، جیسی فلموں میں چھوٹے چھوٹے رول کئے جن سے انہیں کچھ خاص فائدہ حاصل نہیں ہوسکا۔


اسی دوران محمود نے فلم مس میری کےلئے اسکرین ٹسٹ دیا لیکن وہ فیل ہوگئے۔ اس کے بعد محمود رشتے دار کمال امروہی کے پاس فلم میں کام مانگنے کے لئے گئے تو انہوں نے محمود کو یہاں تک کہہ دیا تھا کہ آپ ممتاز علی کے صاحب زادے ہیں اور ضروری نہیں ہے کہ ایک اداکار کا بیٹا بھی اداکار بنے۔ آپ کے پاس اداکار بننے کی صلاحیت نہیں ہے ۔ آپ چاہیں تو مجھ سے کچھ پیسہ لیکر کوئی الگ بزنس کرسکتےہیں۔

اس طرح کی بات سن کر کوئی بھی مایوس ہوسکتا ہے اور فلم انڈسٹری کو الوداع کہہ سکتا ہے لیکن محمود نے اس بات کو چیلنج کے طور پر لیا اور نئے جوش و خروش کے ساتھ کام کرنا جاری رکھا۔ اس دوران محمود کو بی آر چوپڑا کے کیمپ سے دعوت نامہ آیا اور محمود کو فلم ایک ہی راستہ کے لئے کام کرنے کاموقع ملا۔ لیکن محمود نے اس فلم میں اس لئے کام کرنے سے انکار کردیا تھا کیونکہ یہ فلم ان کو سفارش کی وجہ سے ملی تھی۔


سال 1961 میں محمود کو ایم وی پرساد کی فلم سسرال میں کام کرنے کا موقع ملا ۔ا س فلم کی کامیابی کے بعد بطور مزاحیہ اداکار محمود فلم انڈسٹری میں اپنی شناخت بنانے میں کامیاب رہے۔ اس فلم میں شوبھا کوٹھے کے ساتھ ان کی جوڑی بہت پسند کی گئی۔ اسی برس محمود نے اپنی پہلی فلم چھوٹے نواب بنائی۔ اسی فلم کے ذریعہ محمود نے آر ڈی برمن عرف پنچم دا کو بطو ر موسیقار فلم انڈسٹری میں پیش کیا۔
محمود نے اپنی مختلف اداکاری کے ذریعہ فلم انڈسٹری میں ایک نئی شناخت بنائی۔ ان کی معروف فلم پڑوسن کا نغمہ’ ایک چتور نار بڑ ی ہوشیار‘ آج بھی لوگوں کو یاد ہے ۔ اس کے بعد 1970 میں فلم ہمجولی میں محمود نے ایک ساتھ تین رول ادا کئے تھے۔

محمود نے اپنے فلمی کیرئیر میں تین با ر فلم فیئر ایوارڈ جیتا۔ اپنے پانچ دہائیوں پر مشتمل فلمی کیریئر میں تقریباً 300 فلموں میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھانے والے محمود 23 جولائی 2004 کو اس دنیا سے ہمیشہ ہمیشہ کے لئے رخصت ہوگئے۔