آسٹریلین اوپن ٹینس: نوواک جوکووچ پر عائد ویزا پابندی ختم

آسٹریلیا کے امیگریشن وزیر اینڈریو جائلز نے جمعرات کو جوکووچ پر سے ویزا پابندی ہٹانے کی تصدیق کی ہے۔

نوواک جوکووچ، تصویر آئی اے این ایس
نوواک جوکووچ، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

کینبرا (آسٹریلیا): آسٹریلیائی حکومت نے سربیا کے ٹینس کھلاڑی نوواک جوکووچ کے داخلے پر عائد پابندی ہٹا دی ہے۔ اس سے ان کے لیے آسٹریلین اوپن ٹورنامنٹ میں کھیلنے کا راستہ کھل گیا ہے۔ آسٹریلیا کے امیگریشن وزیر اینڈریو جائلز نے جمعرات کو جوکووچ پر سے ویزا پابندی ہٹانے کی تصدیق کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جوکووچ کو عارضی ویزا دیا گیا ہے۔ آسٹریلین اوپن 16 سے 29 جنوری تک منعقد ہو رہا ہے۔ آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ 16 سے 29 جنوری تک میلبورن میں منعقد ہو رہا ہے۔

یہ فیصلہ سربیا کے ٹینس اسٹار کو دس ماہ قبل آسٹریلیا میں داخل ہونے پر حراست میں لینے کے بعد سامنے آیا ہے۔ اس وقت جوکووچ کو میلبورن میں اسی گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ کے لیے آسٹریلیا میں داخل ہوتے وقت روک دیا گیا تھا۔ انہوں نے اس وقت کووڈ۔19 کی ویکسین نہیں لی تھی۔ جوکووچ کو قانونی جنگ کے بعد آسٹریلیا سے ڈی پورٹ کر دیا گیا تھا اور مقامی ضوابط کے مطابق ان پر خود بخود تین سال کے لیے آسٹریلیا میں داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی تھی۔ حکومت نے اس پابندی کو ختم کر دیا ہے۔


انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ ملک میں غیر شہریوں کے داخلے پر پابندی لگانے والی سخت سرحدی پابندیاں ختم کر دی گئی ہیں۔ وزیر جائلز نے کہا کہ"جنوری 2022 میں جوکووچ کے ویزا کی منسوخی کے بعد سے بائیو سیفٹی ایکٹ 2015 کے تحت کووڈ-19 سے متعلق سرحدی پابندیاں ہٹا دی گئی ہیں، جس میں آسٹریلیا میں داخل ہونے کے لیے کووڈ-19 کی ویکسینیشن کے سرٹیفیکیٹ کی شرط بھی شامل ہے۔

جوکووچ گزشتہ سال میلبورن پارک میں مسلسل چوتھی بار اس ٹورنامنٹ کا مینز سنگلز ٹائٹل جیتنے کے ارادے سے یہاں آئے تھے۔ ٹورن میں اے ٹی پی فائنلز کے دوران جوکووچ نے کہا کہ وہ دوبارہ آسٹریلیا جانے کا موقع ملنے پر "بہت خوش" ہیں۔ انہوں نے کہا کہ “مجھے اس ٹورنامنٹ کے دوران اس سے اچھی خبر نہیں مل سکتی تھی۔ آسٹریلین اوپن میرا سب سے کامیاب گرینڈ سلیم رہا ہے۔ وہاں سے میری کچھ بہترین یادیں جڑی ہوئی ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔