ایشین گیمز کا رنگا رنگ آغاز، چین میں سجی کھلاڑیوں کی محفل

ہندوستانی دستہ کی قیادت ہرمن پریت سنگھ اور لولینا بورگوہین نے کی، اس مرتبہ ایشین گیمز میں ہندوستان کی طرف سے 655 کھلاڑی شرکت کر رہے ہیں جو 40 الگ الگ مقابلوں میں چیلنج پیش کریں گے۔

<div class="paragraphs"><p>ایشین گیمز 2023 کا افتتاح، تصویر سوشل میڈیا</p></div>

ایشین گیمز 2023 کا افتتاح، تصویر سوشل میڈیا

user

قومی آواز بیورو

چین کے شہر ہانگژوؤ میں آج ایشین گیمز کا باضابطہ آغاز ہو گیا۔ رنگارنگ اس تقریب میں ہندوستانی ہاکی ٹیم کے کپتان ہرمن پریت سنگھ اور باکسر لولینا بورگوہین نے ہندوستانی دستہ کی قیادت کی۔ اس دوران چینی صدر شی جنپنگ بھی موجود رہے۔

اس مرتبہ ایشین گیمز میں ہندوستان کی طرف سے 655 کھلاڑی شرکت کر رہے ہیں۔ ہندوستان کے یہ 655 کھلاڑی 40 الگ الگ مقابلوں میں چیلنج پیش کریں گے۔ گزشتہ سال ایشین گیمز جکارتہ میں ہوا تھا جہاں ہندوستان کے 572 کھلاڑیوں نے حصہ لیا تھا۔ چین میں ہو رہے ایشین گیمز کی بات کی جائے تو اس مرتبہ 45 ممالک کے 12 ہزار سے زیادہ کھلاڑی شرکت کر رہے ہیں۔ اس مرتبہ ایشین گیمز میں ہندوستانی کرکٹ ٹیم بھی مقابلہ کرتی ہوئی دکھائی دے گی۔ حالانکہ اس سے قبل ایشین گیمز 2010 اور 2014 میں بھی کرکٹ کو شامل کیا گیا تھا، لیکن بی سی سی آئی نے اپنی ٹیم نہیں بھیجی تھی۔ اس بار ہندوستان کی خاتون اور مرد دونوں ہی ٹیمیں طلائی تمغہ حاصل کرنے کی کوشش کریں گی۔


ایشین گیمز میں کرکٹ کی تاریخ پر نظر ڈالیں تو 2010 میں بنگلہ دیش کی مردوں کی کرکٹ ٹیم نے طلائی تمغہ حاصل کیا تھا اور خاتون کرکٹ میں طلائی تمغہ پاکستان نے اپنے نام کیا تھا۔ ایشین گیمز 2014 میں مردوں کے زمرے میں طلائی تمغہ سری لنکا نے جیتا تھا، جبکہ پاکستان نے ایک بار پھر خواتین کے زمرے میں طلائی تمغہ حاصل کیا تھا۔ اس مرتبہ دونوں ہی زمرے میں ہندوستان سے طلائی تمغے کی امید ہے۔ خواتین کرکٹ میں تو ہندوستانی ٹیم سیمی فائنل میں بھی پہنچ گئی ہے جہاں کل اس کا مقابلہ بنگلہ دیش کی خاتون ٹیم سے ہے۔ دوسرے سیمی فائنل میں پاکستان کا مقابلہ سری لنکا کی خاتون ٹیم سے ہے۔ اگر ہندوستان اور پاکستان کی ٹیمیں اپنے اپنے میچز جیت گئیں تو فائنل میں دونوں ٹیمیں مد مقابل ہوں گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔