ایشین گیمز-جیولن تھرو: نیرج چوپڑا پھر بنے گولڈن بوائے، سلور میڈل پر کشور کمار کا قبضہ

ایک وقت ایسا تھا جب کشور کمار اس مقابلے میں نیرج سے آگے ہو گئے تھے، لیکن پھر نیرج نے واپسی کی اور پھر ان کے آس پاس کوئی بھی نہیں آ سکا۔

<div class="paragraphs"><p>نیرج چوپڑا (بائیں) اور کشور کمار جینا (دائیں)</p></div>

نیرج چوپڑا (بائیں) اور کشور کمار جینا (دائیں)

user

قومی آواز بیورو

آج ہندوستان کے لیے ایشین گیمز میں جیولن تھرو مقابلہ تاریخی ثابت ہوا۔ ایک طرف اسٹار اتھلیٹ نیرج چوپڑا نے گولڈ میڈل پر قبضہ کیا، تو دوسری طرف ہندوستانی کھلاڑی کشور کمار جینا نے سلور میڈل اپنے نام کیا۔ یعنی جیولن تھرو ایونٹ میں ہندوستان کو گولڈ اور سلور دونوں تمغے حاصل ہو گئے ہیں۔

جیولن تھرو یعنی بھالا پھینک مقابلے میں نیرج چوپڑا کی جہاں سب سے بہترین کوشش 88.88 میٹر کی رہی، وہیں کشور کمار کی بہترین کوشش 87.54 میٹر کی رہی۔ ہندوستان کے لیے یہ تاریخی کامیابی ہے کیونکہ 72 سال میں پہلی بار ہے جب اس مقابلے میں ہندوستان کے ہی دو اتھلیٹ نے گولڈ اور سلور پر قبضہ جمایا ہے۔ 1951 سے مردوں کا بھالا پھینک مقابلہ ایشیائی کھیلوں کا حصہ رہا ہے، تب سے ہندوستانی کھلاڑیوں کی اتنی اچھی کارکردگی دیکھنے کو نہیں ملی تھی۔ اب ہندوستان کے پاس بھالا پھینک مقابلے میں 5 میڈل ہو گئے ہیں۔ 2 نئے میڈل سے پہلے 1951 کے دہلی ایشین گیمز میں پرسا سنگھ نے سلور میڈل، 1982 کے دہلی ایشین گیمز میں گرتیج سنگھ نے برانز میڈل اور 2018 کے جکارتہ ایشین گیمز میں نیرج نے گولڈ میڈل جیتا تھا۔


بہرحال، آج ایک وقت ایسا تھا جب کشور کمار اس مقابلے میں نیرج سے آگے ہو گئے تھے۔ لیکن پھر نیرج نے واپسی کی اور پھر ان کے آس پاس کوئی بھی نہیں آ سکا۔ اس ایونٹ میں کانسے کا تمغہ جاپان کے ڈین راڈرک گینکی نے حاصل کیا، جبکہ پاکستان کے یاسر محمد چوتھے مقام پر رہے۔ نیرج چوپڑا نے آج اس سیزن کا اپنا بہترین تھرو پھینکا، جبکہ کشور کمار جینا کا یہ ذاتی طور پر اب تک کا سب سے بہترین تھرو تھا۔

اگر ایشین گیمز میں ہندوستان کی اب تک کی کارکردگی پر نظر ڈالی جائے تو جھولی میں 81 تمغے آ چکے ہیں۔ 18 طلائی تمغوں، 31 چاندی کے تمغوں اور 32 کانسے کے تمغوں نے ہندوستان کو میڈل ٹیلی میں چوتھے مقام پر قابض رکھا ہوا ہے۔ پہلے مقام پر چین کا قبضہ برقرار ہے جس نے 171 طلائی تمغوں کے ساتھ مجموعی طور پر 316 تمغے اپنے نام کر لیے ہیں۔ دوسرے مقام پر جاپان ہے جس نے 37 طلائی تمغوں کے ساتھ مجموعی طور پر 147 تمغے حاصل کیے ہیں۔ 33 طلائی تمغوں اور مجموعی طور پر 148 تمغوں کے ساتھ کوریا تیسرے مقام پر ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔