کورونا کی دہشت کے درمیان ومبلڈن ٹینس ٹورنامنٹ بھی رَد

29 جون سے شروع ہونے والے 134ویں ومبلڈن ٹورنامنٹ کو منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ دوسری عالمی جنگ کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب کوئی گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ کو رد کرنا پڑا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

کورونا وائرس کے بڑھتے اثرات کو دیکھتے ہوئے اب تک کئی کھیل ٹورنامنٹ یا تو رد ہو گئے ہیں یا پھر ملتوی کر دیئے گئے ہیں۔ 29 جون سے شروع ہونے والے انتہائی اہم ٹینس ٹورنامنٹ 134ویں ومبلڈن کا انعقاد بھی رد کر دیا گیا ہے۔ دوسری عالمی جنگ کے بعد یہ پہلا موقع ہے جب ومبلڈن ٹورنامنٹ کا انعقاد نہیں ہو پائے گا۔ کورونا وائرس کی وجہ سے ومبلڈن رد کیے جانے کا فیصلہ تو پہلے ہی ہو چکا تھا لیکن اب یہ طے ہوا ہے کہ 134ویں ومبلڈن کھیلوں کا انعقاد آئندہ سال 28 جون سے 11 جولائی کے درمیان ہوگا۔ پہلے یہ ٹورنامنٹ 2 جون سے 12 جولائی کے درمیان کھیلا جانا تھا۔


بدھ کے روز ومبلڈن بورڈ کی انتہائی اہم میٹنگ ہوئی جس میں فیصلہ لیا گیا کہ اس سال ومبلڈن رد کر کے اگلے سال ہونے والے ومبلڈن کی تاریخ تبدیل کیا جانا بہتر قدم ہوگا۔ میٹنگ میں اس سال گرینڈ سلیم منعقد نہ کرنے کے فیصلہ کے تعلق سے ایک بیان جاری کیا گیا جس میں واضح لفظوں میں لکھا گیا کہ موجودہ حالات میں ٹورنامنٹ کا انعقاد ممکن ہی نہیں تھا۔ قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل فرنچ اوپن کے انعقاد کو ستمبر تک ملتوی کیا گیا ہے۔ فرنچ اوپن کا انعقاد ہر سال مئی میں ہوتا ہے۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے اولمپک کھیلوں کا انعقاد بھی ایک سال کے لیے ملتوی کیا جا چکا ہے۔ ٹوکیو اولمپک کا انعقاد اب سال 2021 میں جولائی-اگست میں ہوگا۔ علاوہ ازیں اس سال کے آخر میں ہونے والے ٹی-20 کرکٹ عالمی کپ پر بھی کورونا وائرس کا خطرہ منڈلا رہا ہے۔ کورونا وائرس کی وجہ سے آئی پی ایل کے 13ویں سیزن کا رد ہونا بھی تقریباً طے مانا جا رہا ہے۔ فی الحال آئی پی ایل کو ملتوی کیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ یہ ٹورنامنٹ ہوگا یا نہیں، اور اگر ہوگا تو نئی تاریخ کیا ہوگی، اس سے متعلق بعد میں بتایا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔