آسٹریلین اوپن: نڈال کو ہراکر جوکووچ ریکارڈ ساتویں مرتبہ کیا خطاب پر قبضہ
جوکووچ نے ریکارڈ 7واں آسٹریلین اوپن خطاب جیت کر آسٹریلیا کے رائے ایمرسن اور سوئزرلینڈ کے راجر فیڈرر کو پیچھے چھوڑ دیا جنہوں نے چھ چھ مرتبہ یہ خطاب اپنے نام کیا ہے۔
میلبورن: عالمی نمبر ایک کھلاڑی اور ٹاپ سیڈ سربیا کے نوواک جوکووچ نے دوسرے نمبر کے کھلاڑی اسپین کے رافیل نڈال کو مسلسل سیٹوں میں 3۔6، 2۔6، 3۔6 سے شکست دیتے ہوئے ریکارڈ ساتویں بار آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کا خطاب اپنے نام کرلیا۔
31 سالہ جوکووچ نے فائنل میں 31 سالہ نڈال کو اپنی زبردست سروس، طاقتور بیس لائن کھیل اور کراس کورٹ شاٹس سے مکمل طور حیران کر دیا۔ دنیا کے سرفہرست دو کھلاڑیوں کے درمیان سخت مقابلے کی توقع کی جا رہی تھی جسے جوکووچ نے دو گھنٹے چار منٹ میں مکمل طور یکطرفہ بنا کر اپنا 15 واں گرینڈ سلیم خطاب حاصل کرلیا۔
جوکووچ نے ریکارڈ ساتواں آسٹریلین اوپن خطاب جیت کر سب سے زیادہ آسٹریلین اوپن کا خطاب جیتنے کے معاملے میں آسٹریلیا کے رائے ایمرسن اور سوئزرلینڈ کے راجر فیڈرر کو پیچھے چھوڑ دیا جن کے نام چھ ۔چھ مرتبہ یہ خطاب ہے۔
میلبورن میں جوکووچ اور نڈال کا اس سے پہلے فائنل میں 2012 میں مقابلہ ہوا تھا اور پھر سربیائی کھلاڑی نے پانچ گھنٹے 53 منٹ میں پانچ سیٹوں میں کامیابی حاصل کی تھی لیکن اس بار انہوں نے دو گھنٹے چار منٹ میں ہی میچ ختم کر دیا۔
نڈال یہاں 2009 میں چیمپیئن رہے تھے اور بغیر کوئی سیٹ گنوائے پانچویں مرتبہ فائنل میں پہنچے تھے لیکن فائنل میں جوکووچ کے بہترین کھیل کے سامنے وہ بے بس نظر آئے۔ سربیا کھلاڑی نے میچ کے پہلے سیٹ میں نڈال کی سروس ایک بار اور دوسرے اور تیسرے سیٹ میں دو ۔دو بار سروس توڑی۔نڈال پورے میچ میں ایک بار بھی جوکووچ کو چیلنج نہیں دے سکے۔
جوکووچ نے میچ میں دوسرے ہی کھیل میں نڈال کی سروس توڑی اور جلد ہی تین۔صفر کی برتری حاصل کرلی۔ پہلے سیٹ کے نویں گیم میں جوکووچ نے 24 شاٹ کی ریلی جیت کر اسکور 15-40 کیا اور پھر نڈال کا بیک ہینڈ نیٹ میں الجھنے سے ہی پہلا سیٹ 36 منٹ میں چھ ۔تین سے جیت لیا۔
دوسرے سیٹ میں جوکووچ نے پانچویں گیم میں سروس بریک سے تین ۔دو کی برتری بنائی اور پھر ساتویں گیم میں اسپین کے کھلاڑی کی سروس توڑ کر اسکور پانچ۔دو کر دیا۔ جوکووچ نے اگلے گیم میں اپنی سروس برقرار رکھتے ہوئے دوسرا سیٹ چھ۔دو سے ختم کر دیا۔
دو سیٹ سے پیچھے ہونے کے بعد نڈال حوصلہ کھو بیٹھے اور تیسرے سیٹ کے تیسرے گیم میں اپنی سروس گنوا بیٹھے۔جوکووچ میں نویں گیم میں نڈال کا ریٹرن بیس لائن سے باہر جاتے ہی بریک حاصل کیا اور چھ۔تین سے یہ سیٹ جیت کر ساتویں بار میلبورن میں چیمپئن بن گئے۔ نڈال نے میچ کے بعد اعتراف کیا کہ آج رات جوکووچ ہر لحاظ میں ان سے بہتر تھے۔ سربیائی کھلاڑی نے یہ خطاب پہلی بار 2008 میں جیتا تھا اور اس کے بعد وہ یہ خطاب 2011، 2012، 2013، 2015، 2016 اور 2019 میں اپنے نام کر چکے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔