ہاکی انڈیا نے گول کیپر شریجیش کے احترام میں ’جرسی نمبر 16‘ کو ریٹائر کرنے کا کیا اعلان

ہاکی انڈیا کے جنرل سکریٹری بھولاناتھ سنگھ نے اعلان کیا کہ تقریباً دو دہائی تک 16 نمبر کی جرسی پہننے والے 36 سالہ شریجیش اب جونیئر ہاکی ٹیم کے قومی کوچ کا کردار نبھائیں گے۔

<div class="paragraphs"><p>شریجیش، تصویر&nbsp;<a href="https://twitter.com/TheHockeyIndia">@TheHockeyIndia</a></p></div>

شریجیش، تصویر@TheHockeyIndia

user

قومی آوازبیورو

ہندوستانی ہاکی ٹیم کو تقریباً دو دہائی سے اپنی خدمات دے رہے مایہ ناز گول کیپر شریجیش نے پیرس اولمپک کے بعد ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔ اب ہاکی انڈیا نے بدھ کے روز اس بے مثال گول کیپر کی جرسی نمبر 16 کو ریٹائر کرنے کا فیصلہ سنایا ہے۔ یہ فیصلہ شریجیش کے ذریعہ ہندوستانی ہاکی میں پیش کیے گئے تعاون کو دیکھتے ہوئے ان کے احترام میں لیا گیا ہے۔ پی آر شریجیش نے پیرس اولمپک میں ہندوستانی ہاکی ٹیم کو برانز میڈل میں جیتنے میں اہم کردار نبھایا تھا، اور یہ ان کی موجودگی میں ملک کو لگاتار دوسرا اولمپک میڈل ہے۔

ہاکی انڈیا کے جنرل سکریٹری بھولاناتھ سنگھ نے آج گول کیپر شریجیش کی کارکردگی کی تعریف کی اور انھیں جونیئر ہاکی ٹیم کا کوچ بنانے کا بھی اعلان کیا۔ انھوں نے کہا کہ تقریباً دو دہائی تک 16 نمبر کی جرسی پہننے والے 36 سالہ شریجیش جونیئر ہاکی ٹیم کے قومی کوچ کا کردار نبھائیں گے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ’’شریجیش اب جونیئر ٹیم کے کوچ بننے جا رہے ہیں اور اہم سینئر ٹیم کے لیے 16 نمبر کی جرسی کو ریٹائر کر رہے ہیں۔ ہم جونیئر ٹیم کے لیے 16 نمبر کی جرسی ریٹائر نہیں کر رہے۔‘‘


واضح رہے کہ ہندوستان نے پیرس اولمپک 2024 میں اسپین کو 1-2 سے شکست دے کر برانز میڈل پر قبضہ کیا تھا، اور اس کے ساتھ ہی شریجیش نے ہاکی کو الوداع کہہ دیا۔ شریجیش طویل مدت سے ہندوستانی ہاکی ٹیم کے اہم رکن رہے ہیں۔ شریجیش نے پیرس اولمپک میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور مخالف ٹیم کے سامنے دیوار بن کر کھڑے رہے۔ اسپین کے خلاف برانز میڈل مقابلے میں بھی شریجیش نے آخری کوارٹر میں شاندار دفاع کا مظاہرہ کیا تھا اور اسپین کے کھلاڑیوں کو سبقت لینے سے روکا تھا۔ اس طرح انھیں جیت کے ساتھ ہاکی کو الوداع کہنے کا موقع ملا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔