فٹبال کے عظیم کھلاڑی ڈیاگو میراڈونا کا انتقال، دنیائے کھیل میں صف ماتم، ارجنٹائن میں قومی سوگ
میراڈونا کی گزشتہ دنوں دماغ کی کامیاب سرجری بھی ہوئی تھی جس کے بعد انہیں ڈسچارج کر دیا گیا تھا لیکن اب چند ہفتوں بعد حرکت قلب بند ہو جانے ان کا انتقال ہو گیا
بیونس آئرس: فٹبال کی دنیا میں راج کرنے والے ارجنٹائن کے سابق انٹرنیشنل پروفیشنل فٹبالر ڈیاگو میراڈونا انتقال کر گئے۔ میراڈونا کی گزشتہ دنوں دماغ کی کامیاب سرجری بھی ہوئی تھی جس کے بعد انہیں ڈسچارج کر دیا گیا تھا لیکن اب چند ہفتوں بعد حرکت قلب بند ہو جانے ان کا انتقال ہو گیا۔
میراڈونا کا جس وقت انتقال ہوا وہ اس دوران بیونس آئرس میں اپنے گھر میں ہی موجود تھے۔ لیجنڈری کھلاڑی کی عمر 60 برس تھی اور ان دنوں وہ ارجنٹائن فٹبال ٹیم کے منیجر کی ذمہ داری ادا کر رہے تھے۔ میراڈونا کا شمار دنیا کے معروف ترین فٹبال کھلاڑیوں میں ہوتا تھا۔
میراڈونا 30 اکتوبر 1960 کو پیدا ہوئے۔ انہوں نے نیپولی اور بارسلونا ایف سی کے مڈ فیلڈرز کی حیثیت سے فٹبال میں نام کمایا۔ارجنٹائن فٹبال کے لیے ان کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔ رواں ماہ کی ابتدا میں ڈیگو میراڈونا کے دماغ میں خون کے لوتھڑے جم جانے کی سرجری ہوئی تھی۔
میراڈونا کا شمار فٹبال کے آل ٹائم عظیم کھلاڑیوں میں ہوتا تھا۔ انہوں نے 1986 میں ارجنٹائن کو فٹبال کا عالمی چیمپئن بنوانے میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے 4 عالمی کپ مقابلوں میں اپنے ملک کی نمائندگی کی تھی۔
ارجنٹائن میں سہ روزہ قومی سوگ کا اعلان
فٹبال کی تاریخ کے سب سے عظیم کھلاڑیوں میں سے ایک ڈیاگو میراڈونا کے انتقال کی خبر ملتے ہی کھیل کی دنیا میں صف ماتم بچھ گئی۔ جبکہ ارجنٹائن کے صدر البرٹو فرنانڈیز نے اپنے ملک کے اس عظیم فٹ بالر کی موت پر سہ روزہ قومی سوگ کا اعلان کر دیا ہے۔
برازیل کے عظیم فٹبالر پیلے نے بھی میراڈونا کی موت پر اظہار تعزیت کیا ہے۔ پیلے نے ایک مختصر بیان میں کہا، ’یقیناً ہم ایک دن جنت میں ایک ساتھ فٹبال کو کک ماریں گے‘۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 26 Nov 2020, 8:40 AM