ٹوکیو اولمپک: سندھو نے کانسہ جیتا، ہندوستان کو دلایا دوسرا تمغہ

سندھو اس کے ساتھ ہی اولمپکس میں مسلسل دو تمغے جیتنے والی ملک کی دوسری کھلاڑی اور یہ اعزاز حاصل کرنے والی ملک کی پہلی خاتون کھلاڑی بن گئی ہیں۔

پی وی سندھو، تصویر آئی اے ایس
پی وی سندھو، تصویر آئی اے ایس
user

یو این آئی

ٹوکیو: ہندوستان کی موجودہ چیمپئن پی وی سندھو نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اتوار کے روز چین کی ہی بنگ جیاؤ کو 15-21 ،13-21 سے شکست دے کر بیڈمنٹن سنگلز مقابلے میں کانسے کا تمغہ جیتا اور اس کے ساتھ ہی سندھو نے ہندوستان کو ٹوکیو اولمپک کھیلوں میں دوسرا تمغہ دلایا۔

سندھو اس کے ساتھ ہی اولمپکس میں مسلسل دو تمغے جیتنے والی ملک کی دوسری کھلاڑی اور یہ اعزاز حاصل کرنے والی ملک کی پہلی خاتون کھلاڑی بن گئی ہیں۔ اس سے قبل یہ کارنامہ پہلوان سشیل کمار نے حاصل کیا تھا، جنہوں نے 2008 بیجنگ اولمپکس میں کانسہ اور 2012 لندن اولمپکس میں چاندی کا تمغہ جیتا تھا۔ سندھو نے 2016 میں چاندی کا تمغہ اور اس ٹوکیو اولمپکس میں کانسے کا تمغہ جیتا۔ ہندوستان اپنے اس دوسرے تمغے کے ساتھ ریو اولمپک میں جیتے دو تمغوں سے آگے نکل گیا ہے۔


جیسے ہی سندھو نے کانسے کا تمغہ جیتا، ہندوستان کے واحد اولمپک انفرادی طلائی تمغہ جیتنے والے نشانہ باز ابھینو بندرا نے سندھو کو جیت کے لئے ٹوئٹر پر مبارکباد دی۔ سندھو کو مبارکباد دیتے ہوئے، مرکزی کھیل وزارت نے کہا، چیمپئن آپ کو بہت بہت مبارکباد۔

سندھو کو گزشتہ ریو اولمپکس کے فائنل میں اسپین کی کیرولینا مارین سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ اس بار بھی وہ سیمی فائنل میں چینی تائی پے کی تائی جو ینگ سے ہار گئیں لیکن انہوں نے کانسے کے تمغے کے لیے لگاتار گیموں میں چین کے بنگ ژیاؤ کو شکست دی۔ چھٹی سیڈ سندھو نے 53 منٹ کے میچ میں عالمی نمبر 9 کی کھلاڑی بنگ ژیاؤ کو شکست دی۔


ہندوستانی کھلاڑی نے میچ پر اپنا کنٹرول برقرار رکھا اور برتری کو ہاتھ سے نہیں جانے دیا۔ پہلا گیم جیتنے کے بعد سندھو نے دوسرے گیم میں بھی اپنی برتری قائم رکھی۔ سیمی فائنل میں کی گئی غلطیوں سے سبق حاصل کرتے ہوئے سندھو نے کانسے کے تمغے میچ میں ان غلطیوں کو خود سے دور رکھا۔

انہوں نے بہتر کورٹ کوریج، نیٹ پر کھی، اسمیش سبھی پر اپنا کنٹرول رکھا اور بنگ ژیاؤ کو واپسی کو کوئی موقع نہیں دیا۔ سندھو نے میچ پوائنٹس جیتتے ہی مٹھی پکڑ کر خوشی کا اظہار کیا۔ اپنی شاندار جیت سے انہوں نے ہندوستان کے لیے ایک نئی تاریخ رقم کی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔