کیا امریکہ سعودی عرب کے سویلین جوہری پروگرام میں مدد کرے گا؟

امریکی وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ امریکہ اسرائیل اور سعودیہ کے درمیان سفارتی تعلقات معمول پرلانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔ بلنکن نے تاہم ریاض کے جوہری عزائم کی حمایت پر کچھ بھی کہنے سے انکار کیا۔

کیا امریکہ سعودی عرب کے سویلین جوہری پروگرام میں مدد کرے گا؟
کیا امریکہ سعودی عرب کے سویلین جوہری پروگرام میں مدد کرے گا؟
user

Dw

سعودی عرب کے اپنے تین روزہ دورے کے اختتام پر انٹونی بلنکن نے سعودی ہم منصب شہزادہ فیصل بن فرحان کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔ سعودی وزیر خارجہ نے اس موقع پر امید ظاہر کی کہ جوہری توانائی حاصل کرنے کی ان کی ملک کی کوششوں میں امریکہ کے ساتھ معاہدہ ہوجائے گا۔

لیکن سعودی عرب اور امریکی دونوں ہی وزرائے خارجہ میں سے کسی نے بھی یہ نہیں کہا کہ آیا اسرائیل کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کے بدلے میں سعودی عرب کے جوہری پروگرام کی مدد کی جائے گی۔


سعودی سویلین جوہری پروگرام کوئی راز نہیں

سعود ی وزیر خارجہ نے مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ یہ کوئی سربستہ راز نہیں ہے کہ سعودی عرب سویلین جوہری پروگرام تیار کر رہا ہے۔ سعود ی میڈیا کے مطابق شہزادہ فیصل بن فرحان نے کہا کہ سعودی عرب اپنے سویلین جوہری پروگرام کو فروغ دے رہا ہے اور وہ اس پروگرام کے لیے امریکہ کو بولی لگانے والوں میں شامل کرنے کو ترجیح دیتا ہے۔

انہوں نے کہا، "کچھ اور ممالک بولی لگا رہے ہیں اور ظاہر ہے کہ ہم دنیا کی بہترین ٹیکنالوجی کے ساتھ اپنا پروگرام وضع کرنا چاہتے ہیں اور اس کے لیے ایک خاص معاہدے کی ضرورت ہے۔" سعودی عرب نے اپنے پاس موجود یورینیم کو افزودہ کرنے اور پھر ایندھن فروخت کرنے کے لیے امریکی ٹیکنالوجی کی درخواست کی ہے۔


جوہری تعاون کے بدلے اسرائیل سے تعلقات؟

امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن سعودی عرب کی جانب سے تیل کی پیداوار میں کمی کے سبب تیل کی قیمتوں میں اضافہ، انسانی حقوق اور ایران کے ساتھ سفارتی تعلقات بحال کرنے جیسے معاملات کے درمیان ریاض کے دورے پر آئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل اور اس کے پڑوسیوں کے ساتھ زیادہ مربوط رشتے استوار کرانا امریکہ کی ترجیح ہے۔

بلنکن نے کہا کہ "ہم نے اس موضوع پر بات چیت کی اور آئندہ بھی بات چیت کریں گے اور آنے والے دنوں، ہفتوں اور مہینوں میں اسے آگے بڑھائیں گے۔" خیال رہے کہ سعودی عرب کا دیرینہ موقف ہے کہ دو ریاستی حل کے بغیر اسرائیل اور فلسطین تنازعے کا حل ممکن نہیں ہے۔ سعودی عرب کے معاملات سے واقف ایک ذرائع نے روئٹر کو بتایا کہ ریاض اسرائیل کے ساتھ تعلقات کو معمول پر لانے کے عوض اپنے سویلین جوہری پروگرام میں امریکہ کا تعاون چاہتا ہے۔ وال اسٹریٹ جرنل نے بھی مارچ میں لکھا تھا کہ ریاض جوہری مدد کے علاوہ سکیورٹی کی ضمانت چاہتا ہے۔


سعودی وزیر خارجہ نے کہا، "امریکہ کے ساتھ بعض امور پر ہمارے اختلافات ہیں اس لیے ہم ایک ایسا طریق کار تلاش کرنے پر کام کر رہے ہیں جس کے ذریعے ہم سویلین جوہری ٹیکنالوجی پر مل کر کام کرسکیں۔ آپ جانتے ہیں کہ ہم اس پروگرام پر آگے بڑھنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔" بصورت دیگر سعودی حکام کا کہنا ہے کہ وہ مدد کے لیے چین، روس یا فرانس کی طرف دیکھ سکتے ہیں۔ سعودی وزیرخارجہ بھی ممکنہ طور پرانہیں ممالک کی جانب اشارہ تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔