کون ہیں وِنیش پھوگاٹ جنہوں نے ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا کے خلاف آواز اٹھائی؟

ونیش پھوگاٹ کی پیدائش 25 اگست 1994 کو ہریانہ کے چرخی-دادری ضلع میں ہوئی اور وہ پہلوان راجپال پھوگاٹ کی بیٹی ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>ونیش پھوگاٹ، تصویر آئی اے این ایس</p></div>

ونیش پھوگاٹ، تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

ملک کی معروف خاتون ریسلر ونیش پھوگاٹ نے دیگر چوٹی کے پہلوانوں کے ساتھ 18 جنوری کو جنتر منتر پر ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا (ڈبلو ایف آئی) کے خلاف احتجاج کیا۔ اس دوران انہوں نے فیڈریشن کے صدر برج بھوشن شرن پر جنسی ہراسانی کا الزام لگایا۔ ساتھ ہی ملک کے دیگر پہلوانوں نے بھی فیڈریشن پر منمانی کی بات کی ہے۔ ونیش پھوگاٹ کے علاوہ بجرنگ پونیا، سنگیتا پھوگاٹ، سونم ملک اور انشو ملک جیسے پہلوانوں نے بھی ریسلنگ فیڈریشن آف انڈیا کے خلاف محاذ کھول دیا ہے۔

فیڈریشن کے خلاف حملہ آور ہوتے ہوئے ونیش نے کہا،’’ اب ہم نہیں جھکیں گے، ہم اپنے حقوق کے لیے لڑیں گے۔ ‘‘ونیش پھوگاٹ کا شمار ملک اور دنیا کی مقبول ترین خاتون ریسلرز میں ہوتا ہے۔ وہ اب تک ملک کے لیے ریسلنگ میں ایک درجن سے زیادہ تمغے جیت چکی ہیں۔


ونیش پھوگاٹ کی پیدائش 25 اگست 1994 کو ہریانہ کے چرخی-دادری ضلع میں ہوئی۔ وہ پہلوان راجپال پھوگاٹ کی بیٹی ہیں۔ دیگر خواتین پہلوان گیتا پھوگاٹ، ببیتا پھوگاٹ اور ریتو پھوگاٹ ان کی کزن ہیں۔ گھر میں شروع سے ہی پہلوانی کا ماحول تھا۔ اسی لیے ونیش نے بھی ریسلنگ میں ہاتھ آزمایا۔

2013 میں، اس نے جوہانسبرگ میں منعقدہ یوتھ ریسلنگ چیمپئن شپ میں 51 کلوگرام کیٹیگری میں چاندی کا تمغہ جیتا تھا۔ اسی سال نئی دہلی میں ہونے والی ایشین چیمپئن شپ میں وہ 51 کلوگرام ویٹ کیٹیگری میں کانسے کا تمغہ جیتنے میں کامیاب رہی تھیں۔ اس کے بعد انچیون میں منعقدہ 2014 کے ایشین گیمز میں انہوں نے 48 کلوگرام ویٹ کیٹیگری میں کانسہ کا تمغہ جیتا تھا۔ اس کے بعد ونیش نے پھر کبھی پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔ وہ اب تک ریسلنگ کے مختلف مقابلوں میں ایک درجن سے زائد تمغے جیت چکی ہیں۔ ونیش کامن ویلتھ اور ایشیائی کھیلوں میں گولڈ میڈل جیتنے والی ملک کی پہلی خاتون پہلوان ہیں۔


ونیش پھوگاٹ نے اب تک ریسلنگ کے مختلف مقابلوں میں 16 تمغے جیتے ہیں۔ ان میں 5 گولڈ، 4 سلور اور 7 برانز میڈل شامل ہیں۔ ونیش نے ایشیائی چمپئن شپ میں ایک، دولت مشترکہ کھیلوں میں تین اور ایشیائی کھیلوں میں ایک گولڈ میڈل جیتا ہے۔ وہیں ونیش نے یوتھ ریسلنگ چمپئن شپ میں ایک اور ایشیائی چمپئن شپ میں تین چاندی کے تمغہ جیتے ہیں۔ اس کے علاوہ ونیش پھوگاٹ ایشین چمپئن شپ میں چار کانسے کے تمغے، ایشیائی کھیلوں میں ایک اور عالمی چمپئن شپ میں دو تمغے جیتنے میں کامیاب رہی تھیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔