کامن ویلتھ گیمز: ہندوستان نے ایک دن میں جیتے 5 طلائی، 4 نقرئی اور 6 کانسے، اب تک 55 تمغے حاصل

کھیلوں کے دسویں دن 7 اگست کو ہندوستان نے 15 تمغے اپنے نام کئے، جن میں 5 طلائی، 4 نقرئی اور 6 کانسی شامل ہیں، نکہت زرین نے 48-50 کلو وزن کے زمرہ میں شمالی آئرلینڈ کی مکہ باز کو شکست دے کر طلائی جیتا

نکہت زرین / ٹوئٹر
نکہت زرین / ٹوئٹر
user

قومی آواز بیورو

برمنگھم: برطانیہ کے برمنگھم میں کھیلے جا رہے کامن ویلتھ گیمز 2022 میں ہندوستانی کھلاڑیوں کا شاندار کارکردگی کا مظاہرہ جاری ہے۔ کھیلوں کے دسویں دن (اتوار کے روز) 7 اگست کو ہندوستان نے 15 تمغے اپنے نام کئے۔ اس میں 5 گولڈ، 4 سلور اور 6 برونز میڈل شامل ہیں۔ اسی کے ساتھ ٹیبل ٹینس اور بیڈمنٹن میں ہندوستانی کھلاڑیوں نے فائنل میں پہنچ کر تمغہ جیتنا یقینی بنا دیا ہے۔

ہندوستانی خواتین کی ہاکی ٹیم نے نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گئے کانسی کے تمغے کے میچ میں کامیابی حاصل کی۔ خواتین کی ہاکی ٹیم نے 16 سال بعد کامن ویلتھ گیمز میں تمغہ جیتا ہے۔ ادھر، دپیکا پالیکل اور سورو گھوشال نے اسکواش میں ہندوستان کے لیے کانسی کا تمغہ جیتا۔ کرکٹ میں بھی ہندوستانی خواتین ٹیم نے چاندی کا تمغہ جیتا۔ بیڈمنٹن میں کیدامبی سری کانت نے مردوں کے سنگلز میں جبکہ گایتری اور ترشا جولی نے خواتین کے ڈبلز میں کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔


اتوار کے دن ہندوستان کے کئے باکسنگ میں نکہت زرین، نیتو اور امت پنگھال، جبکہ ٹریپل جمپ میں الڈوز پال نے طلائی تمغہ حاصل کیا۔ نکہت زرین نے 48-50 کلوگرام وزن کے زمرے میں شمالی آئرلینڈ کی لارلی کو یکطرفہ مقابلہ میں 5-0 سے شکست دی۔ نیتو بھی نے 45-48 کلو وزن کے زمرے میں انگریزی مکہ باز ڈیمی زیڈ ریزتان کو 5-0 سے یکطرفہ طور پر شکست دی۔

جبکہ امت پنگال نے 48-51 کلو زمرے میں انگریز کھلاڑی کیارن میک ڈونلڈ کو 5-0 سے ہرا کر طلائی تمغہ اپنے نام کیا۔ مردوں کے ٹریپل جمپ مقابلہ میں ہندوستانی ایتھلیٹ ایلڈوز پال نے 17.03 میٹر کی چھلانگ لگا کر گولڈ اپنے نام کیا۔ وہ کامن ویلتھ گیمز کی تاریخ میں ٹریپل جمپ کا گولڈ دلانے والے پہلے ہندوستانی ہیں۔

کامن ویلتھ گیمز: ہندوستان نے ایک دن میں جیتے 5 طلائی، 4 نقرئی اور 6 کانسے، اب تک 55 تمغے حاصل

ہندوستان نے کھیلوں کے دسویں دن کل 15 تمغے حاصل کئے، تاہم ہندوستان اب بھی تمغوں کی فہرست میں پانچویں مقام پر ہے۔ ہندوستان نے اب تک مجموعی طور پر 55 تمغے حاصل کئے ہیں، جن میں 18 طلائی، 15 نقرئی اور 22 کانسی شامل ہیں۔ آسٹریلیا 66 طلائی، 55 نقرئی اور 53 کانسی کے تمغوں کے ساتھ سرفہرست ہے۔ دوسری جانب میزبان انگلینڈ 55 گولڈ میڈلز کے ساتھ دوسرے اور کینیڈا 22 گولڈ میڈلز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ وہیں 19 طلائی تمغوں کے ساتھ نیوزی لینڈ چوتھے نمبر پر ہے جو بھارت سے ایک مقام اوپر ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔