قومی آواز بلیٹن: مسلمانوں نے پھر دکھائی رواداری، بجنور کا داروغہ متاثر، دہلی میں 78 نئے کیسز
پیش خدمت ہیں آج کی کچھ اہم خبریں: مسلمانوں نے ایک بار پھر جذبہ رواداری کی مثال پیش کی، معصوم جمالو کی دردناک موت، بجنور کے نہٹور میں ایک داروغہ کے کورونا پازیٹو پائے جانے کے بعد تھانہ شفٹ کرنا پڑا
سو کلو میٹر پیدل نہیں چل پائی معصوم جمالو، گھر پہنچنے سے پہلے موت
معصوم لڑکی کی موت کا دل دہلا دینے والا واقعہ چھتیس گڑھ میں پیش آیا ہے۔ واقعہ بیجا پور کا ہے جہاں معصوم جمالو اپنے گھر سے تقریباً 11 کلو میٹر دور موت کی نیند سو گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ جمالو تقریباً دو مہینے پہلے اپنے کچھ رشتہ داروں کے ساتھ مرچ کے کھیتوں میں کام کرنے تلنگانہ گئی تھی۔ چونکہ پورے ملک میں لاک ڈاؤن ہے اس لیے وہ اپنے گھر کے لیے 100 کلو میٹر کا سفر پیدل طے کرنے کے ارادہ سے نکلی تھی۔ اتوار کو گھر لوٹنے کی کوشش کے درمیان ہی جمالو کی موت 11 کلو میٹر پہلے ہی ہو گئی۔
دہلی میں 3 پولیس اہلکار سمیت 78 نئے کیسز کی تصدیق
دہلی میں کورونا وائرس کے معاملے لگاتار بڑھ رہے ہیں، دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین نے بتایا کہ نبی کریم میں 3 پولیس اہلکار کا کورونا ٹسٹ پازیٹو آیا ہے اس کے علاوہ 78 نئے اور معاملے سامنے آئے ہیں۔
مراد آباد میں کووڈ-19 پازیٹو خاتون مریض کی موت
اتر پردیش کے ضلع مراد آباد سے مزید ایک موت کی خبر سامنے آئی ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق کووڈ-19 پازیٹو ایک خاتون کی موت واقع ہو گئی ہے جس سے علاقے میں دہشت کا ماحول ہے۔ مراد آباد میں کورونا وائرس انفیکشن کی وجہ سے اب تک یہ تیسری موت ہے۔
بجنور کے داروغہ میں کورونا کی تصدیق، ایک کلومیٹر کا علاقہ سیل، تھانہ شفٹ
اترپردیش کے ضلع بجنور میں واقع نہٹور پولیس اسٹیشن کے ایک داروغہ میں کورونا کے انفیکشن کی تصدیق ہونے کے بعد تھانہ کے ایک کلومیٹر کے علاقے کو سیل کر دیا گیا، ساتھ ہی تھانہ کو دوسری جگہ منتقل بھی کر دیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں، 60 افراد کو کوارنٹائن بھی کر دیا گیا ہے۔ بجنور کے ایس پی سنجے کمار نے بتایا کہ ’’نہٹور میں ایک سب انسپکٹر پازیٹو پائے گئے تھے۔ اس کے بعد، تھانے میں موجود تمام لوگوں کا معائنہ کرایا گیا۔ اس کے علاوہ، 4 دیگر افراد کو مکمل طور پر ہوم کوارنٹائن کے لئے بھیجا گیا ہے۔
دوبئی میں مقیم ہندوستانی کا مسلم مخالف ٹوئٹ، ہندوستانی سفیر کا سخت ردعمل
پون کپور نے قابل اعتراض ٹوئٹ پر اپنا رد عمل دیتے ہوئے ایک ٹوئٹ کیا ہے جس میں انھوں نے لکھا ہے کہ "ہندوستان اور یو اے ای تفریق نہ کرنے کے اقدار کو ساجھا کرتے ہیں۔ تفریق ہمارے اخلاقی تانے بانے اور قانون کے ضابطوں کے خلاف ہے۔ یو اے ای میں موجود ہندوستانی شہریوں کو اس کا خیال رکھنا چاہیے۔"
ہندو شخص کی آخری رسومات مسلم نوجوانوں نے ادا کرائی
تلنگانہ کے وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی کے تارک راما راؤ نے ہندو دوست کی آخری رسومات انجام دینے والے پانچ مسلم نوجوانوں کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ ایک ایسے وقت میں جب ہر کوئی یہ سمجھتے ہوئے کہ کورونا سے یہ موت ہوئی ہے، اس سے دور رہ رہا تھا، ایسے وقت میں یہ مسلم نوجوان آگے آئے جنہوں نے آخری رسومات انجام دی۔ واضح رہے اس ہندو نوجوان کی ٹی بی سے موت واقع ہوئی تھی لیکن کورونا کے خوف سے کوئی اس کی آخری رسومات ادا کرنے کے لئے تیار نہیں تھا۔
’سنبھل جائیے، اس سے بھی برا وقت آنے والا ہے‘
کورونا وائرس انفیکشن سے پوری دنیا میں تباہی کا عالم ہے اور عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) تقریباً روزانہ اس سلسلے میں اہم جانکاریاں اور مشورے سبھی ممالک کو دے رہا ہے۔
ڈبلیو ایچ او نے ایک تازہ بیان میں سبھی ممالک کو سنبھل جانے کی تنبیہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ "اس سے بھی برا وقت ابھی آنے والا ہے"۔ ڈبلیو ایچ او کا یہ بیان کئی ممالک کے لیے فکر کا باعث ہے۔ خصوصاً ایشیائی اور افریقی ممالک کو ڈبلیو ایچ او نے خصوصی طور پر کورونا سے متعلق بیدار رہنے کو کہا ہے۔
ترکی میں کورونا کے معاملوں کا سیلاب، 90 ہزار سے زیادہ متاثر
- اچانک ترکی میں کورونا متاثرین کی تعداد میں زبردست اضافہ دیکھنے میں آیا اور وہاں متاثرین کی تعداد 90 ہزار سے تجاوز کر گئی۔ ترکی میں آخری اطلاع ملنے تک اموات کی تعداد 2140 تھی۔ ترکی میں متاثرین کی تعداد ایشائی ممالک میں سب سے زیادہ ہے۔
- پوری دنیا میں متاثرین کی تعداد 25 لاکھ کے قریب پہنچ گئی ہے اور اس وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد ایک لاکھ 71 ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے۔ امریکہ میں کورونا متاثرین کی تعدا د 8 لاکھ کے قریب پہنچ گئی ہےاور وہاں کورونا سے ہونے والی اموات کی تعداد 42 ہزار سے اوپر پہنچ گئی ہے۔
- فرانس میں کورونا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 20 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ اٹلی میں اموات کی تعداد 24 ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے جبکہ اسپین میں یہ تعداد 21 ہزار سے زیادہ ہے۔ برطانیہ میں متاثرین کی تعداد سوا لاکھ سے زیادہ ہے اور مرنے والوں کی تعداد 16 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
قومی آواز کے قارئین سے گزارش: لاک ڈاؤن ہمارے اور آپ کے لئے ہی ہے، اس کی پابندی ہم پر لازم ہے۔ ماہ رمضان میں بھی عبادات گھر میں ہی ادا کریں، آپ پر سب کی نظریں ہیں اس لئے اچھے انسان ہونے کا ثبوت دیں، کورونا اور منافرت پھیلانے والوں کوشکست دیں۔ شکریہ
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 21 Apr 2020, 8:00 PM