قومی آواز بلیٹن: طوفان ’نسرگ‘ کے مدنظر باندرہ-ورلی سی لنک بند؛ لاک ڈاؤن کے دوران حادثوں میں 198 مہاجر مزدور ہلاک
ٹرمپ کے بیان کے بعد احتجاج و مظاہروں میں شدت؛ نوادہ میں منظم سازش کے تحت مسلم عورتوں کو زد و کوب کیا گیا، کانگریس کا الزام؛ کیا مودی حکومت سرکاری بینکوں کو پرائیویٹ ہاتھوں میں دینا چاپتی ہے؟
ممبئی میں طوفان کی آمد کے پیش نظر باندرہ۔ورلی سی لنک ہوا بند
مہاراشٹر کے کچھ ساحلی علاقوں میں طوفان ’نسرگ‘ کی دستک ہوئی اور اس سے قبل لینڈ فال کا سلسلہ بھی شروع ہوا۔ کئی مقامات پر زمین دھنسنے کے واقعات بھی سامنے آئے ہیں۔ ادھر طوفان کی دستک کے بعد باندرہ۔ورلی سی لنک بند کر دیا گیا۔ ادھر سوشل میڈیا پر آئی کچھ تصویروں کے مطابق ممبئی میں واقع کھار ڈانڈا میں موجود بھگوان گنیش کا مندر غرقاب ہو گیا۔
مہاراشٹر اور گجرات میں طوفان ’نسرگ‘ کے مدنظر احتیاطی اقدامات کیے گئے ہیں اور ساحلی علاقوں سے لوگوں کو محفوظ مقامات تک پہنچا دیا گیا۔ مہاراشٹر اور گجرات میں این ڈی آر ایف کی 43 ٹیمیں اس دوران الرٹ پر رہیں۔
ٹرمپ کے بیان کے بعد احتجاج و مظاہروں میں شدت
امریکہ میں سیاہ فام شہری جارج فلائیڈ کی ہلاکت کے بعد ہونے والے احتجاج و مظاہرہ کو روکنے کے لئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا فوج بھیجنے کے اصرار کے بعد احتجاج و مظاہرہ اور فسادات میں مزید شدت آگئی ہے۔ 25 مئی کو شروع ہوئے احتجاج و مظاہروں نے فساد کی شکل اختیار کرلی ہے اور یہ پورے امریکہ میں پھیل گئے ہیں۔ ٹرمپ کے سخت گیر بیان کے بعد ان میں شدت آ گئی ہے۔ کئی علاقوں سے بڑے پیمانہ پر لوٹ مار کی خبریں موصول ہو رہی ہیں۔ مظاہرین نے لاس اینجلس میں ایک شاپنگ مال کو نذر آتش کر دیا گیا اور نیویارک سٹی میں اسٹورز میں لوٹ مار کی گئی۔ ملک کے کئی شہروں میں کرفیو نافذ ہے۔
کیا مودی حکومت سرکاری بینکوں کو پرائیویٹ ہاتھوں میں دینا چاپتی ہے؟
مودی حکومت جو نجکاری پر زور دیتی رہی ہے وہ اب بینکوں کو نجی ہاتھوں میں دینے کی تیاری کر رہی ہے۔ انگریزی روزنامہ 'اکنامک ٹائمز' کی رپورٹ کے مطابق حکومت کے تھنک ٹینک نیتی آیوگ نے اس طرح کی تجویز پیش کی ہے جس پر حکومت کی جانب سے غور کیا جا رہا ہے۔ دراصل حکومت کا ماننا ہے کہ طویل مدت تک ٹیکس پیئرس کی رقم کو بینکوں کو بیل آؤٹ پیکیج دینے کے لیے استعمال نہیں کیا جا سکتا۔ قابل ذکر ہے کہ 1969 میں ملک میں بینکوں کے نیشنلائزیشن کا عمل شروع کیا گیا تھا، لیکن مودی حکومت کا شروع سے ہی سرکاری کمپنیوں کی نجکاری پر زور رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق پنجاب اینڈ سندھ بینک، بینک آف مہاراشٹر اور انڈین اوورسیز بینک کی نجکاری سے اس عمل کی شروعات کی جا سکتی ہے۔ گزشتہ کچھ سالوں میں کئی سرکاری بینکوں کا آپس میں انضمام ہوا تھا جن میں یہ تینوں ہی بینک شامل نہیں تھے۔ ایسے میں ان کی نجکاری سے ہی شروعات کی جا سکتی ہے۔
لاک ڈاؤن کے دوران حادثوں میں کم از کم 198 مہاجر مزدور ہلاک
ہندوستان میں 25 مارچ سے 31 مئی کے درمیان لاک ڈاؤن سختی کے ساتھ نافذ تھا اور اس دوران تقریباً 200 مہاجر مزدوروں کی موت گھر لوٹنے کے دوران 1461 سڑک حادثوں میں ہوئی۔ 'سیو لائف فاؤنڈیشن' کے ذریعہ جمع اعداد و شمار کے مطابق ان حادثات میں کم از کم 198 مہاجر مزدور سمیت کل 750 لوگوں کی موت ہوئی ہے۔
نوادہ میں منظم سازش کے تحت مسلم عورتوں کو زد و کوب کیا گیا: کانگریس کا الزام
بہار کے نوادہ ضلع میں مختلف بلاک کے تحت ایک ساتھ کئی گاؤں میں معمولی جھڑپ کو ایک منظم سازش کے تحت فرقہ وارانہ رنگ دے کر بے قصور مسلم عورتوں کو زد و کوب کیے جانے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کانگریس کے سینئر لیڈر اعظمی باری نے کہا کہ "یہ کیسے ہوسکتا ہے کہ ایک ہی وقت میں نوادہ ضلع کے مختلف بلاک کے کئی گاؤں میں چھوٹی چھوٹی باتوں کو لے کر فرقہ وارانہ کشیدگی ہوئی۔ یہ ایک منظم سازش معلوم پڑتی ہے۔" انہوں نے مزید کہا کہ پکڑی برانواں کے ایس ڈی پی او منوج کمار شاہا اور پٹنہ میں مامور دھرہرا گاؤں کا باشندہ پپو پاسوان کی حرکتوں نے فرقہ واریت کی ساری حدیں توڑ دیں۔ منوج کمار شاہا کی موجودگی میں گھر میں گھس کر شرپسندوں نے مسلم عورتوں کی بے رحمی سے پٹائی کی۔
واضح رہے کہ گزشتہ 31 مئی کو تقریباً 5 بجے شام میں نوادہ ضلع کے پکڑی برانواں بلاک کے تحت دھرہرا گاؤں میں کرکٹ کھیلنے کے دوران آپس میں جھڑپ ہوگئی جس نے بعد میں فرقہ وارانہ رنگ اختیار کر لیا۔ عینی شاہدین محمد صدام حسین اور محمد شمشیر حسین ولد محمد عرفان کا کہنا ہے کہ دھرہرا گاؤں میں ہی دو فرقوں کے لڑکوں کے درمیان دوستانہ کرکٹ میچ کھیلا جا رہا تھا۔ چوکا اور چھکا کو لے کر دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے درمیان نوک جھونک شروع ہو گئی۔ اسی دوران پٹنہ میں مامور اسی گاؤں کا ایک پولس اہلکار پپو پاسوان، جو چھٹی پر اپنے گاؤں آیا ہوا تھا، وہ رمبھو ساؤ اور کلدیپ یادو کو لے کر وہاں پہنچا اور مسلمانوں کے ساتھ گالی گلوچ کرتے ہوئے اپنے حمایتیوں کے ساتھ مسلم مخالف نعرہ بازی کرنے لگا۔ انھوں نے مسلمانوں کے گھروں پر سنگ باری بھی شروع کردی جس کی وجہ سے پورے معاملہ نے فرقہ وارانہ فساد کی شکل اختیار کر لی۔
روس نے کیا کورونا ویکسین تیار کرنے کا دعوی
کورونا وبا کے علاج کے لئے دنیا کے بیشتر ممالک اس کی ویکسین تیار کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں۔ اسی بیچ روس کی وزارت دفاع نے دعوی کیا ہے کہ اس نے کورونا وبا سے لڑنے والی ویکسین تیار کر لی ہے۔ وزارت نے کہا ہے کہ وہ اس کا ٹرائل اپنے فوجیوں پر کر رہی ہے۔ روسی محکمہ دفاع کے مطابق 3 جون کو فوجی والینٹیرس یعنی رضاکاروں کا پہلا دستہ مرکزی ریسرچ سینٹر پہنچ گیا ہے۔ محکمہ نے بتایا کہ اس ٹرائل کے لئے 50 فوجیوں کا انتخاب کیا گیا ہے جس میں پانچ خواتین فوجی بھی شامل ہیں۔
قومی آواز کے قائین و ناظرین سے ضروری گزارش، گھر سے باہر نکلنے پر ماسک کا استعمال ضرور کریں۔ شکریہ
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔