ٹوکیو اولمپکس میں ہندوستان کے لیے کیسا رہا آج کا دن، جانیے پوری تفصیل
ایک طرف آج پی وی سندھو کا گولڈ میڈل جیتنے کا خواب ٹوٹ گیا، تو دوسری طرف اتھلیٹکس سے ہندوستان کو خوشخبری ملی جب کمل پریت کور نے ڈسکس تھرو کے فائنل میں جگہ بنائی۔
ٹوکیو اولمپک 2020 میں ہندوستان کے لیے آج نواں دن تھا اور کچھ اچھی خبروں کے ساتھ مایوس کرنے والی خبریں بھی سامنے آئیں۔ جن کھلاڑیوں سے ہندوستانی کھیل شیدائیوں کو آج سب سے زیادہ امید تھی انھوں نے مایوس کیا۔ ہندوستان کی بیڈمنٹن اسٹار پی وی سندھو کے پاس سیمی فائنل جیت کر ملک کے لیے گولڈ میڈل یقینی بنانے کا موقع تھا، لیکن ایسا نہیں ہوا۔ چینی تائپے کی عالمی نمبر وَن تائی تجو ینگ نے سندھو کو 18-21، 12-21 سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی۔ حالانکہ سندھو کے لیے تمغہ کی امید ختم نہیں ہوئی ہے کیونکہ کانسہ کے تمغہ کے لیے کل وہ میچ کھیلنے والی ہیں۔
اس سے قبل ہندوستان کو باکسنگ اور آرچری شعبہ سے مایوس کرنے والی خبر سننے کو ملی۔ باکسنگ میں پوجا رانی کوارٹر فائنل کا مقابلہ ہار کر باہر ہو گئی ہیں، وہیں باکسر امت پنگھال اور تیرانداز اتنو داس اپنے اپنے مقابلے ہار گئے۔ امت پنگھال کا پہلے ہی راؤنڈ میں ناک آؤٹ ہو جانا ملک کے لیے بڑا جھٹکا رہا۔ حالانکہ اتھلیٹکس سے ہندوستان کو خوش ہونے والی خبر ملی جب کمل پریت کور نے ڈسکس تھرو کے فائنل میں جگہ بنائی۔ یہ فائنل 2 اگست کو ہوگا۔
ہندوستانی خاتون ہاکی ٹیم نے بھی آج ہندوستانی کھیل شیدائیوں کو اچھی خبر سنائی۔ آخری پول میچ میں جنوبی افریقہ کے خلاف ہندوستان نے 3-4 سے فتح حاصل کی۔ اس درمیان نشانہ بازی میں ہندوستان کو ایک بار پھر مایوسی ہاتھ لگی۔ انجم مودگل اور تیجسونی ساونت خواتین کی 50 میٹر رائفل 3 پوزیشن کے فائنل میں جانے سے محروم ہو گئیں۔ اسی طرح لانگ جمپ میں ایم شری سنکر فائنل میں پہنچنے سے محروم ہر گئے۔ وہ 13ویں مقام پر رہے اور بے حد قریب پہنچ کر فائنل کے لیے کوالیفائی نہیں کر سکے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔