ہندوستانی ٹیم نے چمپئنز ٹرافی پر پانچویں مرتبہ کیا قبضہ، فائنل میں چین کو 0-1 سے شکست دے کر رقم کی تاریخ
آخری لمحات میں چین کے کھلاڑیوں نے بہت دیر تک گیند کی پوزیشن اپنے پاس رکھی، لیکن ہندوستان کا ڈیفنس شاندار رہا اور چینی کھلاڑیوں کو ایک بھی گول کرنے میں کامیابی حاصل نہیں ہوئی۔
ہندوستان نے آج ہاکی ایشین چمپئنز ٹرافی کے فائنل مقابلہ میں چین کو 0-1 سے شکست دے کر خطاب اپنے نام کر لیا۔ پہلے تین کوارٹر میں کوئی گول نہیں ہوا، لیکن چوتھے اور آخری کوارٹر میں ہندوستان نے بڑی مشکل سے ایک گول کر سبقت بنائی جو کہ کھیل ختم ہونے تک برقرار رہی۔ میچ کا واحد گول ہندوستانی کھلاڑی جگراج نے کیا۔ یہ ایشین چمپئنز ٹرافی کی تاریخ میں مجموعی طور پر پانچویں مرتبہ ہے جب ہندوستان نے یہ ٹرافی اپنے نام کی ہے۔
میچ کے شروع میں چین نے جارحانہ رویہ اختیار کرتے ہوئے ہندوستانی ڈیفنس کو بیک فُٹ پر لا دیا تھا۔ اس کے باوجود پہلے ہی کوارٹر میں ہندوستان کو 2 پنالٹی کارنر ملے، لیکن دونوں بار چینی گولچی نے اپنے گول پوسٹ کو محفوظ رکھا۔ دوسرے اور تیسرے کوارٹر میں بھی دونوں ٹیموں نے گول داغنے کی بھرپور کوشش کی، لیکن میچ کا واحد گول 51ویں منٹ میں دیکھنے کو ملا جہاں ہندوستانی کپتان ہرمن پریت سنگھ نے جگراج کو پاس کیا اور انھوں نے گیند کو پوسٹ میں دھکیل کر شاندار گول کر دیا۔
آخری لمحات میں چین کے کھلاڑیوں نے بہت دیر تک گیند کی پوزیشن اپنے پاس رکھی، لیکن ہندوستان کا ڈیفنس بھی شاندار رہا۔ نتیجہ یہ ہوا کہ بھرپور کوشش کے بعد بھی چینی کھلاڑی گول نہیں کر سکے۔ اس سے قبل ٹورنامنٹ کے گروپ اسٹیج میں ہندوستان اور چین آمنے سامنے جب آئے تھے تو وہاں بھی ہندوستانی ٹیم کو جیت حاصل ہوئی تھی۔ اس میچ میں ہندوستان کی طرف سے 3 گول کیے گئے تھے، جبکہ چین کی طرف سے کوئی بھی گول نہیں کیا گیا تھا۔ اس طرح دیکھا جائے تو پورے ٹورنامنٹ میں ہندوستان کے خلاف چین نے ایک بھی گول نہیں کیا، جبکہ ہندوستان نے چین کے خلاف مجموعی طور پر 4 گول کیے۔
اس جیت کے ساتھ ہندوستان نے طلائی اور چین نے نقرئی تمغہ اپنے نام کر لیا ہے۔ دوسری طرف پاکستان نے تیسرے مقام کے لیے ہوئے میچ میں جنوبی کوریا کو 2-5 سے شکست دی تھی جس کے بعد پاکستان کو کانسے کا تمغہ حاصل ہوا ہے۔ جہاں تک ایشیائی چمپئنز ٹرافی کی تاریخ کا معاملہ ہے، اس کی شروعات 2011 میں ہوئی تھی جہاں فائنل میں ہندوستان نے پنالٹی شوٹ آؤٹ میں 2-4 سے پاکستان کو شکست دے کر خطاب اپنے نام کیا تھا۔ اس کے بعد ہندوستان نے 2016 میں ایک بار پھر پاکستان کو 2-3 سے ہرا کر چمپئن بنا تھا۔ 2018 میں ہندوستان اور پاکستان کو مشترکہ فاتح قرار دیا گیا تھا۔ 2023 میں کھیلے گئے چمپئنز ٹرافی کے فائنل میں ہندوستان نے ملیشیا کو 3-4 سے شکست دے کر یہ خطاب جیتا تھا۔ اب ایک بار پھر 2024 میں یہ خطاب اپنے نام کر ہندوستان تاریخ رقم کرتے ہوئے پانچویں مرتبہ چمپئن بن گیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔