قومی آواز بلیٹن: مودی کا دورہ لداخ، راج ناتھ کے نہ جانے پر سوال؛ کانپور میں 8 پولیس اہلکار شہید

پیش خدمت ہیں آج کی کچھ اہم خبریں: سرحد پر کشیدہ حالات کے درمیان اچانک وزیر اعظم لداخ پہنچے، راج ناتھ کیوں نہیں گئے؟؛ کانپور میں ہسٹری شیٹر وکاس دوبے کا پولیس پر حملہ، آٹھ پولس اہلکار شہید

user

قومی آواز بیورو

سرحد پر کشیدہ حالات کے درمیان اچانک وزیر اعظم لداخ پہنچے، راج ناتھ کیوں نہیں گئے؟

وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کی صبح اچانک لیہہ (لداخ) پہنچ کر سبھی کو حیران کر دیا۔ جیسے ہی ان کے لیہہ واقع نیمو پوسٹ پہنچنے کی بھنک میڈیا کو ملی، زبردست کوریج شروع ہو گئی۔ سرخیاں تو بننی ہی تھیں کیونکہ وزیر اعظم مودی ہند-چین سرحد تنازعہ کے درمیان اس ایل اے سی یعنی لائن آف ایکچوئل کنٹرول کے حالات کا جائزہ لینے پہنچ گئے جہاں مرکزی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کو پہنچنا تھا۔ راج ناتھ کے لداخ دورے کی تیاریاں مکمل ہو چکی تھیں، اور انھیں جمعہ کو ہی لیہہ پہنچنا تھا، لیکن جمعرات کو اچانک یہ دورہ رد کر دیا گیا اور اس کے اسباب کے بارے میں بھی نہیں بتایا گیا۔ بس ایسی خبریں سامنے آئیں کہ بہت جلد راج ناتھ سنگھ لداخ کا دورہ کریں گے اور وہاں ہندوستان و چین کے فوجیوں کےد رمیان سرحد پر تقریباً 7 ہفتہ سے جاری کشیدہ حالات کا جائزہ لیں گے۔ لیکن اب شاید راج ناتھ کا دورہ ملتوی ہونے کی وجہ سامنے آ گئی ہے اور وزیر اعظم مودی نے ایک بار پھر ظاہر کر دیا ہے کہ 'خاص مواقع' پر وہ خود مرکز میں رہنے کا موقع نہیں گنوا سکتے۔

کانپور میں ہسٹری شیٹر وکاس دوبے نے پولیس پر کیا حملہ، ڈی ایس پی سمیت 8 پولس اہلکار شہید

اتر پردیش میں جرائم رکنے کا نام نہیں لے رہے ہیں اور پولس اہلکاروں پر حملے کی خبریں بھی اکثر و بیشتر آتی رہتی ہیں۔ ایک بار پھر یو پی میں بدمعاشوں کی کارستانی سامنے آئی ہے جس میں کئی پولس والوں کے شہید ہونے کی خبر ہے۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہوئی خبروں کے مطابق کانپور میں ہسٹری شیٹروکاس دوبے کو گرفتار کرنے کے لیے پہنچی پولس پر بد معاشوں نے حملہ کر دیا جس میں ڈی ایس پی سمیت 8 پولس اہلکار شہید ہو گئے۔ بتایا جاتا ہے کہ کانپور کے چوبے پور علاقے میں پولس ہسٹری شیٹر وکاس دوبے کو پکڑنے گئی تھی، لیکن اچانک پولس ٹیم پر ہی حملہ ہو گیا جس میں ڈی ایس پی دیویندر سمیت دیگر 8 پولس اہلکار شہید ہوگئے۔ واقعہ میں 7 پولس والوں کے زخمی ہونے کی بھی خبر ہے۔پولس ترجمان نے واقعہ کے تعلق سے میڈیا کو بتایا کہ جمعرات کی دیر شب تقریباً 1 بجے پولس ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ بلہور دیویندر مشرا کی قیادت میں بٹھور، چوبے پور، شیو پور تھانوں کی پولس ٹیمیں مجرم وکاس دوبے کو پکڑنے گاؤں پہنچی تھیں۔ محاصرہ کرتے ہوئے بدمعاشوں کی گرفتاری کے لئے جال بچھایا گیا، لیکن اسی دوران مجرموں کو پولس کے آنے کی خبر لگ گئی۔ اچانک بدمعاشوں نے چھت پر چڑھ کر پولس پر گولی باری شروع کردی اور پولس ٹیم کو کافی نقصان اٹھانا پڑا۔


’یوگی کی قیادت میں نظام قانون بدحال‘ پریناکا گاندھی پولیس والوں کی شہادت پر برہم

اتر پردیش کے کانپور میں پولس ٹیم پر بدمعاشوں کے ذریعہ کیے گئے حملہ کو لے کر کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے یوگی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انھوں نے کہا ہے کہ "بدمعاشوں کو پکڑنے گئی پولس پر بدمعاشوں نے اندھا دھند فائرنگ کر دی جس میں یو پی پولس کے سی او، ایس او سمیت 8 جوان شہید ہو گئے۔ یو پی پولس کے ان شہیدوں کے اہل خانہ کے ساتھ میری ہمدردی۔ یو پی میں نظام قانون بے حد خراب ہو چکا ہے، جرائم پیشے کے لوگ بے خوف ہیں۔"

کورونا وائرس سےامریکی معیشت بری طرح متاثر

امریکہ میں لاک ڈاؤن کھولنے کا بھیانک نتیجہ سامنے آنا شروع ہوگیا ہے، مسلسل دوسرا روز ہے کہ مختلف ریاستوں میں کوروناوائرس کیسز کی کل تعداد 50 ہزار سے زیادہ ہوگئی ہے۔ امریکی کانگریس کے بجٹ آفس نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ملک میں ملازمتوں پر وباء کے برے اثرات آئندہ 10 سال تک ختم نہیں کئے جا سکیں گے۔کورونا وائرس کی وباء کے سبب امریکا کی معیشت بری طرح تباہ ہوگئی ہے۔ کانگریس کے بجٹ آفس نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ مالی سال کے چوتھے کوارٹر میں بے روزگاری کی شرح 4 اعشاریہ 4 فیصد تک ہو گی۔یہ اس کے باوجود ہے کہ صرف جون میں لاک ڈاؤن نرم ہونے سے ملک میں 48 لاکھ افراد کو روزگار ملا ہے، جس سے بے روزگاری کی شرح 13 اعشاریہ 3 فیصد سے کم ہوکر 11 اعشاریہ 1 فیصد ہو گئی ہے۔ واضح رہے کہ امریکہ تاحال کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہے جہاں ناصرف کورونا مریض بلکہ اس سے ہلاکتیں بھی اب تک دنیا کے تمام ممالک میں سب سے زیادہ ہیں۔


مشہور کوریوگرافر سروج خان نہیں رہیں، 71 سال کی عمر میں انتقال

بالی ووڈ کی مشہوررقاصہ اور اپنے فن میں ماہر کوریوگرافر سروج خان کا جمعرات کی دیر رات ممبئی کے ایک اسپتال میں انتقال ہوگیا۔ ان کی موت کی وجہ حرکت قلب بند ہونا بتایا جارہا ہے۔ دراصل انہیں سانس میں دشواری کی شکایت کے بعد 20 جون کو باندرا کے گرو نانک اسپتال میں داخل کیا گیا تھا اور وہ آئی سی یو میں تھیں۔ خبروں کے مطابق اسپتال میں بغرض علاج داخل کیے جانے کے بعد سروج خان کی لازمی کووڈ-19 جانچ بھی کی گئی جس میں انفیکشن کی تصدیق نہیں ہوئی تھی۔

قومی آواز کے قارئین و سامعین سے ضروری گزارش، اپنا خیال رکھیں ، باہر نکلیں تو ماسک ضرور پہنیں، شکریہ

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


    Published: 03 Jul 2020, 8:11 PM