پیرس اولمپکس: لکشیا کو سیمی فائنل میں شکست کا سامنا، اب کانسے کے لئے کریں گے مقابلہ
لکشیا سین پیرس اولمپکس میں مردوں کے سنگلز سیمی فائنل میں ڈنمارک کے وکٹر ایکسلسن سے ہار گئے۔ پیرس اولمپکس کا 9واں دن ہندوستان کے لیے خراب رہا اور ہاکی کے علاوہ دیگر کھیلوں میں ہندوستان بیک فٹ رہا
پیرس: ہندوستانی بیڈمنٹن اسٹار لکشیا سین اتوار کو پیرس اولمپکس میں مردوں کے سنگلز سیمی فائنل میں ڈنمارک کے وکٹر ایکسلسن سے ہار گئے۔ پیرس اولمپکس کا 9واں دن ہندوستان کے لیے خراب رہا اور ہاکی کے علاوہ دیگر کھیلوں میں ہندوستان بیک فٹ رہا۔ باکسنگ کے بعد ہندوستان کو بیڈمنٹن میں بھی شکست کا منہ دیکھنا پڑا اور ایکسلسن نے لا چیپل ایرینا میں 54 منٹ تک جاری رہنے والے میچ میں لکشیا کو 22-20، 21-14 سے شکست دی۔
تیس سالہ ایکسلسن پیر کو گولڈ ٹائٹل کے مقابلے میں تھائی لینڈ کے کنلاوت وٹیڈسرن کا مقابلہ کریں گے۔ دوسری جانب لکشیا کا پیر کو کانسے کے تمغے کے مقابلے میں ملائیشیا کے لی جی جیا سے بھی مقابلہ ہوگا۔
لکشیا کے پاس اولمپکس میں مردوں کے سنگلز بیڈمنٹن میں ہندوستان کے لیے پہلا تمغہ جیتنے کا موقع ہے۔ لکشیا نے سیمی فائنل میچ کے دونوں گیمز میں زبردست برتری حاصل کی۔ ایکسلسن پہلے گیم میں 15-9 اور دوسرے گیم میں 7-0 سے پیچھے ہو گئے تھے لیکن آخر میں دونوں مرتبہ انہوں نے ہی جیت حاصل کی۔
خیال رہے کہ لکشیا سین اولمپکس کے سیمی فائنل میں پہنچ کر پہلے ہندوستانی انفرادی مرد شٹلر بن کر پہلے ہی تاریخ رقم کر چکے ہیں۔ اب وہ اولمپک تمغہ جیتنے والے ہندوستان کے پہلے مرد شٹلر بن کر مزید اعلیٰ مقام حاصل کر سکتے ہیں۔ اب تک، صرف سائنا نہوال (لندن 2012 میں کانسے کا تمغہ) اور پی وی سندھو (ریو 2016 میں چاندی اور ٹوکیو 2020 میں کانسے کا تمغہ) نے بیڈمنٹن میں ہندوستان کے لیے اولمپک تمغے جیتے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔