اگر ہندوستانی ٹینس ٹیم پاکستان دورے پر جا سکتی ہے تو کرکٹ ٹیم کیوں نہیں!
55 سال بعد ہندوستانی ٹینس ٹیم پاکستان جا رہی ہےاور ٹیم اپنا میچ اسلام آباد کے پاکستان اسپورٹس کمپلیکس میں کھیلے گی۔ چونکہ یہ ڈیوس کپ کا مقابلہ ہے اس لیے آئی ٹی ایف نے پاکستان دورہ کرنے کا فیصلہ کیا۔
ہندوستان اور پاکستان کے درمیان طویل مدت سے دو فریقی سیریز نہیں کھیلی گئی ہے اور پلوامہ حملہ کے بعد یہ بحث زوروں پر تھی کہ ہندوستان کو کھیل کی ہر سطح پر پاکستان کا بائیکاٹ کرنا چاہیے۔ حکمراں پارٹی بی جے پی سے تعلق رکھنے والے کئی لیڈروں نے بھی اپنے بیان میں پاکستان سے دوری بنائے رکھنے کی بات کہی تھی۔ لیکن اب خبریں مل رہی ہیں کہ ہندوستانی ٹیم 55 سال بعد پاکستان کا دورہ کرے گی۔ اس سے یہ سوال کھڑا ہو گیا ہے کہ اگر ٹینس کی ٹیم پاکستان کھیلنے جا سکتی ہے تو پھر کرکٹ ٹیم کو پاکستان بھیجے جانے پر غور کیوں نہیں کیا جا رہا۔
دراصل ڈیوس کپ کے لیے 55 سال میں پہلی بار ہندوستانی ٹینس ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی۔ آل انڈیا ٹینس فیڈریشن نے ہفتہ کے روز اس بات کی تصدیق کر دی کہ ہندوستانی ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی۔ ہندوستانی ٹیم ایشیا گروپ وَن اَوے ٹائی کے لیے پاکستان جائے گی جو 14 اور 15 ستمبر کو اسلام آباد کے پاکستان اسپورٹس کمپلیکس میں کھیلا جائے گا۔
انگریزی روزنامہ ’انڈین ایکسپریس‘ کی خبر کے مطابق انڈیا ٹینس فیڈریشن یعنی آئی ٹی ایف کے جنرل سکریٹری ہیرومائے چٹرجی نے کہا کہ ’’یہ کوئی دو فریقی سیریز نہیں ہے بلکہ ٹینس کا ورلڈ کپ ہے، تو ایسے میں وہاں جانے میں کسی طرح کی پریشانی نہیں ہے۔ ٹیم کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ یہ رینکنگ کی بنیاد پر ہوگا۔‘‘ دراصل مرکزی حکومت نے کہا تھا کہ پاکستان میں جا کر ڈیوس کپ کھیلنے کا فیصلہ آئی ٹی اے کا ہوگا اور اس کا فیصلہ یہ ہے کہ ہندوستانی ٹیم کو وہاں جا کر کھیلنا چاہیے کیونکہ یہ دو فریقی سیریز نہیں ہے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد کے جس ٹینس کورٹ پر مقابلہ ہونے والا ہے، وہاں پاکستان 2017 اور 2018 میں ازبکستان، جنوبی کوریا اور تھائی لینڈ کی میزبانی کر چکا ہے۔ آئی ٹی ایف کے افسران کا کہنا ہے کہ ’’اسلام آباد ہمیشہ ایک محفوظ شہر رہا ہے جہاں پی ٹی ایف نے حال کے دنوں میں کئی مقابلوں کی میزبانی کی ہے۔ امید ہے کہ اگلے مقابلوں کی میزبانی بھی بہتر طریقے سے ہوگی۔‘‘ ویسے ہندوستانی ٹینس ٹیم پچھلی بار سال 1964 میں پاکستان گئی تھی۔ لاہور میں ہوئے مقابلے میں ہندوستان نے 0-4 سے کامیابی حاصل کی تھی۔ اس کے بعد دونوں ٹیموں کے درمیان اگلا مقابلہ 2006 میں ہوا۔ ممبئی میں ہوئے اس مقابلے میں ہندوستانی ٹیم 2-5 سے کامیاب ہوئی تھی۔ ہندوستان کا ڈیوس کپ میں پاکستان کے خلاف ریکارڈ 0-6 ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 27 Jul 2019, 7:10 PM