آسٹریلین اوپن: 43 سال کی عمر میں روہن بوپنّا نے رقم کی تاریخ، ایبڈین کے ساتھ مل کر جیتا مینس ڈبلز کا خطاب
ہندوستانی ٹینس کھلاڑی روہن بوپنّا حال ہی میں مینس ڈبل کی رینکنگ میں پہلے مقام پر پہنچے ہیں، اب وہ اوپن ایرا میں گرینڈ سلیم جیتنے والے سب سے عمر دراز کھلاڑی بن گئے ہیں۔
ہندوستان کے مشہور ٹینس کھلاری روہن بوپنّا نے آسٹریلیائی اوپن کے مینس ڈبلز میں آج اس وقت تاریخ رقم کر دی جب میتھیو ایبڈین کے ساتھ مل کر انھوں نے فائنل مقابلہ میں اٹلی کی جوڑی بولیلی اور واوسوری کو شکست دے دی۔ ہفتہ کے روز بوپنا اور ایبڈین نے اطالوی جوڑی کو سیدھے سیٹوں میں شکست دے دی اور اس کے ساتھ ہی بوپنا اوپن ایرا میں گرینڈ سلیم جیتنے والے سب سے عمردراز کھلاڑی بن گئے۔
قابل ذکر ہے کہ ہندوستانی کھلاڑی بوپنا اور آسٹریلیائی کھلاڑی ایبڈین کی جوڑی نے پہلی بار آسٹریلیائی اوپن خطاب کو اپنے نام کیا ہے۔ بوپنا اور ایبڈین نے 7-6(7-0), 7-5 سے میچ کو اپنے نام کیا۔ دونوں نے ٹائی بریکر تک چلے پہلے سیٹ کو 7-6(7-0) سے جیتا تھا، اور پھر اس کے بعد دوسرا سیٹ 5-7 کے فرق سے جیت لیا۔
قابل ذکر ہے کہ 43 سالہ بوپنا حال ہی میں مینس ڈبلز کی رینکنگ میں پہلے مقام پر پہنچے ہیں۔ انھیں پدم شری ایوارڈ کے لیے بھی منتخب کیا گیا ہے۔ ان دونوں خوشخریوں کے بعد بوپنا نے اپنے چاہنے والوں کو آج آسٹریلیائی اوپن خطاب کے طور پر مزید ایک بڑی خوشخبری دے دی۔ روہن بوپنا کا گرینڈ سلیم کے مینس ڈبلز مقابلے میں آج 61واں میچ تھا۔ وہ 19 الگ الگ ساتھیوں کے ساتھ میچ کھیل چکے ہیں۔ بوپنا نے امریکہ کے راجیو رام کے ایک دلچسپ ریکارڈ کو بھی توڑ دیا ہے۔ بوپنا پہلا مینس ڈبلز خطاب جیتنے سے پہلے اس مقابلے میں سب سے زیادہ میچ کھیلنے والے کھلاڑی بن گئے۔ راجیو رام کو پہلا مینس ڈبلز گرینڈ سلیم جیتنے میں 58 میچ لگ گئے تھے۔ بوپنا نے 61ویں میچ میں یہ خطاب اپنے نام کیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔