ہندوستانی ہاکی ٹیم نے پیرس میں لہرایا پرچم، اسپین کو شکست دے کر کانسے کا تمغہ کیا اپنے نام
ہندوستانی ہاکی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پیرس اولمپکس 2024 میں کانسے کا تمغہ جیت لیا ہے۔ ٹیم انڈیا نے اسپین کو 2-1 سے شکست دی ہے
پیرس: ہندوستانی ہاکی ٹیم نے پیرس میں پرچم لہرا کر تاریخ رقم کر دی ہے۔ ہرمن پریت سنگھ کی کپتانی والی ٹیم انڈیا نے پیرس اولمپکس 2024 میں کانسے کا تمغہ جیتا ہے۔ ٹیم انڈیا نے اسپین کو 2-1 سے شکست دی۔ ہندوستان کی جانب سے دونوں گول کپتان ہرمن پریت سنگھ نے کئے۔ یہ میچ ٹیم انڈیا کے لیجنڈری گول کیپر پی سریجیش کے لیے بہت خاص تھا، کیونکہ یہ ان کے کیریئر کا آخری میچ ہے۔
پہلے کوارٹر میں دونوں ٹیمیں ایک دوسرے سے سخت مقابلہ کرتی نظر آئیں لیکن اس میں ایک بھی گول نہ ہو سکا۔ دوسرے کوارٹر میں اسپین نے بازی ماری اور مارک میرالس نے 18ویں منٹ میں گول کر دیا۔ تاہم اسپین کی خوشی زیادہ دیر قائم نہ رہ سکی۔ ہندوستانی کپتان ہرمن پریت سنگھ نے اپنی طاقت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہندوستان کی جانب سے ایک گول کیا۔ اس طرح ہندوستان اور اسپین کی ٹیمیں دوسرے کوارٹر کے اختتام تک 1-1 سے برابر رہیں۔
ٹیم انڈیا تیسرے کوارٹر کے دوران کافی جارحانہ نظر آئی اور کوارٹر کے آغاز میں ہی ایک گول کر دیا۔ ہرمن پریت نے 33ویں منٹ میں پنالٹی کارنر کا فائدہ اٹھاتے ہوئے یہ گول کیا۔ اس کے ٹھیک بعد 35ویں منٹ میں ابھیشیک کو گرین گارڈ دکھایا گیا۔ تاہم وہ بھی 37ویں منٹ میں میدان میں واپس آ گئے۔ تیسرے کوارٹر کے اختتام تک ٹیم انڈیا کو 2-1 کی برتری حاصل تھی۔
خیال رہے کہ ہندوستانی ہاکی ٹیم نے پیرس اولمپکس 2024 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ ٹیم انڈیا نے اپنے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ کو 3-2 سے شکست دی تھی۔ اگلا میچ ارجنٹائن کے ساتھ برابر رہا۔ ہندوستان نے تیسرے میچ میں آئرلینڈ کو 2-0 سے شکست دی تھی۔ بیلجیم کے خلاف اسے شکست کا منہ دیکھنا پڑا، تاہم ٹیم انڈیا نے آسٹریلیا کے خلاف تاریخی جیت درج کی۔ ہندوستان نے آسٹریلیا کو 3-2 سے شکست دی تھی۔ اس نے برطانیہ کو بھی شکست سے ہم کنار کیا۔ سیمی فائنل ٹیم انڈیا کو جرمنی کے خلاف شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ تاہم اپنے آخری مقابلہ میں جیت حاصل کرنے اس نے کانسے کا تمغہ اپنے نام کر لیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔