سابق نازی فوجی کی 'نادانستہ' تعظیم کرنے پر جسٹن ٹروڈو کی معذرت

کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا کہ نازیوں کے شانہ بشانہ لڑنے والے دوسری عالمی جنگ کے یوکرینی فوجی کو پارلیمان میں مدعو کرنا، ایک 'شرمناک' غلطی تھی۔

سابق نازی فوجی کی 'نادانستہ' تعظیم کرنے پر جسٹن ٹروڈو کی معذرت
سابق نازی فوجی کی 'نادانستہ' تعظیم کرنے پر جسٹن ٹروڈو کی معذرت
user

Dw

گزشتہ ہفتے یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی نے جب کینیڈا کی پارلیمان سے خطاب کیا، تو اسی دوران قانون سازوں نے ان کے ساتھ کھڑے نازیوں کے ساتھ لڑنے والے ایک شخص کی بھی تعظیم و تکریم کی۔ کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے بدھ کے روز اس غلطی کے لیے معذرت طلب کی۔

واضح رہے کہ اس تقریب کے دوران دوسری عالمی جنگ کے ایک 98 سالہ یوکرینی فوجی یاروسلا ہنکا نے کھڑے ہو کر قانون سازوں کی سلامی قبول کی تھی۔ لیکن بعد میں یہ بات سامنے آئی کہ ہنکا نے وافین -ایس ایس گلیشیا ڈویژن میں کام کیا تھا۔ فرینڈز آف سائمن ویسینتھل سینٹر اس تنظیم کو ''ایک ایسی نازی فوجی یونٹ کے طور پر بیان کرتا ہے، جس کے ہولوکاسٹ کے دوران انسانیت کے خلاف جرائم کے دستاویزی ثبوت موجود ہیں۔''


ٹروڈو نے کہا، ''میں جمعے کو ہونے والے واقعے کے لیے اور صدر زیلنسکی اور یوکرین کے وفد کے سامنے اس پوزیشن کے لیے ان سب کے لیے غیر مشروط معافی طلب کرنا چاہوں گا، جو وہاں پر موجود تھے۔'' ان کا مزید کہنا تھا، ''نادانستہ طور پر اس فرد کو نہ پہچاننا ایک خوفناک غلطی تھی اور ان لوگوں کی یاد داشت کے عین برعکس، جنہوں نے نازی حکومت کے ہاتھوں شدید نقصان اٹھایا تھا۔''

کینیڈین رہنماؤں نے یہودی برادری سے بھی معافی مانگی

ٹروڈو نے کہا کہ دارالعوام کے اسپیکر، انتھونی روٹا، جنہوں نے منگل کے روز ہی استعفیٰ دیا تھا، انہیں دعوت دینے اور ان کی تکریم کرنے کے لیے ''مکمل طور پر ذمہ دار'' تھے۔ تاہم انہوں نے مزید کہا کہ یہ ایک ایسی غلطی تھی کہ جس کی وجہ سے پارلیمنٹ اور کینیڈا کو ''شدید شرمندگی'' کا سامنا کرنا پڑا۔


ٹروڈو نے کہا، ''ہم سب کو، جو بھی جمعے کے روز ایوان میں موجود تھے، کھڑے ہو کر تالیاں بجانے پر افسوس ہوا، حالانکہ ہم اس کے سیاق و سباق سے بے خبر تھے۔'' ان کا مزید کہنا تھا، ''یہ ہولوکاسٹ میں ہلاک ہونے والے لاکھوں لوگوں کی یاد کی ایک ہولناک خلاف ورزی تھی اور یہ یہودی لوگوں کے لیے بہت ہی زیادہ تکلیف دہ بات تھی۔''

واضح رہے کہ ایوان زیریں کے اسپیکر روٹا نے اجلاس کے دوران ہی عوامی طور پر ہنکا کی تعریف کی اور انہیں جنگی ہیرو قرار دیا تھا۔ رواں ہفتے کے اوائل میں ایک الگ معافی نامے میں روٹا نے کہا کہ عوامی سطح پر ہنکا کی تعریف کرنے سے، '' کینیڈا اور دنیا بھر میں یہودی کمیونٹی سمیت دیگر افراد اور کمیونٹیز کو تکلیف پہنچی ہے۔''


ٹروڈو نے روس کے ردعمل پر تنقید کی

ٹروڈو نے کہا کہ انہیں اس مصیبت پر بھی افسوس ہے کہ جس کی وجہ سے زیلنسکی بھی اس میں مبتلا ہو گئے۔ روس یوکرین پر اپنے حملے کا جواز پیش کرنے کی کوشش میں اکثر یہ کہتا ہے کہ وہ یوکرین کے نازیوں سے چھٹکارا پانے کے لیے ایسا کر رہا ہے اور اس نے بھی اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے کینیڈا کی مذمت اور نازی حکومت کو یاد کرنے سے متعلق اس کے ''غیر مناسب رویہ'' کا فائدہ اٹھایا۔

تاہم ٹروڈو نے کہا، ''یہ سوچنا انتہائی پریشان کن ہے کہ روس اور اس کے حامیوں کی جانب سے اس سنگین غلطی پر سیاست کی جا رہی ہے، تاکہ یوکرین جس کے لیے لڑ رہا ہے اس کے بارے میں غلط پروپیگنڈہ فراہم کیا جا سکے۔''

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔