مرکزی حکومت نے نیرج چوپڑا اور تین دیگر اتھلیٹ کو بیرون ملک ٹریننگ کی دی منظوری، 94 لاکھ روپے کا بجٹ
بھالا پھینک کھیل میں عالمی شہرت حاصل کر چکے نیرج چوپڑا اس وقت آئندہ سیزن یعنی 2023 کے مقابلوں کے لیے تیاری کر رہے ہیں، انھوں نے 2022 کا سیزن شاندار انداز میں ختم کیا ہے۔
مرکزی حکومت نے مشہور اتھلیٹ نیرج چوپڑا اور تین دیگر اتھلیٹ کی مدد کے لیے ایک بڑا قدم اٹھانے کا اعلان کیا ہے۔ بھالا پھینک کے عالمی مقابلوں میں اپنی بہترین کارکردگی پیش کر ملک کا نام روشن کرنے والے نیرج چوپڑا اور دیگر تین اتھلیٹ کو مرکزی حکومت نے بیرون ملک ٹریننگ حاصل کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ دراصل مرکزی وزارت برائے کھیل و یوتھ نے ٹاپس (ٹارگیٹ اولمپک پوڈیم اسکیم) کے تحت کچھ کھلاڑیوں کا خرچ برداشت کرنے کا اعلان کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نیرج چوپڑا اور دیگر تین اتھلیٹ کے لیے حکومت نے 94 لاکھ روپے کا بجٹ طے کیا ہے۔ یہ فنڈ ریلیز بھی کر دیا گیا ہے اور اب منتخب اتھلیٹ بیرون ممالک میں الگ الگ کیمپوں میں حصہ لیں گے۔
قابل ذکر ہے کہ نیرج چوپڑا اس وقت آئندہ سیزن یعنی 2023 کے مقابلوں کے لیے تیاری کر رہے ہیں۔ انھوں نے 2022 کا سیزن شاندار انداز میں ختم کیا ہے۔ انھوں نے ستمبر ماہ میں زیورخ میں ہوئے ڈائمنڈ لیگ فائنل میں 88.84 میٹر کے جیولن تھرو کے ساتھ گولڈ میڈل اپنے نام کیا۔ اس کے ساتھ ہی وہ ڈائمنڈ لیگ فائنل ٹرافی جیتنے والے پہلے ہندوستانی بن گئے۔ نیرج نے چوٹ کی وجہ سے اس سال ہوئے دولت مشترکہ کھیلوں میں حصہ نہیں لیا تھا، لیکن اس کے بعد انھوں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا۔
واضح رہے کہ نیرج کا ہدف بھالا پھینک مقابلوں میں 90 میٹر کا چیلنج حاصل کرنا ہے، اور وہ اسی کی تیاری کر رہے ہیں۔ آئندہ سیزن میں نیرج کو 2023 عالمی چمپئن شپ میں حصہ لینا ہے۔ اس ٹورنامنٹ کا انعقاد آئندہ سال 19 سے 27 اگست کے درمیان ہنگری کی راجدھانی بڈاپیسٹ میں ہوگا۔ علاوہ ازیں چین کے ہوانگ جھو میں ایشین گیمز کھیلا جانا ہے۔ 2024 میں ہونے والے پیرس اولمپک کے لیے بھی کوالیفکیشن کا عمل آئندہ سال شروع ہوگا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔