حیرت انگیز! اولمپک میں طلائی تمغہ جیتنے والی جنوبی کوریائی کھلاڑی سے دھلوائے گئے مرد کھلاڑیوں کے انڈرگارمنٹس
جنوبی کوریا کی پارلیمنٹ نے جب معاملے کی جانچ کرائی تو اس میں انکشاف ہوا کہ بیڈمنٹن نیشنل ٹیم نے این سے یَنگ پر بے انتہا مظالم کیے اور یہ طویل مدت سے ہو رہا تھا۔
جنوبی کوریا کی مشہور بیڈمنٹن کھلاڑی این سے یَنگ کے ساتھ کئی سالوں سے مظالم ہو رہے تھے شکایت کے باوجود ظالموں پر کارروائی نہیں کی جا رہی تھی۔ اب جبکہ جنوبی کوریا کی پارلیمنٹ کے ذریعہ کرائی گئی ایک جانچ میں ظلم کا انکشاف ہوا ہے تو پوری دنیا حیران ہے۔ پیرس اولمپک میں طلائی تمغہ جیتنے والی یَنگ کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ نہ صرف ان کے ساتھ گالی گلوچ کی گئی بلکہ انھیں پیٹا بھی گیا۔ یہاں تک کہ ان سے مرد کھلاڑیوں کے انڈرگارمنٹس تک دھلوائے گئے۔
جنوبی کوریا کی پارلیمنٹ کے ذریعہ کرائی گئی جانچ میں انکشاف ہوا ہے کہ بیڈمنٹن نیشنل ٹیم نے ان پر بے انتہا ظلم کیے اور یہ سب طویل عرصہ سے جاری تھا۔ جانچ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس کھلاڑی سے سبھی سینئر کھلاڑی اور کوچ اپنے کپڑے دھلواتے تھے۔ یَنگ نے اس کی شکایت بھی کی، لیکن جنوبی کوریائی بیڈمنٹن ایسو سی ایشن نے اس معاملے میں کوئی کارروائی نہیں کی۔
پیرس اولمپک میں طلائی تمغہ جیتنے کے بعد یَنگ نے جب سوشل میڈیا پر اپنے شیدائیوں کو بتایا کہ کس طرح گزشتہ 7 سالوں سے ان پر ان کی ہی ٹیم کے اراکین ظلم کر رہے تھے، تو سبھی حیران ہوئے۔ انھوں نے کوریا بیڈمنٹن ایسو سی ایشن کی خوب تنقید بھی کی تھی۔ اس سوشل میڈیا پوسٹ کے بعد ہی اس معاملے کی جانچ شروع ہوئی اور اب قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کا راستہ ہموار ہو گیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔