ٹینس سنسنی ثانیہ مرزا نے ریٹائرمنٹ کا کیا اعلان، سوشل میڈیا پر ڈالا انتہائی جذباتی پوسٹ
اپنے پوسٹ میں ثانیہ مرزا لکھتی ہیں کہ ’’30 سال پہلے حیدر آباد کی ایک چھ سال کی لڑکی کورٹ پر پہلی بار گئی، وہ اپنی ماں کے ساتھ گئی اور کوچ نے بتایا کہ ٹینس کس طرح کھیلتے ہیں۔‘‘
ہندوستانی ٹینس میں ایک اعلیٰ مقام حاصل کرنے والی اور ’ٹینس سنسنی‘ کے نام سے مشہور ثانیہ مرزا نے آج سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے ذریعہ اپنے پروفیشنل کیریر سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔ ہندوستانی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے اپنے ٹوئٹر اور انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک انتہائی جذباتی پوسٹ ڈالا ہے جس میں بتایا ہے کہ وہ آسٹریلیائی اوپن کے بعد پانے بیٹے کے ساتھ زیادہ وقت گزارنا چاہیں گی۔
قابل ذکر ہے کہ آسٹریلیائی اوپن 16 جنوری سے شروع ہونے جا رہا ہے اور یہ ان کا آخری ٹورنامنٹ ہوگا۔ حالانکہ ثانیہ مرزا نے پہلے اعلان کیا تھا کہ وہ ڈبلیو ٹی اے 1000 دبئی ٹینس چمپئن شپ کے بعد ریٹائرمنٹ لیں گی جو کہ 19 فروری سے شروع ہو رہا ہے، لیکن اب انھوں نے اپنا ارادہ بدل دیا ہے۔
اپنے پوسٹ میں ثانیہ مرزا لکھتی ہیں کہ ’’30 سال پہلے حیدر آباد کی ایک چھ سال کی لڑکی کورٹ پر پہلی بار گئی، وہ اپنی ماں کے ساتھ گئی اور کوچ نے بتایا کہ ٹینس کس طرح کھیلتے ہیں۔ مجھے لگا تھا کہ ٹینس سیکھنے کے لیے میں بہت چھوٹی ہوں۔ اور پھر میرے خوابوں کی لڑائی 6 سال کی عمر میں شروع ہوئی۔‘‘ وہ مزید کہتی ہیں ’’میرے والدین اور بہن، میری فیملی، میرے کوچ، فیزیو سمیت پوری ٹیم کی حمایت کے بغیر یہ ممکن نہیں تھا۔ یہ اچھے اور برے وقت میں میرے ساتھ کھڑے رہے۔ میں نے ان میں سے ہر ایک کے ساتھ اپنی ہنسی، آنسو، درد اور خوشی کو بانٹا ہے۔ اس کے لیے میں سبھی کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں۔ آپ سبھی نے زندگی کے سب سے مشکل دور میں میری مدد کی ہے۔ آپ نے حیدر آباد کی اس چھوٹی سی لڑکی کو نہ صرف خواب دیکھنے کی ہمت دی بلکہ ان خوابوں کو ھاصل کرنے میں بھی مدد کی۔‘‘
واضح رہے کہ ثانیہ مرزا نے ٹینس کیریر میں سنگل گرینڈ سلیم خطاب کبھی نہیں جیتا، لیکن ڈبلز میں وہ چھ مرتبہ چمپئن رہ چکی ہیں۔ ثانیہ نے ڈبلز میں جو چھ گرینڈ سلیم خطاب جیتے ہیں، ان میں تین خاتون ڈبلز اور اتنے ہی مکسڈ ڈبلز خطاب شامل رہے ہیں۔ انھوں نے اپنا آخری گرینڈ سلیم 2016 میں آسٹریلین اوپن کا خاتون ڈبلز خطاب جیت کر ھاصل کیا تھا۔ اس وقت ثانیہ اور مارٹینا ہنگز کی جوڑی نے فائنل مین اینڈریا لاواکووا اور لوسی ہراڈیکا کو شکست دی تھی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔