خطبہ حج: دنیا پر مشکلات اللّٰہ کی طرف سے امتحان
شیخ عبداللہ بن سلیمان نے کہا کہ اللّٰہ ویسے تو انسان کے لیے مشکل نہیں آسانی چاہتا ہے لیکن قرآن میں ہے کہ معمولی مصیبت کا مقصد بڑے عذاب سے آگاہی ہے
مکہ مکرمہ: کورونا سے متاثر ماحول میں دوران حج یہاں مسجد نمرہ میں شیخ عبداللہ بن سلیمان نے خطبہ حج میں کہا کہ دنیا پر مشکلات اللّٰہ کی طرف سے امتحان ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللّٰہ ویسے تو انسان کے لیے مشکل نہیں آسانی چاہتا ہے لیکن قرآن میں ہے کہ معمولی مصیبت کا مقصد بڑے عذاب سے آگاہی ہے۔
خطبے میں صبر سے کام لینے کی تلقین کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اہل تقویٰ کی صفات میں اولین صبر ہے اور اللّٰہ تعالیٰ نے خوشی اور صبر دونوں میں صبر کرنے کو کہا ہے۔ صبر پر کار بند رہنے والوں کے لیے خیر کی بشارت ہے۔ حضورصلعم نے اپنی زندگی خیر کے لیے وقف کر رکھی تھی۔
حج کے رکن اعظم وقوف عرفہ کی ادائیگی کے لیے عازمین میدان عرفات میں موجود ہیں جہاں روح پرور خطبہ حج دیتے ہوئے شیخ عبداللہ بن سلیمان نے کہا کہ مسلمان ہر طرح کی بدعت اور خرافات سے دور رہیں، اللّٰہ کے حکم سے ہی مصیبتیں آتی ہیں اور دور ہوتی ہیں۔ تقویٰ اختیار کرنے والے کی ہر تنگ دستی دور کردی جاتی ہے، تقوی سے انسان برائیوں سے بچتا ہے لیکن آج بڑی تعداد میں لوگ اللّٰہ کی بندگی سے غافل نظر آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو کچھ زمین اور آسمانوں میں ہے سب اللّٰہ کا ہے۔
شیخ عبداللہ بن سلیمان نے کہا کہ عبادات سے ہی مصیبت سے چھٹکارا ملتا ہے۔ مشکلات دائمی نہیں اللّٰہ کا فرمان ہے ہر مشکل کے بعد آسانی ہے۔ قرآن مجید میں عدل و انصاف کا درس دیا گیا ہے، اللّٰہ کے احکامات پر عمل پیرا ہونا ہی تقوی ہے، اللّٰہ نے انبیاء کو تذکیہ نفس کے لیے بھیجا، اللّٰہ نے مرد وعورت کو باہمی احترام اور خیال رکھنے کا درس دیا ہے۔ اسلام نے معاشرے میں باہمی احترام اور اچھے اخلاق کا درس دیا ہے، اسلام رشتے دار، عزیز واقارب کا خیال رکھنے کابھی درس دیتا ہے، اس کے علاوہ اسلام غربا اور مساکین کے حقوق کا تحفظ رکھنے کا بھی درس دیتا ہے۔
شیخ عبداللہ بن سلیمان نے کہا کہ اسلام صدقہ وخیرات کے ذریعے مشکلات حل کرنے کا درس دیتا ہے، اسلام کسی بھی قسم کے فتنے کو پھیلانے سے روکتا ہے، اس کے علاوہ اسلامی تعلیمات ہر اس چیز سے اجتناب کا درس دیتی ہے جو انسانی صحت کے لیے مضر ہو۔ قبل ازیں مسجد الحرام میں غلاف کعبہ تبدیل کردیا گیا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔