مسقط میں مسجد پر حملے میں ہلاک ہونے والے ہندوستانی کی لاش وطن واپس بھیجی جائے گی
سفیر نے بحران کی اس گھڑی سے نمٹنے اور معصوم شہریوں کی زندگیوں کے تحفظ کے لیے عمانی سکیورٹی ایجنسیوں کی جانب سے کیے گئے فوری اقدامات کی بھی تعریف کی۔
عمان کی راجدھانی مسقط میں ہندوستانی سفارت خانے نے آج کہا کہ، سفارت خانے نے مسقط میں ایک شیعہ مسجد کے قریب پیر کے روز فائرنگ کے واقعہ میں ہلاک ہونے والے ہندوستانی شہری کی لاش وطن بھیجنے میں مکمل مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے اور سفارت خانے کے اہلکاروں نے حملے میں زخمی ہونے والے تین ہندوستانیوں سے ملاقات بھی کی ہے۔
ہندوستانی سفارت خانے نے ایک بیان میں کہا کہ سفیر امت نارنگ نے کل فائرنگ کے واقعے میں ہلاک ہونے والے ہندوستانی باشا جان علی حسین کے بیٹے توصیف عباس سے بات کی۔ سفیر نے حسین کے جسدخاکی کو ہندوستان واپس لانے کے لیے خاندان کو مکمل تعاون اور دیگر تمام مدد کی یقین دہانی کرائی۔
سفارت خانے کے اہلکاروں نے فائرنگ کے واقعے میں زخمی ہونے والے تین ہندوستانیوں سے بھی ملاقات کی ہے۔ فائرنگ کے نتیجے میں 6 افراد ہلاک اور 28 زخمی ہوگئے۔ تین زخمی ہندوستانی مسقط کے خولہ اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ سفیر نے تینوں ہندوستانیوں کے اہل خانہ سے بھی بات کی اور ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ سفیر نے بحران کی اس گھڑی سے نمٹنے اور معصوم شہریوں کی زندگیوں کے تحفظ کے لیے عمانی سکیورٹی ایجنسیوں کی جانب سے کیے گئے فوری اقدامات کی بھی تعریف کی۔امت نارنگ نے کہا کہ سفارت خانہ اس واقعہ میں اپنی جان گنوانے والے لوگوں کے اہل خانہ کے تئیں اپنی ہمدردی کا اظہار کرتا ہے اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش کرتا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔