کھیل کے شعبہ میں ہندوستان کے لیے شاندار رہا 2022، آئیے ڈالتے ہیں کچھ قابل فخر لمحات پر ایک نظر
2022 میں ہندوستان نے بیڈمنٹن میں تھامس کپ پر بھی قبضہ کیا اور کامن ویلتھ گیمز میں کئی تمغے بھی حاصل کیے، کرکٹ میں بھی ہندوستانی ٹیم نے کئی مواقع پر ملک کا نام روشن کیا۔
سال 2022 اب اپنے اختتام کی طرف گامزن ہے۔ ہندوستان کے لیے یہ سال کھیل کے لحاظ سے شاندار ثابت ہوا ہے۔ ہندوستان کے لیے سال 2022 بہترین اسپورٹنگ لمحات سے بھرا رہا۔ چاہے بیڈمنٹن کی بات ہو یا پھر کرکٹ کی، یا پھر ہاکی، ٹیبل ٹینس اور مکہ بازی کی۔ ہندوستان نے بیشتر کھیلوں میں عوام کے لیے خاص لمحات میسر کیے۔ بین الاقوامی سطح پر 2022 میں تقریباً ہر ماہ ہندوستانی کھلاڑیوں نے ملک کا پرچم لہرایا اور پوڈیم پر نئے چمپئن کا تاج بھی حاصل کیا۔ آئیے نظر ڈالتے ہیں سال 2022 کے ان لمحات پر جب ہندوستان کا نام روشن ہوا۔
نیرج چوپڑا نے رقم کی تاریخ:
ہندوستان کے لیے اولمپک میں طلائی تمغہ جیتنے والے نیرج چوپڑا نے 2022 میں بھی ملک کا پرچم لہرایا۔ نیرج نے عالمی اتھلیٹکس چمپئن شپ میں تاریخ رقم کرتے ہوئے ہندوستان کے لیے 2003 (لانگ جمپ، انجو بابی جارج) کے بعد ٹریک اینڈ فیلڈ ایوینٹ میں پہلا تمغہ دلایا۔ جولائی ماہ میں امریکہ کی یوجین میں ہوئے اس مقابلہ میں نیرج چوپڑا نے 88.13 میٹر بھالا پھینک کر ہندوستان کو چاندی کا تمغہ دلایا تھا۔ عالمی اتھلیٹکس چمپئن شپ کے بھالا پھینک مقابلہ میں تمغہ جیتنے والے نیرج پہلے ہندوستانی بنے۔
کامن ویلتھ گیمز 2022:
اگست میں ہوئے برمنگھم کامن ویلتھ گیمز میں ہندوستان کی کارکردگی شاندار رہی۔ کامن ویلتھ گیمز 2022 میں شوٹنگ مقابلہ نہیں ہونے کے باوجود ہندوستانی اتھلیٹس نے مجموعی طور پر 61 تمغے جیتے جس میں 22 طلائی، 16 چاندی اور 23 کانسے رہے۔ اس طرح ہندوستان تمغوں کی فہرست میں چوتھے مقام پر رہا۔ اس کامن ویلتھ گیمز میں ہندوستان کو پہلی بار لان بال میں بھی تمغہ ملا۔
مکہ بازی عالمی چمپئن شپ میں نکہت زرین کو طلائی تمغہ:
نکہت زرین کے لیے 2022 بہت شاندار رہا۔ انھوں نے فائنل میں تھائی لینڈ کی ٹوکیو اولمپین جٹپانگ جٹامس کو 0-5 سے شکست دے کر آئی بی اے خاتون عالمی مکہ بازی چمپئن شپ پر قبضہ کیا۔ اس کے بعد انھوں نے کامن ویلتھ گیمز 2022 میں بھی طلائی تمغہ جیتا۔ زرین نے دسمبر میں ایلیٹ قومی خاتون مکہ بازی چمپئن شپ میں طلائی تمغہ جیت کر ایک مضبوط نوٹ کے ساتھ سال کا اختتام کیا۔
ہندوستان کی مرد بیڈمنٹن ٹیم نے رقم کی تاریخ:
بینکاک میں تھامس کپ 2022 میں نوجوان کھلاڑی لکشیہ سین کی قیادت میں ہندوستانی مرد بیڈمنٹن ٹیم نے پہلی بار تھامس کپ جیت کر تاریخ رقم کر دی۔ ہندوستان نے تھامس کپ کے فائنل میں 14 بار کی چمپئن انڈونیشیا کو 0-3 سے ہرایا۔ ہندوستان نے 13ویں بار اس ٹورنامنٹ میں حصہ لیا لیکن اس سے پہلے کبھی سیمی فائنل تک نہیں پہنچ پایا تھا۔ 73 سال میں پہلی بار تھامس کپ میں خطابی جیت نے بیڈمنٹن کھیل کو ہندوستان کے لیے یادگار بنا دیا۔
نیشنز کپ میں ہندوستانی خاتون ہاکی ٹیم کی فتح:
ہندوستان نے ایف آئی ایچ خاتون نیشنز کپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ہندوستانی خاتون ٹیم نے 18 دسمبر کو نیشنز کپ کے فائنل میں اسپین کو 0-1 سے شکست دے کر خطاب پر قبضہ کر لیا۔
منیکا بترا نے رقم کی تاریخ:
اسٹار ہندوستانی ٹیبل ٹینس کھلاڑی منیکا بترا نے آئی ٹی ٹی ایف-اے ٹی ٹی یو ایشین کپ ٹورنامنٹ میں کانسہ کا تمغہ جیت کر ایک نئی تاریخ رقم کر دی۔ وہ اس ٹورنامنٹ میں تمغہ جیتنے والی پہلی ہندوستانی خاتون پیڈلر بن گئیں۔ انھوں نے ورلڈ نمبر 6 اور تین بار کی ایشیائی چمپئن حنا حیاتہ کے خلاف کانسہ کے تمغہ کے لیے ہوا میچ 2-4 سے جیتا۔
خاتون کرکٹ ٹیم کی بہترین کارکردگی:
ہندوستانی خاتون کرکٹ ٹیم کے لیے سال 2022 یادگار رہا۔ ہندوستانی خاتون کرکٹ کے تین بڑے ٹورنامنٹ (آئی سی سی خاتون یک روزہ عالمی کپ، کامن ویلتھ گیمز اور خاتون ٹی-20 ایشیا کپ) اس سال کھیلے گئے۔ ان تین مقابلوں میں خاتون کرکٹ ٹیم نے کامن ویلتھ گیمز میں چاندی کا تمغہ اور خاتون ٹی-20 ایشیا کپ میں لگاتار ساتویں بار خطاب جیتا۔
وراٹ کوہلی نے سنچری کی خشک سالی کو ختم کیا:
ہندوستان کے اسٹار بلے باز وراٹ کوہلی نے ایشیا کپ 2022 میں افغانستان کے خلاف اپنی دیرینہ 71ویں سنچری مکمل کی۔ وراٹ کوہلی نے بین الاقوامی کرکٹ میں اپنی سنچری کی خشک سالی کو ختم کر دیا۔ انھوں نے تین سال بعد یہ سنچری لگائی۔ ساتھ ہی ٹی-20 بین الاقوامی کرکٹ کی ان کی یہ پہلی سنچری تھی۔ انھیں سنچری لگانے کے لیے 103 میچوں کا انتظار کرنا پڑا۔ وراٹ کوہلی نے 53 گیندوں میں 71ویں سنچری مکمل کی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔