ساجن پرکاش نے تیراکی میں رقم کی تاریخ، اولمپک کے لئے کوالیفائنگ مارک حاصل کیا

ہندوستانی تیراکی فیڈریشن کے جنرل سکریٹری مونال چوکسی نے کہا کہ ہندوستانی تیراکی کے لئے یہ ایک تاریخی لمحہ ہے۔ ہم ساجن کی روم کی کامیابی سے خوش ہیں کہ انہوں نے اے کوالیفائرنگ مارک حاصل کیا ہے۔

ساجن پرکاش، تصویر آئی اے این ایس
ساجن پرکاش، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

احمد آباد: ہندوستان کے ساجن پرکاش نے سیٹے کولی روم میں فینا سے تسلیم شدہ اولمپک کوالیفائنگ ٹورنامنٹ میں 200 میٹر بٹر فلائی مقابلہ میں کسی بھی ہندوستانی کا اب تک سب سے تیز ایک منٹ 56:38 سیکنڈ کا وقت نکالا اور اولمپک کھیلوں ٹوکیو 2021 کے لئے اے کوالیفائنگ مارک حاصل کرلیا۔ ساجن اے کوالیفائنگ مارک حاصل کرنے والے پہلے ہندوستانی تیراک بن گئے ہیں جبکہ کوالیفائرنگ مارک ایک منٹ 56:48 سیکنڈ کا تھا۔ اولمپک کے لئے کوالیفائنگ وقت کی حد 27 جون تھی۔ ساجن کی کامیابی نے ہندوستانی تیراکی میں نیا ریکارڈ بنا دیا گیا۔

ہندوستانی تیراکی فیڈریشن کے جنرل سکریٹری مونال چوکسی نے کہا کہ ہندوستانی تیراکی کے لئے یہ ایک تاریخی لمحہ ہے۔ ہم ساجن کی روم کی کامیابی سے خوش ہیں کہ انہوں نے اے کوالیفائرنگ مارک حاصل کیا ہے۔ ساجن کی کامیابی سے آئندہ نسلوں کو ترغیب ملے گی۔ انہوں نے وبا سے پیدا شدہ چیلنجوں کے باوجود یہ کامیابی حاصل کی ہے۔


ساجن نے گزشتہ ہفتہ سربیا کے بلغراد میں پچھلی میٹ میں 1:56.96 کا وقت نکالا تھا لیکن روم میں وہ کوالیفائنگ مارک حاصل کرنے کے لئے پراعتماد تھے۔ یہ کامیابی حاصل کرنے کے بعد ساجن نے کہا کہ میں نے یہاں تک پہنچنے کے لئے بہت محنت کی تھی اور میں نے جس طرح ٹریننگ کی تھی اس سے مجھے اعتماد تھا کہ میں یہ مارک حاصل کرسکتا ہوں۔ یہ میرے لئے آخری موقع تھا اور میں جانتا تھا کہ مجھے یہ کام یہیں کرنا ہے میں گزشتہ کئی میٹ میں کوالیفائنگ مارک کے قریب آیا تھا لیکن میرے کوچ پردیپ سر اور میں نے اس طرح کی ٹریننگ کا منصوبہ بنایا کہ میں سربیا اور روم میں اپنی بلند ی حاصل کروں۔ مجھے خود میں اور کوچ پردیپ سر پر مکمل اعتماد تھا۔ مجھے خوشی ہے کہ میں نے یہ حاصل کرلیا ہے اور اس کے لئے میں پردیپ سر کا شکرگزار ہوں۔

تیراکی فیڈریشن کے ایکزکیوٹیو ڈائرکٹر وریندر ناناوٹی نے ساجن کو اس کامیابی کے لئے مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ فیڈریشن میں ہم تمام اس بات سے بہت خوش ہوں کہ ایک ہندوستانی تیراک نے اولمپک کھیلوں کے لئے اے کوالیفائنگ مارک حاصل کرکے عالمی سطح پر اپنی موجودگی درج کرائی ہے۔ یہ پہلی بار ہے کہ کسی ہندوستانی تیراک نے اولمپک اے مارک حاصل کیا ہے۔ میں ساجن اور ان کے کوچ پردیپ کمار کو اس کامیابی پر مبارکباد دیتا ہوں۔ روم ایونٹ میں کنیشا گپتا نے خواتین کی 100 میٹر فری اسٹائل مقابلہ میں 57.35 سیکنڈ کا وقت نکالا جبکہ شری ہری نٹراج نے مرد 100 میٹر بیک اسٹروک میں 53.90 سیکنڈ کا وقت نکالا اور محض 0.05 سیکنڈ سے اے مارک حاصل کرنے سے چوک گئے۔ اس مقابلہ میں اے مارک 53.85 سیکنڈ تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔