فلم ’دی کشمیر فائلس‘ کی کامیابی کے بعد وویک اگنیہوتری ’دی دہلی فائلس‘ کے لیے کمربستہ!

کچھ لوگوں نے اندازہ ظاہر کیا ہے کہ وویک اگنیہوتری فلم ’دی دہلی فائلس‘ میں دہلی کی سیاست میں اروند کیجریوال کی انٹری دکھا سکتے ہیں، یا پھر دہلی میں ہوئے فسادات کو بھی فلم کا موضوع بنایا جا سکتا ہے۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

فلم ’دی کشمیر فائلس‘ نے ریکارڈ توڑ کمائی کرتے ہوئے کامیابی کے جھنڈے گاڑ دیے ہیں۔ کشمیری پنڈتوں کی حالت زار کو ظاہر کرنے والی اس فلم کا ایک طبقہ جہاں خوب تعریف کر رہا ہے، تو وہیں ایک ایسا طبقہ بھی ہے جو اس فلم کو جھوٹ پر مبنی اور نفرت پھیلانے والا قرار دے رہا ہے۔ بہر حال، ہدایت کار وویک اگنیہوتری نے اس فلم کی کامیابی کے بعد اپنے نئے پروجیکٹ کے تعلق سے لوگوں کو جانکاری دی ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ وہ اب ’دی دہلی فائلس‘ کے نام سے فلم بنانے کی تیاری شروع کریں گے۔

وویک اگنیہوتری نے اس تعلق سے ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں انھوں نے لکھا ہے کہ ’’میں ان سبھی لوگوں کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنھوں نے دی کشمیر فائلس کو بنایا۔ گزشتہ چار سال ہم نے پوری ایمانداری کے ساتھ محنت کی۔ ہو سکتا ہے کہ میں نے آپ کے ’ٹی ایل‘ کو اسپیم کیا ہو، لیکن کشمیری ہندوؤں کے ساتھ ہوئے قتل عام اور ناانصافی کے بارے میں لوگوں کو بتانا بہت ضروری ہے۔‘‘ انھوں نے مزید لکھا کہ ’’اب وقت آ گیا ہے کہ میں اپنی نئی فلم پر کام کروں۔‘‘ اس کے بعد اپنے اگلے ٹوئٹ میں انھوں نے ’ہیش ٹیگ دی دہلی فائلس‘ لکھا۔ اس سے ظاہر ہے کہ انھوں نے اپنے نئے پروجیکٹ کا نام ’دی دہلی فائلس‘ رکھنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔


لوگ اب اس بات کو لے کر تجسس میں ہیں کہ آخر وویک اگنیہوتری ’دی دہلی فائلس‘ میں کیا دکھائیں گے۔ کچھ لوگوں نے اندازہ ظاہر کیا ہے کہ وہ دہلی کی سیاست میں اروند کیجریوال کی انٹری دکھا سکتے ہیں، یا پھر دہلی میں ہوئے فسادات کو بھی فلم کا موضوع بنایا جا سکتا ہے۔ حالانکہ اس سلسلے میں وویک اگنیہوتری نے کچھ بھی اشارہ نہیں دیا ہے۔ بہر حال، ہدایت کار وویک اگنیہوتری کے چاہنے والوں نے انھیں نئی فلم کے لیے نیک خواہشات ضرور پیش کر دی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔