یوکرینی جنگی سے متعلق منصوبے کی امریکی خفیہ دستاویزات لیک

ان خفیہ دستاویزات میں یوکرین کو روس کے خلاف جارحانہ مقابلہ کرنے کے لیے تیار کرنے سے متعلق امریکہ اور نیٹو کے منصوبوں کی تفصیلات درج ہیں۔ یہ خفیہ دستاویزات سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر شائع ہوگئی ہیں۔

یوکرینی جنگی سے متعلق منصوبے کی امریکی خفیہ دستاویزات لیک
یوکرینی جنگی سے متعلق منصوبے کی امریکی خفیہ دستاویزات لیک
user

Dw

امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے کہا ہے کہ وہ اس حوالے سے سکیورٹی معاملات میں مبینہ خامیوں کے تعین کے لیے تحقیقات کررہا ہے۔ ڈپٹی پریس سیکرٹری سابرینا سنگھ نے کہا، ''ہم سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر جاری کردہ ان رپورٹوں سے آگاہ ہیں اور محکمہ اس معاملے کا جائزہ لے رہا ہے۔‘‘

امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ یہ دستاویزات سماجی رابطوں کی ویب سائٹس ٹوئٹر اور ٹیلی گرام پر افشا کر دی گئی ہیں۔ ان میں مبینہ طورپر ایسے چارٹس اور تفصیلات شامل ہیں، جن میں ہتھیاروں کی ترسیل، بٹالینز کی تعداد اور دیگر حساس معلومات موجود ہیں۔


رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ تفصیلات موسم بہار کے دوران روسی فوج کے خلاف یوکرین کے عسکری حملوں سے متعلق ہیں۔ یہ دستاویزات تقریباً پانچ ہفتے پرانی ہیں اور ان میں سے تازہ ترین دستاویز میں یکم مارچ کا حوالہ موجود ہے۔

اخبار کے مطابق ایک دستاویز میں یوکرین کی 12 جنگی بریگیڈز کا تربیتی پروگرام تک موجود ہے اور اس میں کہا گیا ہے کہ ان میں سے نو کی تربیت امریکہ اور نیٹو کی فورسز نے کی۔ اسی دستاویز میں 250 ٹینکوں اور 350 سے زائد میکینائزڈ گاڑیوں کی ضرورت کا بھی ذکر کیا گیا ہے۔


’ٹاپ سیکرٹ دستاویز‘

یہ دستاویزات، جن میں سے کم از کم ایک پر 'ٹاپ سیکرٹ‘ کے الفاظ پڑھے جا سکتے ہیں، روس کے حامی سوشل میڈیا چینلوں پر جاری کی گئی ہیں۔

یہ بھی کہا گیا ہے کہ ان دستاویزات میں یوکرینی فوجی کنٹرول کے تحت گولہ بارود پر ہونے والے اخراجات کی تفصیلات بھی موجود ہیں۔ ان میں امریکی ساختہ آرٹلری راکٹ سسٹم یا ایچ آئی ایم اے آر ایس پر آنے والے اخراجات بھی شامل ہیں۔ یہ امریکی آرٹلری راکٹ سسٹم یوکرین میں روسی فوج کے خلاف انتہائی مؤثر ثابت ہوا ہے۔


رپورٹ میں ایسے فوجی تجزیہ کاروں کے تجزیے بھی شامل ہیں، جنہوں نے متنبہ کیا ہے کہ بعض دستاویزات کو روس گمراہ کن اطلاعات پھیلانے کی اپنی مہم میں استعمال کرنے کی خاطر ممکنہ طور پر تبدیل بھی کرسکتا ہے۔ ایک دستاویز میں تو یوکرینی فوج کو ہونے والے بہت زیادہ جانی نقصان اور میدان جنگ میں روس کو پہنچنے والے کم نقصانات کا بھی ذکر ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔