ہاکی عالمی کپ: کوارٹر فائنل کے لیے ’کراس اوور‘ میں کھیلنے والی 8 ٹیموں کے نام طے، ہندوستان کا نیوزی لینڈ سے ہوگا مقابلہ

ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان مقابلہ 22 جنوری یعنی اتوار کو کھیلا جائے گا، یہ مقابلہ بھونیشور کے کلنگا اسٹیڈیم میں شام 7.00 بجے شروع ہوگا۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر آئی اے این ایس</p></div>

تصویر آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

ہاکی عالمی کپ کے کوارٹر فائنل میں پہنچنے والی 4 ٹیموں کا نام سامنے آ چکے ہیں، اور باقی 4 ٹیموں کا پتہ ’کراس اوور‘ میچوں کے بعد ہوگا۔ کوارٹر فائنل کے لیے کراس اوور میچوں میں کھیلنے والی 8 ٹیموں کا نام بھی سامنے آ چکے ہیں۔ اچھی بات یہ ہے کہ ہندوستان کی امیدیں اس عالمی کپ میں برقرار ہیں اور کراس اوور میچ میں اس کا مقابلہ نیوزی لینڈ سے ہوگا۔

قابل ذکر ہے کہ عالمی کپ میں 16 ٹیموں کو 4 گروپ میں تقسیم کیا گیا تھا۔ ہر گروپ سے سرفہرست رہنے والی ٹیمیں براہ راست کوارٹر فائنل میں پہنچ گئیں اور چوتھے مقام پر رہنے والی ٹیمیں باہر ہو گئیں۔ کوارٹر فائنل میں پہنچنے والی ٹیموں میں پول ’اے‘ سے آسٹریلیا، پول ’بی‘ سے بلجیم، پول ’سی‘ سے نیدرلینڈ اور پول ’ڈی‘ سے انگلینڈ ہے۔ باہر ہونے والی ٹیموں میں پول ’اے‘ سے جنوبی افریقہ، پول ’بی‘ سے جاپان، پول ’سی‘ سے چلی اور پول ’ڈی‘ سے ویلس ہے۔


کراس اوور میچ کے لیے ہر گروپ سے دوسرے اور تیسرے مقام پر رہنے والی ٹیمیں پہنچی ہیں۔ پول ’اے‘ سے ارجنٹائنا اور فرانس، پول ’بی‘ سے جرمنی اور جنوبی کوریا، پول ’سی‘ سے ملیشیا اور نیوزی لینڈ، اور پول ’ڈی‘ سے ہندوستان اور اسپین نے کراس اوور میں جگہ بنائی ہے۔ اس راؤنڈ میں پول ’اے‘ کی ٹیموں کا مقابلہ پول ’بی‘ کی ٹیموں سے، اور پول ’سی‘ کی ٹیموں کا مقابلہ پول ’ڈی‘ کی ٹیموں سے ہوگا۔ پول ’اے‘ میں دوسرے مقام پر رہنے والی ٹیم پول ’بی‘ میں تیسرے مقام پر رہنے والی ٹیم سے کھیلے گی۔ علاوہ ازیں پول ’اے‘ میں تیسرے مقام پر رہنے والی ٹیم پول ’بی‘ میں دوسرے مقام پر رہنے والی ٹیم کے خلاف کھیلے گی۔ اور اسی طرح پول ’سی‘ اور پول ’ڈی‘ کی ٹیموں کے درمیان مقابلہ ہوگا۔

ہندوستانی ٹیم پول ’ڈی‘ میں دوسرے مقام پر رہی تھی۔ اس نے تین میچوں میں سے دو میچوں میں جیت حاصل کی تھی۔ انگلینڈ کے خلاف ہندوستان کا میچ ڈرا رہا تھا۔ ہندوستان اور انگلینڈ کے 7-74 پوائنٹس تھے، لیکن زیادہ گول کی وجہ سے انگلینڈ براہ راست کوارٹر فائنل میں پہنچنے میں کامیاب ہوگیا۔ ہندوستانی ٹیم اب پول ’سی‘ میں تیسرے مقام پر رہنے والی ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گی۔ نیوزی لینڈ کو تین میچوں میں صرف ایک جیت ملی ہے اور دو میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان مقابلہ 22 جنوری یعنی اتوار کو کھیلا جائے گا۔ یہ مقابلہ بھونیشور کے کلنگا اسٹیڈیم میں شام 7.00 بجے شروع ہوگا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔