رونالڈو کے ایک چھوٹے سے عمل نے ’کوکا کولا‘ کو پہنچایا 4 ارب ڈالر کا نقصان
کوکا کولا کمپنی جو یورپی فٹ بال چمپئن شپ کو اسپانسر کر رہی ہے، نے منگل کو اپنے ایک بیان میں کہا کہ ’’ہر کسی کو اپنے ذائقے اور ضرورت کے مطابق اپنے لیے مشروب کا انتخاب کرنے کا حق حاصل ہے۔‘‘
لندن: بغیر کسی اپیل اور شور شرابے کے کسی کو کیسے نقصان پہنچایا جاتا ہے یہ ہنر کوئی بھی پرتگال کے عالمی شہرت یافتہ فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو سے سیکھ سکتا ہے۔ پرتگال کے عالمی شہرت یافتہ فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو نے ایک پریس کانفرنس کے دوران میز پر رکھی کوکا کولا کی دو بوتلیں ہٹا دیں اور ان کی جگہ پانی کی بوتل اٹھا کر پرتگالی زبان میں کہا ’ایگوا‘۔۔ جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ لوگوں کو کوکا کولا کے بجائے پانی پینے کی ترغیب دے رہے ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق رونالڈو کے اس عمل کے بعد کوکا کولا کے شیئرز غیر معمولی حد تک گر گئے اور سافٹ ڈرنک کی مارکیٹ ویلیو 242 ارب ڈالر سے 238 ارب ڈالر پر چلی گئی۔
برطانوی اخبار ’دا گارجین‘ کے مطابق پیر کو یورپی فٹ بال چیمپیئن شپ میں 36 سالہ کرسٹیانو رونالڈو نے بوداپسٹ پریس کانفرنس کے دوران اپنے سامنے میز پر رکھی کوکا کولا کی دو بوتلیں ہٹا کر ایک طرف رکھ دیں۔ کوکا کولا کمپنی جو یورپی فٹ بال چمپئن شپ کو اسپانسر کر رہی ہے، نے منگل کو اپنے ایک بیان میں کہا کہ ’ہر کسی کو اپنے ذائقے اور ضرورت کے مطابق اپنے لیے مشروب کا انتخاب کرنے کا حق حاصل ہے۔‘‘
یوروز کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ’کھلاڑیوں کو پریس کانفرنس کے دوران پانی کے ساتھ ساتھ کوکا کولا اور کوکا کولا زیرو بھی پیش کی جاتی ہے۔‘ سوشل میڈیا پر بھی رونالڈو کا یہ ویڈیو کلپ وائرل ہے اور صارفین کی بڑی تعداد ان کے اس عمل کو ’مثبت پیغام‘ قرار دیتے ہوئے سراہ رہے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔