قومی آواز بلیٹن: رمضان کا آغاز، اذان پر روک نہیں، 6 ماہ کی بچی پر معاملہ درج
پیش خدمت ہیں آج کی کچھ اہم خبریں: رمضان کا چاند نظر آیا، پہلا روزہ کل، سپریم کورٹ کی رہنما ہدایات کے مطابق اذان پر کوئی روک نہیں، اتراکھنڈ میں 6 ماہ کی بچی پر کوارنٹائن کی خلاف ورزی کا معاملہ درج
قومی آواز کے قارئین کو ماہ رمضان کی مبارکباد
ملک کے کچھ علاقوں کوچھوڑ کر ہندوستان کے بیشتر حصہ میں کل پہلا روزہ ہے۔ کیرلہ اور کچھ علاقوں میں خلیجی ممالک کی طرح آج رمضان کا پہلا روزہ تھا۔ اس موقع پر سعودی عرب کے فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے امید کا اظہار کیا ہے کہ رمضان پوری دنیا کی اقوام کے لیے امید اور سلامتی کی خوش خبری لے کر آئےگا ۔
ٹویٹر پر اپنے پیغام میں سعودی فرماں روا کا کہنا تھا کہ "ہم رمضان میں اللہ کے حضور گڑگڑائیں گے کہ وہ ہم پر اور پوری دنیا پر سے ہر قسم کی آفت و بلا کو اٹھا لے"۔
مہنگائی بھتے میں کمی کی بجائے حکومت اپنے اخراجات کم کرے: کانگریس
کانگریس نے کہا ہے کہ حکومت كورونا کے سبب لاک ڈاؤن سے متاثرہ لوگوں کی اقتصادی مدد کرنے کے بجائے یکم جنوری سے ملازمین کا مہنگائی بھتہ ہڑپ کرنے جا رہی ہے جس سے لاکھوں ملازمین کو نقصان ہوگا اور آنے والے وقت میں صنعت کاروں کو بھی اسی طرح کے اقدامات اٹھا کر اپنے ملازمین کو ملنے والے فوائد پر قینچی چلانےکا موقع ملے گا۔
راہل کا ’پنچایتی راج دیوس‘پر راجیو گاندھی کوسلام
پنچایتی دیوس کے موقع پر جب وزیراعظم نریندر مودی پورے ملک کے سرپنچوں سے کورونا وبا پر ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ تبادلہ خیال کر رہے تھے تو اس وقت وہ لاشعوری طور پر سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کی اس دوراندیشی کو سلام کر رہے تھے جس کے تحت راجیو گاندھی نے ملک میں پنچایتی راج کا نفاذ کیاتھا۔
کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے قومی’پنچایتی راج دیوس‘پر جمعہ کے روزسابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کو سلام پیش کرتے ہوئے انہیں دور اندیش بتایا۔ انہوں نے کورونا وبا سے نمٹنے کے لئے بھی پنچایتی راج نظام کو اہم بتایا اور کہا ’’کووڈ-19 آفت میں بھی ملک کے ہر ضرورت مند تک پہنچنے کے لئے پنچایتی ڈھانچے کا اہم رول ہے۔‘‘
سپریم کورٹ کی رہنما ہدایات کے مطابق اذان جاری رہے گی
دہلی کے پریم نگر علاقہ کا ایک ویڈیو کل شام وائرل ہوگیا تھا جس کے بعد مسلمانوں میں اذان کو لے کر بے چینی پیدا ہو گئی تھی لیکن ذرائع کے مطابق کچھ مسلم رہنماؤں کی مداخلت کے بعد مرکزی حکومت نے دہلی پولیس کو ضروری ہدایات جاری کر دی ہیں جس کے تحت اذان پرط کوئی پابندی نہیں ہے۔ سپریم کورٹ کی رہنما ہدایات کے مطابق پہلے کی طرح دی جا سکتی ہے۔
اتراکھنڈ: چھ ماہ کے معصوم پر کوارنٹائن کی خلاف ورزی کا معاملہ درج!
اترکاشی پولس نے کوارنٹائن کیے گئے 51 لوگوں کے خلاف کوارنٹائن ضابطے کی خلاف ورزی کا معاملہ درج کیا ہے اور ان میں چھ ماہ کے بچے کے ساتھ ساتھ ایک 3 سال کا معصوم بھی شامل ہے۔ یہ خبر جب پھیلی تو پولس کی زبردست بدنامی ہونے لگی اور لوگ مذاق بنانے لگے۔ بالآخر اترکاشی کے ضلع مجسٹریٹ نے پورے معاملے میں صفائی دیتے ہوئے کہا کہ "جوینائل لاء کے مطابق 8 سال سے چھوٹے بچے پر معاملہ درج نہیں کیا جا سکتا ہے۔ یہ کس طرح ہوا، اس بات کی جانچ کی جائے گی۔"
امریکہ: کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 50 ہزار سے تجاوز
امریکہ میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد پچاس ہزار سے تجاوز کر گئی ہے اور وہاں اس وبا سے متاثر ہونے والوں کی تعداد بھی نو لاکھ کے قریب پہنچ گئی ہے۔تازہ اعداد و شمار کے مطابق پوری دنیا میں جہاں کورونا متاثرین کی تعداد 27 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے وہیں اس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد ایک لاکھ91 ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے۔
تازہ اعداد و شمار کے مطابق ایران میں کورونا متاثرین کی تعداد جہاں 87 ہزار ہے وہیں اس وبا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 5481 ہو گئی ہے۔ سعودی عرب میں متاثرین کی تعداد 14 ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے اور وہاں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 121 بتائی جا رہی ہے۔
قومی آواز قارئین کو ماہ رمضان کی مبارکباد ، ہم سب آزمائش کے اس دورمیں تمام عبادات کے دوران لاک ڈاؤن کے ضوابط کا احترام کریں گے،تراویح گھروں میں ہی اداکریں، ہرقسم کے اجتماع سے پرہیز کریں گے، نہ کسی کے جائیں گے نہ کسی کو اپنے یہاں بلائیں گے۔ شکریہ
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔