حکومت ہند نے ہندوستانی کبڈی ٹیم کو بھی پاکستان بھیجنے سے کیا انکار، دوستانہ میچوں کی سیریز منسوخ!
پاکستان کبڈی فیڈریشن کے سکریٹری محمد سرور رانا نے حکومت ہند کے فیصلے پر سخت مایوسی ظاہر کی ہے، انھوں نے کہا کہ ’’ہم ہندوستانی ٹیم کی میزبانی کو لے کر بہت پُرجوش تھے۔‘‘
ایک طرف حکومت ہند نے بی سی سی آئی سے صاف کر دیا ہے کہ ہندوستانی کرکٹ ٹیم ’چمپئنز ٹرافی 2025‘ میں حصہ لینے پاکستان نہیں جائے گی، اور دوسری طرف حکومت ہند نے ہندوستانی کبڈی ٹیم کو بھی پاکستان بھیجنے سے منع کر دیا ہے۔ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان 19 نومبر سے دوستانہ میچوں کی سیریز ہونی تھی، لیکن حکومت ہند کے فیصلے نے اس سیریز کی منسوخی کا راستہ ہموار کر دیا ہے۔
دوستانہ میچوں کی سیریز کے لیے ہندوستانی ٹیم کو پاکستان نہ بھیجنے کے فیصلے سے پاکستانی افسران میں مایوسی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ پاکستان کبڈی فیڈریشن (پی کے ایف) کے سکریٹری محمد سرور رانا نے اس فیصلے پر گہری مایوسی ظاہر کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ’’ہم ہندوستانی ٹیم کی میزبانی کو لے کر بہت پُرجوش تھے، لیکن اب ہمیں یہ سن کر تکلیف ہوئی ہے کہ ہندوستانی ٹیم پاکستان نہیں آئے گی۔‘‘
محمد سرور رانا نے اسے دونوں ممالک کے درمیان کبڈی کو فروغ دینے کا ایک بڑا موقع گنوانے والا قدم بتایا ہے۔ ساتھ ہی پاکستان کبڈی فیڈریشن کا کہنا ہے کہ ہندوستانی ٹیم کا دورہ منسوخ ہونے کے بعد اب وہ متبادل نمائشی میچ کے انعقاد پر غور کر رہا ہے۔ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان دوستانہ سیریز 19 نومبر سے کرتارپور، لاہور اور بہاولپور میں ہونی تھی۔ 19 نومبر کو پہلا میچ کرتارپور میں ہوتا، پھر 21 نومبر کو لاہور اور 23 نومبر کو بہاولپور میں میچ ہونا طے پایا تھا۔ لیکن اب سبھی تیاریوں پر پانی پھر گیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔