اسرائیل نے بیروت کی رہائشی عمارتوں پر ڈرون فائر کیا، حملے میں 4 افراد ہلاک
اسرائیل نے بیروت کے علاقے کولا میں ایک عمارت پر حملہ کیا ہے اوراس حملے میں چار افراد ہلاک ہو گئے ہیں جب کہ متعدد افراد کے زخمی ہونے کا خدشہ ہے۔
حزب اللہ کے سربراہ نصراللہ کی ہلاکت کے بعد اسرائیل اب لبنان کے دارالحکومت بیروت کے رہائشی علاقوں پر بھی حملے کر رہا ہے۔ اسرائیل نے پہلی بار بیروت میں رہائشی عمارتوں پر ڈرون حملہ کیا ہے۔ اس حملے میں چار افراد ہلاک ہو گئے ہیں جب کہ متعدد افراد کے زخمی ہونے کا خدشہ ہے۔ اتوار کی شام سے بیروت کے مضافاتی علاقوں کے علاوہ بیروت میں بھی اسرائیلی ڈرون دیکھے جا رہے ہیں۔
اسرائیل نے بیروت کے علاقے کولا میں ایک عمارت پر حملہ کیا ہے۔ شہر کی حدود میں اس نوعیت کا یہ پہلا حملہ ہے، معلومات کے مطابق اسرائیل اب حزب اللہ کے دیگر رہنماؤں کو نشانہ بنا رہا ہے۔
ٹائمز آف اسرائیل کے مطابق اسرائیلی ڈیفنس فورس (آئی ڈی ایف) نے کہا کہ اس نے رات بھر وادی بیکا میں حزب اللہ کے درجنوں ٹھکانوں پر حملے کیے ہیں۔ آئی ڈی ایف نے کہا کہ ان کے لڑاکا طیاروں نے گزشتہ 2 گھنٹوں میں لبنان کی وادی بیکا میں حزب اللہ کے درجنوں ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ہے۔ جن اہداف پر حملہ کیا گیا ان میں راکٹ لانچر اور وہ عمارتیں شامل تھیں جہاں حزب اللہ ہتھیاروں کا ذخیرہ کر رہی تھی۔ آئی ڈی ایف نے جنوبی لبنان میں دیگر اہداف پر بھی حملے کیے جنہیں حزب اللہ اسرائیل کے خلاف دہشت گردانہ کارروائیوں کے لیے استعمال کر رہی تھی۔
آئی ڈی ایف نے کہا کہ ہمارے فضائی دفاعی لڑاکا طیاروں نے کچھ عرصہ قبل لبنان سے اسرائیلی حدود میں داخل ہونے والے مشکوک فضائی اہداف کو کامیابی سے روکا۔ آئی ڈی ایف نے کہا کہ میزائل انٹرسیپٹرز سے گرنے والے ٹکڑوں نے شمالی سرحدی شہر راموت نفتالی کے علاقے میں راکٹ سائرن کو متحرک کیا۔
رائٹرز کے مطابق پیر کی صبح بیروت کے ضلع کولا میں ایک اپارٹمنٹ کی بالائی منزل پر اسرائیلی حملہ ہوا۔ حزب اللہ کے ساتھ بڑھتی دشمنی کے بعد بیروت شہر کی سرحدوں کے اندر یہ پہلا اسرائیلی حملہ ہے۔ رائٹرز کے عینی شاہدین نے ایک دھماکے کی آواز سنی اور اوپری منزل کے ایک سوراخ سے دھواں اٹھتے دیکھا۔
سعودی عرب نے اسرائیلی حملوں کے درمیان لبنان کی حمایت کی ہے اور ملک کی "خودمختاری اور علاقائی سالمیت" کے تحفظ پر زور دیا ہے۔ سعودی وزارت خارجہ نے کہا کہ وہ لبنان میں حالیہ واقعات کو "شدید تشویش" کے ساتھ دیکھتاہے۔ تاہم سعودی عرب نے حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ کی موت کا ذکر نہیں کیا ہے۔ ساتھ ہی ایران نے اسلامی ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ لبنان کی حمایت کے لیے فوری اقدام کریں۔ (بشکریہ نیو ز پورٹل ’آج تک‘)
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔