کشمیر میں مسجد، مولوی، مدرسے اور میڈیا سب خاموش کیوں ہیں؟
کشمیر کی مرکزی جامع مسجد میں ایک مرتبہ پھر جمعتہ الوداع اور شب قدر کے موقعوں پر اجتماعات' نماز اور عبادت پر حکام نے پابندی عائد کردی، جس سے عقیدت مندوں کے جذبات کو شدید ٹھیس پہنچی ہے۔
کشمیر کی اہم سیاسی اور مذہبی جماعتوں اور عقیدت مندوں نے انتظامیہ کے اس اقدام کو ‘‘مذہبی معاملات میں مداخلت'' بتایا جبکہ خطے کی سب سے پرانی جماعت نیشنل کانفرنس نے بھارتی حکومت کے ‘نارملسی' کے دعوے پر کئی سوالات اٹھائے ہیں۔
دارالحکومت سری نگر میں قائم انجمن اوقاف جامع مسجد نے اپنے ایک تازہ بیان میں اس بات کی تصدیق کی کہ حکام نے مرکزی مسجد میں جمعتہ الوداع اور شب قدر کے اجتماعات کی اجازت نہیں دی ہے۔
انجمن اوقاف کے مطابق ‘‘سری نگر ضلع میجسٹریٹ کی سربراہی میں انتظامیہ اور پولیس کی ایک ٹیم نے ستائیس اپریل کو افطاری کے بعد جامعہ مسجد کا رخ کیا اور انجمن اوقاف کے ممبران پر یہ واضح کردیا کہ جامعہ مسجد کے اندر شب قدر اور رمضان کے آخری جمعہ کے اجتماعات اور نماز کی اجازت نہیں دی جائے گی۔''
گزشتہ تین برسوں سے کشمیر کی مساجد' مدارس' مولوی اور ممبر خاموش پڑے ہیں۔ کیا کشمیر کی مسجدوں' ممبروں' مدرسوں اور مولویوں کو حکومتی پالیسی کے تحت خاموش کر دیا گیا ہے؟ ڈوئچے ویلے نے اس سکوت کی وجوہات جاننے کے لئے مختلف طبقہء فکر سے تعلق رکھنے والے افراد سے رائے جاننے کی کوشش کی۔
سابق وزیر اعلیٰ فاروق عبداللہ اور ان کے فرزند عمر عبداللہ کی سربراہی والی جماعت جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس نے انتظامیہ کی جانب سے جامع مسجد میں نماز اور عبادت کی اجازت نہ دینے کی شدید الفاظ میں مزمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے انتظامیہ کے ‘نارملسی' دعوؤں پر ایک بڑا سوالیہ نشان لگ چکا ہے۔
جمعرات کو سری نگر میں واقع نیشنل کانفرنس کے صدر دفتر نوائے صبح میں پارٹی کے نائب صدر عمر عبداللہ نے یہ سوال پوچھا: ‘‘اگر کشمیر میں سب کچھ نارمل ہے تو پھر عقیدت مندوں کو جامع مسجد کے اندر داخل ہونے کی اجازت کیوں نہیں دی جاتی؟'' انہوں نے انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ مقدس ایام کے موقع پر عقیدت مندوں کے جذبات کی قدر کرے' جامعہ مسجد کے دروازے عقیدت مندوں کے لئے کھول دئے جائیں۔
حریت کانفرنس کے اعتدال پسند دھڑے کے مطابق میر واعظ کو تقریباً تین برسوں سے سری نگر کے نگین علاقے میں واقع ان کی رہائش گاہ پر ہی نظر بند رکھا گیا ہے۔ موجودہ میرواعظ سے قبل ان کے مرحوم والد میر واعظ مولوی فاروق اور ان کے قریبی رشتہ دار جیسے میرواعظ یوسف شاہ جامع مسجد میں جمعہ کا خطبہ دیا کرتے تھے۔
کشمیر کی سب سے بڑی مسجد اب لگ بھگ تین سال سے خاموش پڑی ہے۔ حالانکہ بیچ میں حکومت نے جمعہ کے بغیر چند اوقات میں یہاں نماز پڑھنے کی اجازت دی تھی تاہم پہلے اگست دو ہزار انیس کے لاک ڈاؤن' پھر کووڈ انیس وباء اور ‘لا اینڈ آرڈر' کے چلتے زیادہ تر اس مسجد کو بند ہی رکھا گیا۔
جامع مسجد کشمیر کے شہر خاص کے وسط میں نوہٹہ کے علاقے میں آج سے سات سو برس قبل تعمیر کی گئی۔ یہ مرکزی مسجد خطے کی تاریخ کی گواہ بن چکی ہے۔ تاریخ دان لکھتے ہیں کہ سلطان سکندر کے دور میں ہی اس مسجد کی بنیاد رکھی گئی تھی۔ ہر جمعہ کو یہاں رونق ہوا کرتی تھی۔ مرد اور خواتین یہاں میرواعظ کی زبانی جمعہ کا خطبہ سننے آتے تھے اور نماز کے بعد یہاں کے بازاروں میں شاپنگ بھی کیا کرتے تھے۔
سن چودہ سو میں سلطان سکندر کے دور میں تعمیر کی گئی سری نگرڈاؤن ٹاؤن کی جامعہ مسجد کشمیر کا اہم ثقافتی ورثہ ہونے کے ساتھ ساتھ مزاحمت کی بھی ایک علامت تصور کی جاتی ہے۔ اب یہاں کا ممبر خاموش پڑا ہے۔
جامعہ مسجد کے احاطے کے باہر ایک مارکیٹ بھی سجی ہے لیکن یہاں کے دکان دار پریشان حال ہیں۔ باسٹھ برس کے عبد الرحمٰن چار دہائیوں سے یہاں کی مارکیٹ میں تجارت کرتے چلے آئے ہیں۔ ان کے بقول اب جامع مسجد کا بازار پہلے جیسا نہیں رہا۔ ‘‘اب یہ بازار زیادہ تر ویران ہی پڑا ہوتا ہے۔''
جامعہ مارکیٹ کے دکان دار انتظامیہ سے مطالبہ کر رہے ہیں کہ مسجد میں جمعہ کی نماز کی اجازت دی جائے تاکہ اس بازار کے دکان داروں کے روزگار پر منفی اثرات مرتب نہ ہوں۔
گزشتہ تین برسوں سے مسلسل لاک ڈاؤنز کے باعث یہاں ہر بڑے اجتماعات پر اعلانیہ یا غیر اعلانیہ طور پر پابندی جاری رہی ہے جس کے خلاف عوام میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ ایک معمر خاتون نے ڈی ڈبلیو کو بتایا کہ جامعہ مسجد میں عبادت پر حکومتی پابندی سے ‘‘عقیدت مندوں کے جذبات کو شدید ٹھیس پہنچی ہے۔'' یہ خاتون جمعہ کی نماز جامع مسجد میں ہی ادا کیا کرتی تھیں۔
‘‘ہم یہاں پانچ وقت کی نماز ادا کیا کرتے تھے۔ یہاں ہمارے دین اور آخرت کی بات ہوتی تھی۔ اسی سے ہماری دنیا اور آخرت سنور جاتی تھی۔ جب سے مسجد بند پڑی ہے ہمارے عقیدے اور جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے۔ ہم روحانی طور بھی بیمار ہوگئے ہیں۔''
کشمیر کی بیشتر مساجد' خانقاہوں' زیارتوں اور مدارس میں پچھلے تین برسوں سے کشمیر مسئلے پر کوئی بات نہیں ہوئی ہے جبکہ بیشتر مساجد میں یہ پیغام آویزاں ہے: ‘‘مسجد کے اندر سیاسی گفتگو کرنا منع ہے۔''
بھارتی وزارت داخلہ نے پارلیمان ہند کو بتایا تھا کہ کشمیر میں دفعہ تین سو ستر ہٹانے سے قبل چھ ہزار سے زائد افراد کو احتیاطی حراست میں لینا پڑا تھا جن میں ریاست کے تین سابق وزراء اعلیٰ اور مختلف نظریات سے وابستہ اہم ترین سیاست دان' انسانی حقوق کے کارکن' سول سوسائیٹی ارکان' تاجر' صحافی اور عام لوگ شامل تھے۔
نئی دہلی سے شائع ہونے والے ڈیجیٹل پورٹل دی پرنٹ کی ایک تازہ رپورٹ کے مطابق کشمیر کے قید خانے کشمیری قیدیوں سے بھرے پڑے ہیں۔ اس رپورٹ نے سیکیورٹی حکام کا حوالہ دیتے ہوئے لکھا ہے کہ گزشتہ دو ماہ کے دوران گرفتاریوں کے چلتے مقامی جیل خانوں پر دباؤ پڑا ہے جس کے باعث متعدد وارنٹوں پر عمل در آمد نہیں ہو پا رہا ہے۔ اس سلسلے میں جموں و کشمیر پولیس نے بھارتی ریاستوں اتر پردیش اور مدھیہ پردیش کے جیل حکام سے رابطہ کیا ہے تاکہ کشمیری قیدیوں کو باہر کی جیلوں میں منتقل کیا جا سکے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔