امریکہ کی عظیم خاتون ٹینس کھلاڑی سیرینا ولیمس نے ریٹائرمنٹ کا کیا اعلان
اپنے پوسٹ میں 40 سالہ کھلاڑی سیرینا ولیمس لکھتی ہیں کہ ’’مجھے ایک ماں ہونے، اپنے روحانی اہداف اور آخر میں ایک الگ لیکن صرف دلچسپ سیرینا کی تلاش پر توجہ مرکوز کرنی ہے۔‘‘
خاتون ٹینس میں اپنا ایک خاص مقام بنانے والی امریکہ کی مایہ ناز ٹینس کھلاڑی سیرینا ولیمس نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا ہے۔ انھوں نے رسالہ ’ووگ‘ کے ستمبر شمارہ کے کور پر آنے کے بعد ایک انسٹاگرام پوسٹ کیا ہے جس میں انتہائی جذباتی انداز میں ریٹائرمنٹ کا پیغام لکھا ہے۔ 40 سالہ ٹینس اسٹار نے اپنے پوسٹ میں کہا ہے کہ ’’زندگی میں ایک وقت ایسا آتا ہے جب ہمیں ایک الگ سمت میں آگے بڑھنے کا فیصلہ کرنا ہوتا ہے۔ وہ وقت ہمیشہ مشکل ہوتا ہے جب آپ کسی چیز سے اتنی محبت کرتے ہیں۔ میں ٹینس کا لطف لیتی ہوں، لیکن اب الٹی گنتی شروع ہو گئی ہے۔‘‘
اپنے پوسٹ میں 40 سالہ کھلاڑی سیرینا ولیمس آگے لکھتی ہیں کہ ’’مجھے ایک ماں ہونے، اپنے روحانی اہداف اور آخر میں ایک الگ لیکن صرف دلچسپ سیرینا کی تلاش پر توجہ مرکوز کرنی ہے۔ میں آنے والے کچھ ہفتوں کا لطف لینے والی ہوں۔‘‘ قابل ذکر ہے کہ سیرینا ولیمس نے ٹینس کو ایک نئی اونچائی پر پہنچایا اور اپنے بہترین کھیل سے کئی لڑکیوں کو ٹینس میں دلچسپی پیدا کی۔ یہی وجہ ہے کہ ان کے ریٹائرمنٹ کے اعلان سے ان کے چاہنے والے مغموم نظر آ رہے ہیں۔
واضح رہے کہ خاتون ٹینس کی عظیم کھلاڑی سیرینا ولیمس نے یو ایس اوپن میں شاندار کارکردگی کرتے ہوئے اپنے کیریر میں مجموعی طور پر 6 بار یہ خطاب جیتا تھا۔ انھوں نے 1999، 2002، 2008، 2012، 2013 اور 2014 میں یو ایس اوپن کے خطاب پر قبضہ کای تھا۔ علاوہ ازیں وہ 23 بار گرینڈ سلیم فاتح بھی رہی ہیں۔ حالانکہ کچھ وقت سے وہ لگاتار چوٹ کا شکار رہیں اور ٹینس کورٹ پر وہ اپنی شناخت کے مطابق کارکردگی نہیں دے پا رہی تھیں۔ یہی وجہ ہے کہ انھوں نے ٹینس کورٹ کو الوداع کہنے کا اعلان کر دیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔