گنیز ورلڈ ریکارڈ: دوبئی میں مقیم ہندوستانی نوجوان 30 سیکنڈ میں ایک پیر پر 101 بار کودا
سوہم مکھرجی کا کہنا ہے کہ وہ 13 سال سے تائیکوانڈو کی پریکٹس کر رہا ہے اور یہی وجہ ہے کہ ایک پیر سے 30 سیکنڈ میں 101 بار کودنے کا ریکارڈ بنا سکا۔
دہلی سے تعلق رکھنے والے دوبئی میں مقیم 17 سالہ نوجوان سوہم مکھرجی نے ایک ایسا کارنامہ انجام دیا ہے جس کی وجہ سے اس کا نام گنیز ورلڈ ریکارڈ کی کتاب میں درج ہو گیا ہے۔ انھوں نے 30 سیکنڈ کے اندر ایک پیر پر 101 مرتبہ کودنے کا کارنامہ انجام دیا ہے۔ گنیز ورلڈ ریکارڈ ادارہ نے اس سلسلے میں باضابطہ ایک بیان جاری کیا ہے جس میں کہا ہے کہ "بیڈ روم میں بنائے گئے ایک ویڈیو میں سوہم مکھرجی کل 110 بار کودا ہے، لیکن ان میں سے 9 کو درست نہیں مانا گیا۔"
قابل ذکر ہے کہ سوہم مکھرجی سے قبل یہ ریکارڈ 30 سیکنڈ میں ایک پیر پر 96 بار کودنے کا تھا، لیکن اب یہ سہرا ہندوستانی نوجوان کے سر بندھ گیا ہے۔ سوہم مکھرجی نے اپنے اس کارنامہ کے تعلق سے بتایا کہ اس نے ایک پیر سے کودنے کا جو ویڈیو بنایا اس کو دو کیمروں کے ذریعہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔ ان کے ویڈیو کو سلو موشن میں بھی دیکھا گیا تھا تاکہ لائن آبجیکٹ اور ان کے پیر صاف صاف دکھائی دیں۔ سوہم کا کہنا ہے کہ وہ 13 سال سے تائیکوانڈو کی پریکٹس کر رہا ہے اور یہی وجہ ہے کہ ایک پیر سے 30 سیکنڈ میں 101 بار کودنے کا ریکارڈ بنا سکا۔
سوہم کے ذریعہ ایک پیر سے کودنے کا جو ویڈیو سامنے آیا ہے اس میں دکھائی پڑ رہا ہے کہ ایک اسٹیشنری رولر رکھا ہوا ہے اور سوہم ایک پیر سے تیزی کے ساتھ اس اسٹیشنری رولر کے دونوں طرف یکے بعد دیگرے کود رہے ہیں۔ اس دوران سوہم کا بیلنس دیکھنے لائق ہے کیونکہ اس نے خود پر بہت اچھی طرح سے قابو پا رکھا ہے اور ایک پیر تیز رفتاری کے ساتھ اپنی حرکت کر رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : سی بی ایس ای: دسویں جماعت کے نتائج کا اعلان کل ہوگا
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔