ٹوکیو اولمپکس: میری کوم اور منپریت سنگھ افتتاحی تقریب میں ہندوستانی پرچم بردار ہوں گے
ایسوسی ایشن کے مطابق اولمپک کے لئے ہندوستانی دستہ میں تقریباً 126 ایتھلیٹ اور 75 حکام ہوں گے۔ دستہ میں 56 فیصد مرد اور 44 فیصد خواتین شامل ہیں۔
نئی دہلی: چھ بار کی عالمی مکہ باز چیمپئن ایم سی میری کوم اور مرد ہاکی ٹیم کے کپتان منپریت سنگھ ٹوکیو اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں ہندوستان کے پرچم بردار ہوں گے۔ ہندوستانی اولمپک ایسوسی ایشن (آئی او اے) نے پیر کو اس کا اعلان کیا۔ 2018 کے عالمی کشتی چیمپئن شپ میں چاندی کا تمغہ جیتنے والے اور ہندوستان کے لئے سب سے بڑا تمغہ لانے والی امیدوں میں سے ایک بجرنگ پونیا آٹھ اگست کو اختتامی تقریب میں پرچم بردار ہوں گے۔
ہندوستانی اولمپک ایسوسی ایشن نے ٹوکیو اولمپک کھیلوں کی آرگنائزنگ کمیٹی کو اس سلسلہ میں اپنے فیصلہ سے واقف کرا دیا ہے۔ ایسوسی ایشن کے مطابق اولمپک کے لئے ہندوستانی دستہ میں تقریباً 126 ایتھلیٹ اور 75 حکام ہوں گے۔ دستہ میں 56 فیصد مرد اور 44 فیصد خواتین شامل ہیں۔
خیال رہے کہ آئندہ ٹوکیو کھیلوں میں ’صنفی مساوات‘ کو یقینی کرنے کے لئے پہلی بار ہندوستان نے ایک مرد اور ایک خاتون ایتھلیٹ کو پرچم بردار منتخب کیا ہے۔ گزشتہ سال کی شروعات میں بین الاقوامی اولمپک کمیٹی (آئی او سی) نے افتتاحی تقریب میں دونوں صنفوں کے لئے پرچم برداری کا انتظام کیا تھا۔
انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے سربراہ تھامس باک نے ایک بیان میں کہا کہ آئی او سی کے ایکزیکیوٹیو بورڈ نے فیصلہ کیا ہے کہ پہلی بار 206 ٹیموں میں سے ہر ایک میں کم از کم ایک خاتون اور ایک مرد ایتھلیٹ اور کھیلوں میں حصہ لینے والے ایک آئی او سی پناہ گزیں اولمپک ٹیم ہونی چاہیے۔ ٹوکیو اولمپک 23 جولائی سے آٹھ اگست تک ہوں گے۔ بنیادی طور پر یہ انعقاد گزشتہ برس ہونا تھا لیکن کورونا وبا کی وجہ سے اسے ملتوی کرنا پڑا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔