نامعلوم شخص نے دو کروڑ ڈالر میں وارین بفیٹ کے ساتھ لنچ کا موقع حاصل کرلیا

وارین بفیٹ کے ساتھ نیویارک میں پرائیوٹ لنچ کے لیے ایک نامعلوم شخص نے ایک کروڑ 90 لاکھ ڈالر کی بولی لگا کر نیلامی جیت لی۔ مشہور شخصیت کے ساتھ بیٹھ کر کھانا کھانے کے لیے یہ اب تک کی سب سے زیادہ رقم ہے۔

نامعلوم شخص نے دو کروڑ ڈالر میں وارین بفیٹ کے ساتھ لنچ کا موقع حاصل کرلیا
نامعلوم شخص نے دو کروڑ ڈالر میں وارین بفیٹ کے ساتھ لنچ کا موقع حاصل کرلیا
user

Dw

دنیا کی امیر ترین شخصیات میں سے ایک امریکہ کے برک شائر ہیتھ وے کے سی ای او وارین بفیٹ کے ساتھ نیویارک شہر کے ایک ہوٹل میں لنچ کرنے کا موقع، نیلامی کرنے والی ویب سائٹ 'ای بے'پر، ایک نامعلوم شخص نے ایک کروڑ 90 لاکھ ڈالر کی بولی لگا کر جیت لیا۔ اس سے حاصل ہونے والی رقم سان فرانسسکو کے ایک فلاحی ادارے گلائیڈ کو دی جائے گی جو بے گھر افراد اور غربت کا شکار لوگوں کی مدد کے لیے کام کرتا ہے۔ بولی جیتنے والا شخص وارین بفیٹ کے ساتھ لنچ میں اپنے ساتھ سات دیگر مہمانوں کو بھی لاسکتا ہے۔

سن 2000 میں نیلامی شروع ہونے کے بعد سے بفٹ نے گلائیڈ کے لیے اب تک 50 کروڑ 30 لاکھ ڈالر جمع کیے ہیں۔ اس فلاحی ادارے کو وارین بفیٹ کی حمایت کا سلسلہ اس وقت شروع ہوا جب ان کی پہلی بیوی سوزی نے اس کا تعارف ان سے کرایا تھا۔ وہ خود بھی اس کے لیے رضاکارکے طور پر کام کرتی تھیں۔ سوزی کی سن 2004 میں موت ہوگئی۔


ریکارڈ ادائیگی

اس سال گلائیڈ کے لیے چندہ جمع کرنے کی تقریب 91 سالہ ارب پتی کے ساتھ پہلا پرائیوٹ لنچ ہوگا۔ اس کے لیے ہونے والی نیلامی نے سابقہ ریکارڈ توڑ دیا جو کرپٹو کرنسی کے کاروباری جسٹن سن کے ساتھ لنچ کے لیے ادا کی گئی تھی۔ سن 2019 میں ایک شخص نے جسٹن سن کے ساتھ لنچ کے لیے 45 لاکھ ڈالر ادا کیے تھے۔

کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے پچھلے دو برسوں کے دوران لنچ کے لیے لگائی جانے والی بولی منسوخ کردی گئی تھی۔ بفیٹ نے ایک بیان میں کہا،"یہ بہت اچھی بات ہے، میں دنیا بھر میں بہت سے دلچسپ لوگوں سے مل چکا ہوں۔ ان سب میں ایک مشترک خوبی یہ ہے کہ وہ یہ محسوس کرتے ہیں کہ ان کا پیسہ انتہائی اچھے کاموں کے لیے استعمال ہورہا ہے۔"


اس برس کی طرح ہی ماضی میں بھی نیلامی جیتنے والے بہت سے افراد نے اپنا نام ظاہر کرنا پسند نہیں کیا۔ ایک سابق فاتح ٹیڈ ویسچلر کو بفیٹ کی کمپنی کی طرف سے ملازمت کی پیش کش کی گئی، جنہوں نے سن 2010 اور 2011 میں دو نیلامی کے دوران تقریباً 53لاکھ ڈالر خرچ کیے تھے۔ ویسچلران دنوں برکشائر میں اوماہا نامی کمپنی کے لیے انوسٹمنٹ مینیجر کے طورپر کام کرتے ہیں۔

دریں اثنا گلائیڈ کے صدر اور سی ای او کارین ہنارہان نے وارین بفیٹ کا ان کی "فراخ دلی، تعاون اور محبت" کے لیے شکریہ ادا کیا ہے۔ دوسری طرف ای بے کی سی ای او جیمی لینون نے کہا،"ہمیں وارین بفیٹ کے اس 'پاور لنچ' پر فخر ہے جس نے فنڈ جمع کرنے کے حوالے سے اب تک کے تمام ریکارڈ توڑ دیے۔ اس سے حاصل ہونے والی رقم سے بہت ساری زندگیوں میں تبدیلی لانے میں مدد ملے گی۔"

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔