شاندار واپسی کے ساتھ نڈال نے جیتا ریکارڈ 21 واں گرینڈ سلیم خطاب

اس جیت کے ساتھ ہی رافیل نڈال نے سربیا کے نوواک جوکووچ اور سوئٹزرلینڈ کے راجر فیڈرر کو پیچھے چھوڑ دیا ہے جن کے نام 20 گرینڈ سلیم خطاب ہیں۔

رافیل نڈال، تصویر آئی اے این ایس
رافیل نڈال، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

میلبورن: اسپین کے رافیل نڈال نے دو سیٹ ہارنے کے بعد شاندار واپسی کرتے ہوئے اتوار کو پانچ سیٹ کے میراتھن مقابلے میں روس کے ڈینیل میدویدیف کو 2-6، 6-7(5)، 6-4، 6-4 7-5 سے شکست دے کر ریکارڈ 21 واں گرینڈ سلیم خطاب جیت لیا، نڈال نے پانچ گھنٹے 24 منٹ تک جاری رہنے والے میچ میں میدویدیف کے خلاف فتح درج کی، اس جیت کے ساتھ ہی نڈال نے سربیا کے نوواک جوکووچ اور سوئٹزرلینڈ کے راجر فیڈرر کو پیچھے چھوڑ دیا ہے جن کے نام 20 گرینڈ سلیم خطاب ہیں۔

نڈال کا یہ دوسرا آسٹریلین اوپن خطاب ہے۔ انہوں نے یہ خطاب 13 سال کے وقفے کے بعد جیتا ہے۔ اس سے قبل انہوں نے 2012، 2014، 2017 اور 2019 میں میلبورن فائنل میں شکست کے بعد 2009 میں پہلی بار خطاب جیتا تھا۔ اسپین کے نڈال کا اب گرینڈ سلیم فائنل میں 21-8 کا ریکارڈ ہو گیا ہے۔


سنہ 2019 میں جوکووچ کے ہاتھوں میلبورن فائنل ہارنے کے بعد یہ نڈال کی کسی گرینڈ سلیم فائنل میں مسلسل چوتھی جیت ہے۔ دوسری جانب آسٹریلین اوپن کے فائنل میں میدویدیف کی یہ مسلسل دوسری شکست ہے۔ گزشتہ سال فروری میں جوکووچ نے انھیں فائنل میں شکست دی تھی۔ گرینڈ سلیم فائنل میں ان کا ریکارڈ اب 1-3 ہو گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔