سانپ کی ایک نئی نسل کا نام ہالی وڈ کے اداکار کے نام پر

ہیریسن فورڈ کے افسانوی کردار انڈیانا جونز کو گوکہ سانپوں سے نفرت ہو سکتی ہے لیکن ہالی وڈ کے اس اداکار کا نام ایک سانپ سے وابستہ ہو گیا ہے۔ پیرو میں سانپ کی ایک نئی نسل کا نام فورڈ کے نام پر رکھا گیا۔

سانپ کی ایک نئی نسل کا نام ہالی وڈ کے اداکار کے نام پر
سانپ کی ایک نئی نسل کا نام ہالی وڈ کے اداکار کے نام پر
user

Dw

جرمنی، امریکہ اور پیرو کے محققین نے حال ہی میں دریافت ہونے والی سانپ کی ایک نئی نسل کا نام ہالی وڈ کے معروف اداکار ہیریسن فورڈ کے نام پر رکھا ہے۔ ہیریسن فورڈ نے انڈیانا جونز کا کردار ادا کیا تھا، جس کا فلموں میں سانپوں سے کچھ خطرناک قسم کا مقابلہ ہوتا ہے۔

منگل کے روز جرمن سوسائٹی فار ہرپیٹولوجی اینڈ ہرپیٹو کلچر(ڈی جی ایچ ٹی) نے ماحولیات کے تحفظ کے لیے ہالی وڈ کے اس اداکار کی خدمات کے اعتراف میں سانپوں کی ایک نئی نسل Tachymenoides harrisonfordi کا نام ہیریسن فورڈ کے نام پر رکھنے کا اعلان کیا۔


فورڈ کے نام پر جس سانپ کا نام رکھا گیا ہے اس کی لمبائی 16 انچ ہے اور اس کی پشت پر زرد بھورے رنگ کے نشانات ہیں، اس کا پیٹ سیاہ رنگ کا ہے جس پر ایک عمودی لکیر پڑی ہوئی ہے اور اس کی آنکھوں کا رنگ تانبے کی رنگ سے مشابہ ہے۔

فورڈ کا اظہار ممنونیت

ہیریسن فورڈ نے ایک بیان میں مزاحیہ طور پرکہا، "یہ سائنس داں ہمیشہ جانوروں کے نام میرے نام پر رکھتے ہیں، اور یہ لوگ ہمیشہ بچوں کو خوف زدہ کرتے رہتے ہیں۔" انہوں نے مزید کہا، "یہ بات میری سمجھ سے بالا تر ہے، میں تو اپنا فارغ وقت کشیدہ کاری میں گزارتا ہوں۔ میں اپنے تلسی کے پودوں کو لوری سناتا ہوں تاکہ وہ رات کو خوف زدہ نہ ہوں۔"


اکیاسی سالہ اداکار نے اس اعزاز کے لیے محققین کا شکریہ ادا کیا اور اس نئی دریافت کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا، "بہر حال تمام تر سنجیدگی سے کہہ سکتا ہوں کہ یہ دریافت قابل قدر ہے۔ یہ اس بات کی یاد دہانی ہے کہ ہمیں اپنے جنگلاتی دنیا کے بارے میں ابھی بہت کچھ سیکھنا باقی ہے اور یہ کہ انسان لامحدود کرہ ارض کا صرف ایک چھوٹا سا حصہ ہے۔"

فورڈ نے مزید کہا، "اس سیارے پر تمام جانداروں کی قسمتیں ایک دوسرے سے مربوط ہیں۔ اس وقت دس لاکھ جاندار ختم ہونے کی دہلیز پر ہیں۔ ہمیں فطرت کے ساتھ اپنے ٹوٹے ہوئے رشتے کو درست کرنے اور زندگی کو برقرار رکھنے والی جگہوں کی حفاظت کے لیے اقدامات کرنے ہوں گے۔"


جس سانپ کا نام ہیریسن فورڈ کے نام پر رکھا گیا ہے اس کی دریافت امریکہ، جرمنی او ر پیرو سے تعلق رکھنے والے محققین کی ایک ٹیم نے مئی 2022 میں کیا تھا۔ اپنی نوعیت کا یہ واحد نمونہ، جو کہ ایک نرسانپ ہے، پیرو کے اینڈیز میں سطح سمندر سے تقریباً 3248 میٹر کی بلندی پر واقع ایک دلدل میں دھوپ سینکتے ہوئے ملا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔