ہیرو انڈین سپر لیگ: جارج اورٹیز کے شاندار شاٹ نے چنئی کے ڈیفنس میں لگائی نقب
بیمبولن کے جی ایم سی ایتھلیٹک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ہیرو انڈین سپر لیگ (آئی ایس ایل) 2021-22 کے اس لیگ میچ میں ایف سی گوا نے چنئی ایف سی کو 1-0 سے شکست دی۔
بیمبولن: چنئین ایف سی کی جیت کے لیے زیادہ ڈیفنسیو رہنے کی حکمت عملی نقصان دہ ثابت ہوئی۔ اس کی وجہ سے جارج اورٹیز کے واحد گول سے ایف سی گوا لگاتار دو شکست کے بعد جیت حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔ ہفتہ کی رات بیمبولن کے جی ایم سی ایتھلیٹک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ہیرو انڈین سپر لیگ (آئی ایس ایل) 2021-22 کے اس لیگ میچ میں ایف سی گوا نے چنئی ایف سی کو 1-0 سے شکست دی۔ گوا کے دفاعی کھلاڑی انور علی کو ان کے شاندار ڈیفنس کے لئے ہیرو آف دی میچ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔
اس جیت کے ساتھ ہی گوا نویں مقام سے چھلانگ لگاکر آٹھویں نمبر پر پہنچ گئی ہے۔ کوچ ڈیرک پریرا کی ٹیم 10 میچوں میں تین جیت اور تین ڈرا کے ساتھ 12 پوائنٹس حاصل کرچکی ہے۔ اس کے ساتھ ہی اس شکست کی وجہ سے چنئی کا ٹاپ فور میں پہنچنے کا خواب آج شرمندہ تعبیر نہ ہو سکا ہے۔ کوچ بوزیدار بینڈووچ کی چیمپئن ٹیم 10 میچوں میں 14 پوائنٹس کے ساتھ فہرست میں چھٹے نمبر پر برقرار ہے۔ چنئی کے کھاتے میں چار جیت اور دو ڈرا ہیں۔
اس میچ میں چنئی نے اتنی زیادہ دفاعی فٹ بال کھیلی کہ اس کی جانب سے صرف ایک بار درست نشانہ لگایا جاسکا، جسے میرلان مرزایف نے دوسرے ہاف میں رائٹ فوٹر سے لیا تھا لیکن اسے گول کیپر نوین کمار نے آسانی سے روک لیا۔ میچ کا پہلا گول 82 ویں منٹ میں ہوا جب جارج اورٹیز نے ایک عمدہ لیفٹ فوٹر بنا کر ایف سی گوا کو 1-0 سے آگے کر دیا۔ باکس کے باہر سے اسپینش فارورڈ کے لگائے گئے شاٹ پر چکما کھاکر چنئی کے گول کیپر دیب جیت مجمدار گیند کو اپنے اوپر سے گول پوسٹ کے اندر جاتے ہوئے دیکھنے کے سوا کچھ نہیں کر سکے۔
یہ بھی پڑھیں : بس صبر کا دامن پکڑے رہیے ... ظفر آغا
پہلا ہاف گول کے بغیر رہا کیونکہ دونوں ٹیموں کا ڈیفنس کے کھیل پر دبدبہ رہا، کیونکہ کسی نے بھی جارحیت کا مظاہرہ نہیں کیا۔ ایف سی گوا حملوں کے معاملے میں کچھ بہتر رہی۔ مڈ فیلڈر گلین مارٹن اور اسپینش مڈ فیلڈر البرٹو نوگویرا کے شاٹس نے چنئی کے گول کیپر دیب جیت مجمدار کو دفاع کرنے پر مجبور کیا، جبکہ گوا کے گول کیپر نوین کمار کا امتحان چنئی کے فارورڈ نہیں لے سکے۔ گوا کی ٹیم کا کنٹرول گیند پر 65 فیصد رہا اور اسے بار بار چنئی کے باکس میں داخل ہونے کی کوشش کرتے دیکھا گیا۔ گوا کی طرف سے کل آٹھ شاٹ لگائے گئے جن میں سے دو شاٹ نشانے پر تھے جبکہ چنئی کی جانب سے لگے دو شاٹ بے سمت رہیں۔ اس طرح ہاف ٹائم تک اسکور 0-0 تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔