قومی آواز بلیٹن: ایک اور عالمی ایجنسی کے مطابق ہندوستانی معیشت ’بحران کا شکار‘؛ مودی کورونا کے سامنے سرینڈر کر چکے، راہل

آج کی کچھ اہم خبریں: عالمی ریٹنگ ایجنسی ’ایس اینڈ پی‘ نے ہندوستانی معیشت کو بتایا ’بحران کا شکار‘؛ وزیر اعظم سرینڈر کر چکے ہیں اور کورونا سے لڑنے سے انکار کر رہے ہیں: راہل گاندھی کا بیان

user

قومی آواز بیورو

عالمی ریٹنگ ایجنسی ‘ایس اینڈ پی’ نے ہندوستانی معیشت کو بتایا ‘بحران کا شکار’

اسٹیندرڈ اینڈ پورس یعنی ایس اینڈ پی ریٹنگ ایجنسی کا کہنا ہے کہ ہندوستانی معیشت سنگین بحران کا شکار ہے اور اس کی شرح ترقی موجودہ مالی سال میں 5 فیصد تک سکڑ سکتی ہے۔ ایس اینڈ پی نے ایک اَپ ڈیٹ میں اس بات کا تذکرہ کرتے ہوئے صاف الفاظ میں کہا ہے کہ "ہندوستان کی معیشت سنگین بحران سے دو چار ہے۔ وائرس کو کنٹرول کرنے میں مشکلات، کمزور پالیسی پر مبنی رد عمل، داخلی کمزوری، خاص طور سے پورے مالی سیکٹر میں، ہمیں موجودہ مالی سال میں شرح ترقی میں 5 فیصد گراوٹ کی طرف لے جا رہی ہے جب کہ 2021 میں اس میں بہتری آنے کے امکان ہیں۔"

ایس اینڈ پی نے 'ایشیا پیسفک لاسیس نیئر 3 ٹریلین ڈالر ایج بیلنس شیٹ رسیشن لومس' نامی اپنی رپورٹ میں اس علاقہ کی معیشت میں 2020 میں 1.3 فیصد کی گراوٹ کا اندازہ لگایا ہے، لیکن 2021 میں یہ 6.9 فیصد کی شرح سے اضافہ کر سکتی ہے اور ان دو سالوں کے دوران 30 کھرب ڈالر کا نقصان ہوگا۔


وزیر اعظم سرینڈر کر چکے ہیں اور کورونا سے لڑنے سے انکار کر رہے ہیں: راہل گاندھی کا بیان

کورونا وائرس کی وجہ سے ملک کے حالات خراب سے خراب تر ہوتے جا رہے ہیں اور حکومت اب ہر طرح سے بے بس نظر آ رہی ہے۔ دریں اثنا وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ ہندوستان میں کورونا کی وجہ سے صورت حال تاحال کئی ممالک سے بہتر ہے۔ ادھر کانگریس رہنما راہل گاندھی نے مودی حکومت کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کے پاس کورونا بحران سے باہر آنے کی کوئی حکمت عملی نہیں ہے۔ کانگریس رہنما راہل گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی پر حملہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کے پاس کورونا بحران سے لڑنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔ ہفتہ کے روز کیے گئے اپنے ٹوئٹ میں راہل گاندھی نے کہا ہے کہ ’’کووڈ-19 ملک کے نئے نئے علاقوں میں تیزی کے ساتھ پھیل رہا ہے۔ حکومت ہند کے پاس اسے ہرانے کے لئے کوئی منصوبہ نہیں ہے۔ وزیر اعظم خاموش ہیں۔ انہوں نے خود کو سرینڈر کر دیا ہے اور وہ اس عالمی وبا سے لڑنے میں ناکام ہیں۔‘‘

کورونا کا قہرجاری، کئی ریاستوں میں بڑھا لاک ڈاؤن، دہلی میں اسکول 31 جولائی تک بند

قومی راجدھانی دہلی سمیت ملک بھر میں کورونا وبا سے حالات پوری طرح بے قابو نظر آ رہے ہیں اور ہر روز مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ موجودہ حالات کے پیش نظر جہاں کئی ریاستوں نے لاک ڈاؤن کو آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے وہیں دہلی کے تمام اسکولوں کو 31 جولائی تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ مرکزی حکومت کی طرف سے مارچ میں نافذ کیے گئے لاک ڈاؤں کو تین بار آگے بڑھانے کے بعد یہ کہا جا رہا تھا کہ اب مرحلہ وار پابندیوں سے راحت دینے کی شروعات کی جائے گی، تاہم مریضوں کی تعداد اس قدر بڑھ رہی ہے کہ ریاستی حکومتیں پابندیوں سے راحت تو کیا وہ الٹے لاک ڈاؤں کو آگے بڑھانے پر مجبور ہو رہی ہیں۔


روس کی پہلی ’کورونا ویکسین‘ کا انسانوں پر ہوا ٹیسٹ، کوئی منفی اثر نہیں

دنیا میں کورونا انفیکشن کے بڑھتے اثرات کے درمیان روس نے اپنی پہلی کورونا ویکسین کا ٹیسٹ انسانوں پر کیا اور خوشخبری یہ ہے کہ اس کے استعمال سے کوئی منفی اثر دیکھنے کو نہیں ملا ہے۔ میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق روس کی پہلی کورونا ویکسین کا ٹیسٹ جن 3 مریضوں پر کیا گیا ہے انہوں نے کہا ہے کہ ان پر کسی طرح کا کوئی، منفی اثر نہیں ہوا ہے اور ان کی بھوک اور ہاضمہ کے نظام میں اس سے کافی مثبت فرق پڑا ہے۔

لاکھوں کی تعداد میں ٹڈی دل گڑگاؤں پہنچا، دفاتر اور گھروں پر بھی حملہ

گزشتہ کچھ دنوں سے ٹڈی دَل کا خوف کسانوں کے ذہن میں بری طرح بیٹھ گیا ہے اور اب تو کسانوں کے ساتھ ساتھ عام لوگ بھی ٹڈیوں سے پریشان ہو تے نظرآ رہے ہیں۔ ٹڈیوں کا ایک بڑا گروپ اب باہری دہلی اور اس سے ملحقہ علاقہ گڑگاؤں یعنی گروگرام پہنچ چکا ہے۔ کل ٹڈیوں نے ہریانہ کے ریواڑی میں کسانوں کی فصلوں کو زبردست نقصان پہنچایا تھا۔ انتظامیہ کے ذریعہ پہلے سے مطلع کیے جانے کے باوجود کسان بڑی تعداد میں وہاں پہنچے لیکن ٹڈیوں کا مقابلہ نہیں کر پائے۔ گڑگاؤں میں ٹڈیوں نے کسانوں کو تو نقصان پہنچایا ہی ہے، انھوں نے گھروں اور دفاتر میں بھی دراندازی کی جس کی وجہ سے عام لوگ کافی پریشان رہے۔ گڑگاؤں سےملحقہ دہلی کے آیانگر وغیرہ علاقوں میں بھی ٹڈیوں نے بڑی تعداد میں حملہ کیا۔


قومی آوازکے قارئین و ناظرین سے ضروری گزارش، وبا کے اس دور میں سوشل ڈسٹینسنگ پر عمل کریں، شکریہ

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔