قومی آواز بلیٹن: چین نے ہندوستان کو دی دھمکی؛ لاک ڈاؤن 5.0 کے پہلے ہی دن عوام کو لگا زبردست جھٹکا

پیش خدمت ہیں آج کی کچھ اہم خبریں: مشہور میوزک ڈائریکٹر واجد خان کے انتقال سے بالی ووڈ میں ماتم؛ کورونا انفیکشن معاملہ میں جرمنی کو پیچھے چھوڑ ہندوستان ساتویں مقام پر پہنچا

user

قومی آواز بیورو

چین نے ہندوستان کو دی دھمکی، کہا ’چین-امریکہ تنازعہ سے دور رہے ہندوستان

کورونا وائرس انفیکشن کو لے کر چین اور امریکہ کے درمیان تنازعہ بڑھتا ہی جا رہا ہے اور ایسا محسوس ہو رہا ہے جیسے یہ مسئلہ دھیرے دھیرے پوری دنیا کو 'کولڈ وار' یعنی سرد جنگ کی جانب لے جا رہا ہے۔ یہ امکان اس لیے ظاہر کیا جا رہا ہے کیونکہ چین اور امریکہ دونوں ہی اپنے موقف کو لے کر بضد ہیں اور کوئی بھی نرمی دکھانے کو تیار نہیں ہے۔ اس درمیان چین نے ہندوستان کو دھمکی دی ہے اور کہا ہے کہ ہندوستان چین۔امریکہ تنازعہ سے دور رہے۔ چین کا کہنا ہے کہ اگر ہندوستان، چین-امریکہ تنازعہ میں مداخلت کرتا ہے تو اس کو فائدہ کم اور نقصان زیادہ ہو گا۔ یہ دھمکی چینی سرکاری میڈیا 'گلوبل ٹائمز' میں شائع ایک مضمون کے ذریعہ سامنے آئی ہے۔ اس مضمون کے مطابق چین نے کہا ہے کہ کچھ ایسی طاقتیں ہیں جو حکومت ہند کو اس 'کولڈ وار' میں فریق بننے کے لئے اکسا رہی ہیں، تاکہ وہ ان حالات کا فائدہ اٹھا سکیں۔


ٹوٹ گئی مشہور میوزک ڈائریکٹر ساجد-واجد کی جوڑی، 42 سالہ واجد خان کا انتقال

بالی ووڈ کی مشہور میوزک ڈائریکٹر جوڑیوں میں سے ایک ساجد-واجد کی جوڑی واجد خان کے انتقال کے ساتھ ٹوٹ گئی ہے۔ محض 42 سال کی عمر میں واجد خان اس دنیائے فانی سے کوچ کر گئے۔ اتوار کی دیر شب طویل علالت کے بعد ممبئی میں واقع چیمبور کے سرانا سیٹھیا اسپتال میں انھوں نے آخری سانس لی۔ میڈیا ذرائع کے مطابق کڈنی اور گلے میں انفیکشن ہونے کے سبب گزشتہ تقریباً تین ماہ سے ان کا علاج اسپتال میں چل رہا تھا۔ بتایا یہ بھی جا رہا ہے کہ پچھلے تین دنوں سے واجد خان وینٹی لیٹر پر تھے اور ان کی حالت سنگین بنی ہوئی تھی۔ حالانکہ کچھ دنوں پہلے وہ کووڈ-19 کی زد میں بھی آ گئے تھے، لیکن ایسی خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ ان کی موت ہارٹ اٹیک کی وجہ سے ہوئی ہے۔ دراصل گزشتہ سال بھی واجد خان کو دل کا دورہ پڑا تھا جس کے بعد ان کی انجیوپلاسٹی کی گئی تھی۔

لاک ڈاؤن 5.0 کے پہلے ہی دن عوام کو لگا زبردست جھٹکا، رسوئی گیس کی قیمتوں میں اضافہ

کچھ دنوں پہلے ایل پی جی رسوئی گیس کی قیمتوں میں کمی سے عوام میں خوشی کا ماحول تھا، لیکن اب ایک بار پھر عوام کے لیے بری خبر سامنے آئی ہے۔ بغیر سبسیڈی والے ایل پی جی رسوئی گیس کی قیمتوں میں زبردست اضافہ کر دیا گیا ہے۔ کورونا وائرس وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے جاری لاک ڈاؤن 5.0 کے پہلے ہی دن عوام کو یہ بری خبر سننے کو مل رہی ہے۔


جرمنی اور فرانس کو پیچھے چھوڑ ساتویں مقام پر پہنچا ہندوستان

ملک میں كورونا وائرس کے نئے کیسز میں اضافہ کے ساتھ متاثرین کی کل تعداد 1 لاکھ 90 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے اور ہندوستان سب سے زیادہ متاثر ممالک کی فہرست میں فرانس اور جرمنی کو پیچھے چھوڑ کر ساتویں مقام پر پہنچ گیا ہے۔

دنیا بھر میں عالمی وبا کوروناوائرس سے مرنے والوں کی تعداد تین لاکھ 74 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے، جبکہ متاثرین کی تعداد ساڑھے 62 لاکھ سے زیادہ ہو چکی ہے۔ کورونا سے متاثر ہونے کے معاملے میں امریکہ پوری دنیا میں پہلے مقام پر ہے، جبکہ برازیل دوسرے اور روس تیسرے نمبر پر ہے۔ وہیں اس جان لیوا وائرس سے ہونے والی اموات کے مطابق امریکہ پہلے، برطانیہ دوسرے اور اٹلی تیسرے نمبر پر ہے۔ عالمی سپر پاور امریکہ میں اس وبا سے اب تک 18لاکھ سے زیادہ لوگ متاثر ہو چکے ہیں اور اس کے سبب ایک لاکھ چھ ہزار سے زائد اموات ہو چکی ہیں۔ برازیل میں کورونا نے اب تک پانچ لاکھ سے زیادہ لوگوں کو اپنی زد میں لے لیا ہے اور 29 ہزار سے زائد لوگوں کی جان لے چکا ہے۔

اب کیجریوال نے دہلی کی سرحدوں کو بند کرنے کا اعلان کیا

دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے اعلان کیا ہے کہ دہلی کی سرحدیں مزید ایک ہفتہ تک بند رہیں گی اور اس کو کس طرح سے کھولا جائے گا اس سلسلے میں انہوں نے جمعہ تک عوام سے رائے مانگی ہے۔ واضح رہے کیجریوال نے یہ اعلان اس وقت کیا ہے جب نوئیڈا، غازی آباد اور گروگرام نے پہلے ہی دہلی سے اپنی سرحودوں کو بند کیا ہوا ہے۔ اس درمیان انھوں نے دہلی میں سیلون سمیت سبھی دکانیں کھولنے کا اعلان بھی کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ دہلی میں اب سبھی دکانیں کھل سکتی ہیں کیونکہ مرکزی حکومت نے اس کی اجازت دے دی ہے۔


مغربی بنگال میں کھل گئے مندر کے دروازے، احتیاط کے ساتھ لوگوں نے کی پوجا

مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے گزشتہ دنوں یکم جون سے عبادت گاہوں کے دروازے کھولنے کا اعلان کیا تھا اور اس کے پیش نظر سلی گڑی کے ایک مندر میں آج لوگ پوجا کرتے ہوئے نظر آئے۔ یہاں مندر میں آنے سے پہلے لوگوں کی تھرمل اسکریننگ کی جا رہی ہے اور ساتھ ہی لوگوں کے ہاتھ بھی سینیٹائز کرائے جا رہے ہیں۔

قومی آواز کے قارئین و ناظرین سے ضروری گزارش، اپنے ساتھ سب کا خیال رکھیں۔ شکریہ

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔