ایشیائی کھیل: ادیتی نے گولف کے انفرادی مقابلے میں چاندی کا تمغہ جیتا، مردوں کی ٹیم ہاری
ہندوستان کی ٹاپ گولفر ادیتی اشوک نے ایشیائی کھیلوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 17 انڈر پار کے اسکور کے ساتھ خواتین کے انفرادی گولف مقابلے میں چاندی کا تمغہ جیت لیا
ہانگزو: ہندوستان کی ٹاپ گولفر ادیتی اشوک نے اتوار کو ایشیائی کھیلوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 17 انڈر پار کے اسکور کے ساتھ خواتین کے انفرادی گولف مقابلے میں چاندی کا تمغہ جیتا، جبکہ انیربان لاہری اور ان کی مردوں کی ٹیم اپنے میچ ہار گئی۔
چین میں جاری 19ویں ایشین گیمزمیں آج منعقدہ خواتین کے گولف کے انفرادی میچ میں ادیتی اشوک نے فائنل راؤنڈ سے قبل سات شاٹس کی برتری حاصل کر لی تھی۔ تاہم، ادیتی نے آج چار بوگی اور ایک ڈبل بوگی لگائی، جس سے تھائی لینڈ کی آرپیچائے یوبول نے دو شاٹ کی برتری حاصل کرلی اور گولڈ میڈل جیت لیا۔ جنوبی کوریا کی ہیونجو نے چھ درجے ترقی کر کے کانسی کا تمغہ جیتا۔
پرنوی ارس چار انڈر پار کے ساتھ 13ویں نمبر پر رہیں، جب کہ اونی پرشانت تین اوور پار کے ساتھ مشترکہ طورپر 18ویں نمبر پر رہیں۔ مردوں کے گولف مقابلے میں انیربان لاہری اور مردوں کی ٹیم کوئی تمغہ جیتنے میں ناکام رہی۔ ہندوستانی گولفر انیربان لاہری نے آج پانچ مقام کا فائدہ اٹھایا لیکن وہ مردوں کے گولف انفرادی اسٹینڈنگ میں وہ 12ویں نمبر پررہے۔ انہوں نے چار راؤنڈز کے بعد 274، -14 کا اسکور حاصل کیا۔
کھالن جوشی (27 ویں پوزیشن)، ایس ایس پی چورسیا (29 ویں پوزیشن) اور شوبھنکر شرما (32 ویں پوزیشن) بھی تمغوں کی دوڑ سے باہر رہے۔ مردوں کے ٹیم ایونٹ میں ہندوستان 34 انڈر پار کے اسکور کے ساتھ ساتویں نمبر پر رہا۔ جنوبی کوریا کی ٹیم نے گولڈ میڈل جیتا جب کہ تھائی لینڈ نے چاندی اور ہانگ کانگ نے کانسی کا تمغہ جیتا۔ اس چاندی کے تمغے کے ساتھ ہی ادیتی اشوک ایشیائی کھیلوں میں گولف کا تمغہ جیتنے والی پہلی ہندوستانی خاتون بن گئی ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔